PIB Backgrounder
پوشن ٹریکر
غذائیت کی حقیقی وقت میں نگرانی کرنے والا ہندوستان کا قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم
प्रविष्टि तिथि:
08 JUL 2026 3:18PM by PIB Delhi
پوشن ٹریکر: ٹیکنالوجی پر مبنی غذائیت کے مؤثر نظم و نسق کی جانب ایک اہم قدم
پوشن ابھیان (وزیراعظم کی جامع غذائیت کے لئے ہمہ گیر اسکیم) باہمی اشتراک، جدید ٹیکنالوجی اور عوامی شمولیت کے ذریعے غذائیت سے متعلق نتائج میں بہتری لانے پر مرکوز ہندوستان کا ایک اہم قومی غذائی مشن ہے۔8 مارچ 2018 کو شروع کیا گیا یہ مشن حکومت ہند کی ایک اہم بین وزارتی مہم کی حیثیت رکھتا ہے، جو ایک مربوط فریم ورک کے تحت مقررہ مدت کے اہداف، ڈیجیٹل نگرانی اور جن آندولن (عوامی تحریک) کے تصور کے ساتھ کام کرتا ہے۔خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت (ایم او ڈبلیو سی ڈی) کی قیادت میں چلنے والے اس مشن نے غذائیت کو محض ایک فلاحی مسئلے کے بجائے قومی ترقی کی ترجیحات میں شامل کر دیا ہے۔
بعد ازاں، بجٹ 22-2021 کے تحت غذائیت سے متعلق تین اہم اسکیموں-پوشن ابھیان، آنگن واڑی خدمات اور نوعمر لڑکیوں کے لئے اسکیم-کو یکجا کرکے مشن پوشن 2.0 (مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0) کے تحت شامل کر دیا گیا۔
پوشن ٹریکر ایک موبائل پر مبنی انتظامی ایپلی کیشن ہے، جو پوشن ابھیان کے ڈیجیٹل نظام کی بنیادی کڑی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ابھیان کے تحت اسے ڈیجیٹل نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے بنیادی انتظامی آلے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا آغاز مارچ 2021 میں خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت ( ایم او ڈبلیو سی ڈی) اور نیشنل ای-گورننس ڈویژن ( این ای جی ڈی) نے مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے تحت کیا تھا۔ یہ متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے آنگن واڑی خدمات کے تحت غذائیت اور خدمات کی فراہمی کی تقریباً حقیقی وقت میں نگرانی کو ممکن بناتا ہے۔
پوشن ٹریکر میں آنگن واڑی مراکز کے بنیادی ڈھانچے، خدمات کی فراہمی، مستفیدین کی تعداد اور بچوں کی نشوونما کی نگرانی سے متعلق معلومات درج کی جاتی ہیں۔ اسمارٹ فونز اور انٹرنیٹ کی سہولت کی بدولت آنگن واڑی کارکنان آسانی سے معلومات درج کر سکتے ہیں۔ ریئل ڈائم ڈیش بورڈز ضلع، ریاست اور قومی سطح پر شفاف، حقائق پر مبنی اور مؤثر فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرتے ہیں۔پوشن ٹریکر آنگن واڑی کارکنان کے لیے ایک مؤثر معاون نظام کے طور پر کام کر رہا ہے اور بچوں میں قد کے لحاظ سے نشوونما میں رکاوٹ، قد کے مقابلے میں کم وزن ہونے اور کم وزنی کی بروقت اور متحرک نشاندہی کے ساتھ ساتھ غذائی خدمات کی آخری فرد تک مؤثر رسائی اور نگرانی میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
|
کیا آپ جانتے ہیں؟
حکومت ہند کا مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 ایک جامع پروگرام ہے، جو نقص تغذیہ کے مسئلے کو حل کرتا ہے اور بہتر صحت، تندرستی اور قوت مدافعت کو فروغ دیتا ہے۔ ازسر نو تشکیل دیے گئے اس مشن کے تحت بچوں، حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور نوعمر لڑکیوں کے لیے غذائی معاونت؛3 سے 6 سال کے بچوں کے لیے بچپن کی ابتدائی نگہداشت اور تعلیم، نوزائیدہ سے لے کر3 سال کے بچوں کی ابتدائی ذہنی و جسمانی نشوونما، نیز آنگن واڑی مراکز کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور انہیں سکشم آنگن واڑی مراکز میں تبدیل کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔سکشم آنگن واڑی پہل کا مقصد موجودہ آنگن واڑی مراکز کو ایل ای ڈی اسکرین، واٹر پیوریفائر، اسمارٹ تدریسی و تعلیمی آلات اور پوشن واٹیکا (غذائیت سے متعلق باغیچے) جیسی جدید سہولیات سے آراستہ کرکے خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
