امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صارفین کے تحفظ سے متعلق بین حکومتی ماہرین کے گروپ کے نویں اجلاس کی صدارت بھارت کرے گا


بھارت صارفین کے تحفظ سے متعلق عالمی سطح کی مشاورت کی قیادت کرے گا اور اقوامِ متحدہ کے ’’صارفین کی مصنوعات کے تحفظ کے اصول‘‘ کے اجرا میں بھی شرکت کرے گا

प्रविष्टि तिथि: 05 JUL 2026 1:30PM by PIB Delhi

بھارت 6 سے 8 جولائی 2026 تک سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں واقع پیلاس دیز نیشنز میں اقوامِ متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس (یو این سی ٹی اے ڈی) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے صارفین کے تحفظ سے متعلق بین الحکومتی ماہرین کے گروپ (آئی جی ای) کے نویں اجلاس کی صدارت کرے گا۔ اس اجلاس میں رکن ممالک، بین الاقوامی تنظیمیں، صارفین کے تحفظ کے ادارے، ماہرینِ تعلیم اور دیگر متعلقہ فریق شریک ہوں گے، جہاں صارفین کے تحفظ کے قانون اور پالیسی سے متعلق ابھرتے ہوئے امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔

صارفین کے تحفظ سے متعلق بین الحکومتی ماہرین کا گروپ (آئی جی ای)، جو صارفین کے تحفظ سے متعلق اقوامِ متحدہ کے رہنما اصولوں کے تحت قائم کیا گیا ہے، صارفین کے تحفظ کے قانون اور پالیسی کے حوالے سے بین الحکومتی تعاون اور مکالمے کا سب سے اہم عالمی پلیٹ فارم ہے۔

بھارت صارفین کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی مباحث میں سرگرم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ جولائی 2025 میں جنیوا میں منعقد ہونے والی مسابقت اور صارفین کے تحفظ سے متعلق اقوامِ متحدہ کی نویں کانفرنس کے دوران محکمۂ صارفین امور نے سرحد پار صارفین کے تنازعات کے تصفیے کے سلسلے میں بھارت کے تجربات پیش کیے۔ اس موقع پر قومی صارف ہیلپ لائن (این سی ایچ) اور مقدمہ دائر کیے جانے سے قبل مصالحت و ہم آہنگی پر مبنی اس کے مؤثر نظام کو نمایاں کیا گیا۔

اس اجلاس میں حکومتِ ہند کی نمائندگی محکمۂ صارفین امور کی سیکریٹری، محترمہ ندھی کھرے کریں گی، جنہیں یو این سی ٹی اے ڈی نے نویں اجلاس کی صدارت کے لیے مدعو کیا ہے۔ بطور صدرِ اجلاس وہ سہ روزہ کارروائی کی صدارت کریں گی اور صارفین کے تحفظ سے متعلق عالمی ترجیحات پر رکن ممالک کے درمیان ہونے والے مباحث کی رہنمائی کریں گی۔

اجلاس کی اہم جھلکیاں درج ذیل ہیں:

  • دسمبر 2025 میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کیے گئے اقوامِ متحدہ کے صارفین کی مصنوعات کے تحفظ کے اصول کا اجرا۔
  • ’’یہ اصول کیوں اہم ہیں‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی خصوصی مکالمہ، جس میں بھارت شرکت کرے گا۔
  • رکن ممالک کی جانب سے صارفین کے تحفظ سے متعلق اقوامِ متحدہ کے رہنما اصول (یو این جی سی پی) پر عمل درآمد کا جائزہ۔
  • صارفین کی معلومات اور آگاہی، صارفین کی تعلیم، پائیدار طرزِ صارف، عالمی منڈیوں میں صارفین کے تحفظ کے قوانین کے مؤثر نفاذ اور سرحد پار صارفین کے تحفظ سے متعلق امور پر غور و خوض۔
  • ارجنٹینا کے صارفین کے تحفظ کے قانون اور پالیسی کا رضاکارانہ ہم منصب جائزہ (پیئر ریویو)۔
  • حالیہ قانونی اور ادارہ جاتی پیش رفت، استعداد سازی کے اقدامات کا جائزہ، نیز اگلے اجلاس کی رپورٹ اور عبوری ایجنڈے کی منظوری۔

گزشتہ 14 ماہ کے دوران قومی صارف ہیلپ لائن نے مقدمات عدالتوں تک پہنچنے سے پہلے ہی رقم کی واپسی سے متعلق ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے 36 شعبوں میں صارفین کو 91.77 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم واپس دلانے میں سہولت فراہم کی ہے۔

محکمہ نے ای۔جاگرتی کے ذریعے بھی صارفین کے تنازعات کے تصفیے کے نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تقویت یافتہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم شکایات کے آن لائن اندراج، ورچوئل سماعت، مقدمات کے الیکٹرانک انتظام اور عدالتی کارروائی تک ڈیجیٹل رسائی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم غیر مقیم بھارتیوں (این آر آئیز) اور بیرونِ ملک مقیم صارفین کو بھی اپنی شکایات ڈیجیٹل طریقے سے درج کرانے اور ان کی پیروی کرنے کی سہولت دیتا ہے، جس سے سرحد پار صارفین کے تنازعات کے مؤثر تصفیے کو فروغ ملتا ہے۔

نویں اجلاس کی بھارت کی صدارت اس بات کی عکاس ہے کہ ملک بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور صارفین کے تحفظ کے مؤثر عالمی نظام کو فروغ دینے کے لیے اپنی فعال وابستگی کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-9575­


(रिलीज़ आईडी: 2281305) आगंतुक पटल : 18
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil , Kannada , Malayalam