وزارتِ تعلیم
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اعلان کیا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو انڈونیشیا میں اپنا کیمپس قائم کرے گا؛ یہ کیمپس آسیان خطے کے نوجوانوں کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگا
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورومجوزہ کیمپس کے ذریعے اپنے عالمی دائرۂ کار کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے؛ نصاب میں پانچ اہم شعبے شامل ہوں گے، جبکہ تعلیمی پروگرام دو مراحل میں نافذ کیے جائیں گے
प्रविष्टि तिथि:
07 JUL 2026 1:30PM by PIB Delhi
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو (آئی آئی ایم بی) انڈونیشیا میں اپنا کیمپس قائم کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کیمپس پورے آسیان(ے ایس ای اے این) خطے کے نوجوانوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگا۔یہ اعلان وزیر اعظم کے انڈونیشیا کے دورے کے دوران اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ مشترکہ پریس بیان کے موقع پر کیا گیا۔ مجوزہ کیمپس انڈونیشیا کے مالانگ میں واقع سنگھاساری خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) میں قائم کیا جائے گا، جو ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کو بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کی سمت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

یہ اعلان ہندوستان کے ممتاز تعلیمی اداروں کی عالمی توسیع میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ دوبئی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، احمد آباد(آئی آئی ایم احمد آباد) ، ابوظہبی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، دہلی(آئی آئی ٹی دہلی) اور زنجبار میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، مدراس (آئی آئی ٹی مدراس) کے بیرون ملک کیمپس کے کامیاب قیام کے بعد یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستان تعلیم، تحقیق اور اختراع میں عالمی معیار کو فروغ دینے کے لیے ایک قابل اعتماد عالمی علمی شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انڈونیشیا میں مجوزہ کیمپس انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو(آئی آئی ایم بی) کا پہلا بین الاقوامی کیمپس ہوگا۔ یہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے اسٹریٹجک اشتراک کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کا بھی مظہر ہے کہ ہندوستان اعلیٰ معیار کی اور کم لاگت والی تعلیم فراہم کرنے والے ایک عالمی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ یہ اقدام ہندوستان اور انڈونیشیا کے اس مشترکہ عزم کی بھی ترجمانی کرتا ہے کہ وہ ہند-بحرالکاہل خطے میں تعلیمی تعاون، انسانی وسائل کی ترقی اور علمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس کیمپس کا قیام قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی سمت بھی ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ہندوستان کے ممتاز تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی قائم کرنے اور عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

اس کیمپس کے لیے تیار کیا گیا نصاب مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قائدین کی تیاری کے مقصد سے مرتب کیا گیا ہے، جس میں ابھرتے ہوئے کاروباری منظرنامے کے پانچ اہم شعبوں کو شامل کیا جائے گا، یعنی: عالمی سپلائی چینز، ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی اور پائیداری اور صحت کی نگہداشت کا انتظام۔ ہر پروگرام کو صنعت کے ممتاز رہنماؤں، نمایاں ماہرین تعلیم، عالمی شہرت یافتہ شخصیات اور دیگر ممتاز افراد کے ساتھ تبادلۂ خیال کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو(آئی آئی ایم بنگلورو) کے مجوزہ پروگرام دو مراحل میں نافذ کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام شروع کیے جائیں گے، جو سینئر ایگزیکٹوز، کاروباری رہنماؤں اور سرکاری شعبے کے پیشہ ور افراد کے لیے مخصوص ہوں گے۔ ابتدائی دو برسوں کے دوران پہلے مرحلے کے کامیاب نفاذ سے مشروط، دوسرے مرحلے میں ڈگری فراہم کرنے والے مینجمنٹ پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، بنگلورو(آئی آئی ایم بنگلورو) اور پی ٹی انٹیلیجنسیا گراہاتاما (پی ٹی آئی جی ٹی) درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے کیا جائے گا، جو سنگھاساری خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کی انتظامی و ترقیاتی ادارہ ہے۔
یہ کیمپس بنیادی طور پر انڈونیشیا کے شہریوں کی خدمات کے لیے قائم کیا جا رہا ہے، تاہم اس میں جنوب مشرقی ایشیا کے پڑوسی ممالک کے شرکاء کو بھی راغب کیا جائے گا۔ انڈونیشیا میں زیر تعلیم شرکاء کو بنگلورو کیمپس کے مختصر تعلیمی مطالعاتی دوروں کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا، تاکہ وہ ہندوستان کے اختراعی نظام، صنعتی شعبے اور کاروباری ماحول سے براہِ راست واقفیت حاصل کر سکیں۔
توقع ہے کہ یہ اقدام ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور انڈونیشیا کو معیاری مینجمنٹ تعلیم کے ایک اہم علاقائی مرکز کے طور پر مستحکم کرے گا۔ یہ اقدام عالمی جنوب(گلوبل ساؤتھ)کو عالمی معیار کی تعلیم، قیادت کی تربیت اور اختراع کے لیے ایک ترجیحی منزل بنانے کےہندوستانی عزم کو بھی مزید تقویت بخشتا ہے۔
***
ش ح۔م ع ن-م ش
U-9644
(रिलीज़ आईडी: 2281953)
आगंतुक पटल : 20