|
Advanced Features of Poshan Tracker
پوشن ٹریکر کی جدید اور مؤثر خصوصیات
پوشن ٹریکر کے نفاذ سے قبل آنگن واڑی کارکنان کو 11 رجسٹر دستی طور پر برقرار رکھنے پڑتے تھے، جس کے باعث معلومات کے اندراج، نگرانی اور فیصلہ سازی میں تاخیر ہوتی تھی اور خدمات کی فراہمی میں خلا پیدا ہوتا تھا۔گھروں کے دورے زیادہ تر کارکنان کی ذاتی معلومات، تجربے اور اندازے پر منحصر ہوتے تھے، جس کے نتیجے میں درست اوربہتر جائزہ لینا ممکن نہیں ہو پاتا تھا۔ اس کے علاوہ مستفیدین کی شناخت اور تصدیق کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا، نہ ہی ریاستی اور مرکزی سرکاری اسکیموں کے ساتھ ڈیجیٹل انضمام کی سہولت دستیاب تھی، جس کی وجہ سے غذائی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کی کوششوں کی کارکردگی محدود رہتی تھی۔
پوشن ٹریکر نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی متعدد سہولیات کے ذریعے ان تمام خلاء کومؤثر طریقے سے پر کیا:
- آدھار پر مبنی تصدیقی نظام: اس کے ذریعے فرضی اندراجات اور فوائد کے ضیاع کی روک تھام ممکن ہوئی، جبکہ یہ بھی یقینی بنایا گیا کہ سرکاری فوائد صرف رجسٹرڈ مستفیدین تک ہی پہنچیں۔
- چہرے کی شناخت کا نظام (ایف آر ایس): غذائی خدمات کی آخری فرد تک مؤثر رسائی اور خدمات کی فراہمی کی مستند تصدیق کو یقینی بنانے کے لیے اس نظام کو مربوط کیا گیا ہے۔
- آئی ٹی سےآراستہ گھریلو دوروں کا نظام الاوقات: یہ نظام خودکار شیڈولنگ اور عمر کے مطابق مشاورتی رہنمائی کے ساتھ مجموعی طور پر 23 منظم گھریلو دوروں کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ان میں حمل کے دوران 4 دورے، زچگی کے بعد پہلے مہینے میں 4 دورے، 2 ماہ سے ایک سال کی عمر تک 7 دورے، ایک سے دو سال کے دوران 5 دورے اور دو سے تین سال کی عمر کے درمیان 3 دورے شامل ہیں۔
- ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم (ای سی سی ای) مواد کی فراہمی: 3 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کے لیے آدھارشیلا فریم ورک کی بنیاد پر 249 تعلیمی ویڈیو، 190 آڈیوپیغامات اور 159 تعلیمی سرگرمیوں پر مشتمل پی ڈی ایف مواد(ای سی سیای) فراہم کیا جاتا ہے۔
|
کیا آپ جانتے ہیں؟
مارچ 2024 میں شروع کیا گیا آدھارشیلا 3 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم (ای سی سی ای) کا قومی نصاب ہے۔ آنگن واڑی مراکز کے ذریعےنافذ کردہ یہ نصاب کھلونوں، فن، موسیقی اور کہانیوں کی مدد سے کھیل پر مبنی تدریسی طریقۂ کار کو فروغ دیتا ہے۔"آدھارشیلا"، جس کے معنی ’’سنگ بنیاد‘‘ ہیں، بچوں کی ذہنی، سماجی، جذباتی اور جسمانی نشوونما میں معاون ثابت ہوتا ہے اور انہیں پہلی جماعت میں داخلے اور باقاعدہ تعلیم کے لیے مؤثر طور پر تیار کرتا ہے۔
|
- پوشن کیلکولیٹر: یہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے بچوں کی نشوونما کے معیارات کی بنیاد پر قد، وزن، عمر اور جنس کا تجزیہ کرتا ہے اور بچوں کو قد کے لحاظ سے نشوونما میں رکاوٹ ، کم وزنی ، قد کے مقابلے میں کم وزن ، شدید و معتدل شدید غذائی قلت (ایس اے ایم/ایم اے ایم) اور زیادہ وزن یا موٹاپاجیسے زمروں میں درجہ بند کرتا ہے، تاکہ بچوں کی نشوونما کی معیاری اور درست نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
- پوشن ہیلپ لائن: نومبر 2025 سے شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے لیے 1515 پر ٹول فری ہیلپ لائن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
- اسمارٹ فون اور کنیکٹویٹی: تمام آنگن واڑی کارکنان کو اسمارٹ فون فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ ہر آنگن واڑی کارکن کے لیے سالانہ 2,000 روپے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی مد میں مختص کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر آنگن واڑی مرکز میں نشوونما کی پیمائش کے(جی ایم ڈی) بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
ان جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصیات نے زمینی سطح پر غذائی اقدامات کی کارکردگی، یکسانیت، شفافیت اور بروقت عمل درآمد کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے، جس کے نتیجے میں مستحقین تک خدمات کی فراہمی زیادہ مؤثر، منظم اور جوابدہ انداز میں ممکن ہو سکی ہے۔
غذائیت سے بھرپور اور صحت مند بھارت کے ہدف کی جانب پیش رفت کی مؤثر نگرانی

پوشن ٹریکر کو مرحلہ وار نافذ کیا گیا۔ ابتدا میں اسے آزمائشی منصوبوں (پائلٹ پروجیکٹس) کی صورت میں متعارف کرایا گیا، جس کے بعد اس کا دائرۂ کار پورے ملک تک توسیع دے دیا گیا۔کلاؤڈ پر مبنی بنیادی ڈھانچے کا استعمال کرتےہوئےیہ پلیٹ فارم بڑے پیمانے پر ڈیٹا اور بیک وقت بڑی تعداد میں صارفین کے استعمال کو مؤثر انداز میں سنبھالتا ہے، جس سے اس کی بڑے پیمانے پر مؤثریت اور بہتر کارکردگی یقینی بنتی ہے۔جدید ڈیش بورڈز حقیقی وقت میں بصری معلومات فراہم کرتے ہیں، جس کی بدولت متعلقہ حکام غذائیت سے متعلق خامیوں اور چیلنجوں کی بروقت نشاندہی کرکے فوری اقدامات کر سکتے ہیں۔صلاحیت سازی کے لیے ’ٹرین دی ٹرینر‘(تربیت دہندوں کو تربیت فراہم کرنا)ماڈل اختیار کیا گیا ہے، جسے ریاستی سطح کے رابطہ کاروں اور باقاعدہ ورچوئل نشستوں کی معاونت حاصل ہے، تاکہ مسلسل تربیت کا عمل جاری رہے۔ اس کے علاوہ، مستقل نگرانی اور مقررہ مدت پر مبنی ہدایات کے ذریعے نظام پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
- مئی 2026 تک حکومتِ ہند نے پوشن ٹریکر کو ملک گیر سطح پر نافذ کرتے ہوئے اسے تمام 28 ریاستوں اور 8 مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں تک کامیابی کے ساتھ توسیع دے دی ہے۔
- مئی 2026 تک پوشن ٹریکر پر 8.93 کروڑ سے زائد مستفیدین کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ یہ پلیٹ فارم زندگی کے مختلف مراحل پر مشتمل چھ زمروں کے مستفیدین کا احاطہ کرتا ہے، جن میں ابتدائی بچپن، نوعمری، حمل اور زچگی کا دور شامل ہے۔ اس طرح یہ پوشن ابھیان کے جامع اور شمولیتی نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔

- پوشن ٹریکر آنگن واڑی خدمات کے تحت چلائے جانے والے تکمیلی غذائیت پروگرام(این این پی) کی متحرک اور مؤثر نگرانی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔مئی 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق، 5.5 کروڑ سے زائد مستفیدین نے کم از کم 15 دن تک تکمیلی غذائیت پروگرام سے فائدہ اٹھایا، جبکہ 5.17 کروڑ مستفیدین کو کم از کم 21 دن تک اس پروگرام کے تحت غذائی معاونت فراہم کی گئی۔
|
کیا آپ جانتے ہیں؟
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت بچوں کی ترقتی کی مربوط خدمات (آئی سی ڈی ایس)اسکیم کے تحت تکمیلی غذائیت پروگرام (ایس این پی)نافذ کرتی ہے، جس کا مقصد خواتین اور بچوں کی غذائی حالت کو بہتر بنانا ہے۔اس پروگرام سے6 ماہ سے 6 سال تک کے بچے، حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور11 سے 14 سال کی عمر کی وہ نوعمر لڑکیاں مستفید ہوتی ہیں جو اسکول نہیں جاتیں۔
|
- جولائی 2026 تک پوشن ٹریکر پر آدھار سے تصدیق شدہ معلومات کی بنیاد پر 7.7 کروڑ سے زائد بچوں کے غذائی اشاریوں کا ماہانہ اور حقیقی وقت میں ریکارڈ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ریئل ٹائم ڈیش بورڈز، ہیٹ میپس اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے لیے مؤثر معلومات فراہم کرتا ہے۔
- مئی 2026 تک اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوزائیدہ سے لے کر 5 سال کی عمر تک کے 6.3 کروڑ سے زائد بچوں کی نشوونما کی نگرانی بھی کی جا رہی تھی، جو رجسٹرڈ مستفیدین کے تقریباً 94 فیصد کا احاطہ کرتی ہے۔یہ ایپلی کیشن بچوں میں قد کے لحاظ سے نشوونما میں رکاوٹ ، کم وزن، قد کے مقابلے میں وزن کی شدید یا معتدل کمی (ایس اے ایم/ایم اے ایم) اور زیادہ وزن یا موٹاپے جیسے غذائی اشاریوں کی مسلسل نگرانی اور تجزیہ کرتی ہے۔

پوشن ٹریکر: ڈیجیٹل انڈیا کی ایک کامیاب داستان
پوشن ٹریکر بڑے پیمانے پر عوامی خدمات کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی حکومتِ ہند کی ایک نمایاں کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔ اس نے کاغذ پر مبنی رپورٹنگ کے روایتی نظام کو حقیقی وقت پر مبنی، شواہد سے تقویت یافتہ غذائی نظم و نسق میں تبدیل کر دیا ہے۔یہ پلیٹ فارم زمینی سطح سے بروقت حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر شفاف، جوابدہ اور مؤثر فیصلہ سازی کو مضبوط بناتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے اسے غذائیت سے متعلق معلومات کے ایک مثالی ڈیجیٹل نظام قرار دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق فنڈ ( یونیسیف) نے آنگن واڑی کارکنان کے لیے اس کی آسان ساخت اور مستفیدین کی مؤثر نگرانی کی صلاحیت کو سراہا ہے۔سال 2023 میں پوشن ٹریکرکو خواتین کو بااختیار بنانے کی جی-20 وزارتی کانفرنس کے دوران پیش کیا گیا، جہاں کانفرنس کےصدارتی اعلامیے میں غذائیت کی نگرانی اور ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم ( ای سی سی ای) کی خدمات کی فراہمی میں اس کے اہم کردار کا اعتراف کیا گیا۔سال 2024 میں خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت کوعوامی انتظامیہ میں بہترین کارکردگی کے لیے وزیراعظم کا ایوارڈ بھی عطا کیا گیا۔پوشن ٹریکر، ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کے تحت ہندوستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل صلاحیتوں کاعکاس ہے اور غذائی لحاظ سے ایک صحت مندوکست بھارتکی تعمیر میں آئندہ بھی کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔
حوالہ جات:
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت
پوشن ٹریکر
ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن
ڈی ڈی نیوز
پی ڈی ایف دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
*****
ش ح۔ م ش ۔ ص ج
U. No-9706
(रिलीज़ आईडी: 2282486)
आगंतुक पटल : 15