نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کے 78ویں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ڈے کی تقریبات سے خطاب کیا
نائب صدر نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو ’’اعتماد کے سفیر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت (وکست بھارت) کے ہدف کی جانب بڑھتے ہوئے اس پیشے کو اعلیٰ اخلاقی اقدار اور پیشہ ورانہ دیانت داری کو ہر حال میں برقرار رکھنا چاہیے
اخلاقی اقدار کے بغیر معاشی ترقی کبھی بھی حقیقی معنوں میں معاشرے کی خدمت نہیں کر سکتی: نائب صدر
اپنے امتحانات کے معیار میں کبھی نرمی نہ آنے دیں، کیونکہ آپ نظام کی سالمیت اور اعتبار کے محافظ ہیں: نائب صدر
نائب صدر نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پر زور دیا کہ وہ ’ایک ضلع، ایک پیداوار(او ڈی او پی)، اقدام کے تحت مقامی صنعتوں، کاروباری اداروں اور مصنوعات کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں
प्रविष्टि तिथि:
01 JUL 2026 7:54PM by PIB Delhi
ہندوستان کے نائب صدرجمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے آج کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ’’اعتماد کے سفیر‘‘ ہیں اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے سفر میں انہیں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے نئی دہلی کے وگیان بھون میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کے زیر اہتمام 78ویں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ڈے اور یومِ تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، جواب دہی اور اخلاقی طرزِ حکمرانی کو یقینی بنا کر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کا پیشہ بھارت کی معاشی اور ادارہ جاتی ترقی کے مرکز میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
نائب صدر نے بھارت کی معاشی ترقی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کے پیشے کے نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کی جانب سے امتحانات کے سخت اور معیاری نظام کو برقرار رکھنے کی تعریف کی۔ انہوں نے ادارے پر زور دیا کہ ان معیارات میں کبھی نرمی نہ آنے دی جائے، کیونکہ ’’آپ پورے نظام کی حفاظت کر رہے ہیں۔‘‘
گزشتہ ایک دہائی کے دوران بھارت کی تیز رفتار معاشی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے کہا کہ ملک مختصر عرصے میں دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن چکا ہے اور اب تیسری بڑی معیشت بننے کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ معاشی کامیابیاں نہایت اہم ہیں، لیکن وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے تصورِ وکست بھارت @2047 کی بنیاد شفاف طرزِ حکمرانی، قابلِ اعتماد اداروں، سب کے لیے یکساں مواقع اور ہر شہری کی خوش حالی پر استوار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اخلاقی اقدار کے بغیر معاشی ترقی کبھی بھی حقیقی معنوں میں معاشرے کے لیے سودمند ثابت نہیں ہو سکتی۔
نائب صدر نے ممتاز تمل سنت شاعر تروولّوور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف وہی دولت دیرپا خوشی کا باعث بنتی ہے جو دیانت دار اور راست ذرائع سے حاصل کی گئی ہو۔ انہوں نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پر زور دیا کہ وہ دیانت دار کاروباری اداروں کے تحفظ اور غیر اخلاقی طریقوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے ذریعے منصفانہ مسابقت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ گرچہ کاروبار میں آسانی بے حد اہم ہے، لیکن اسے ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر ہی فروغ دیا جانا چاہیے، اور اس توازن کو برقرار رکھنے میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی ذمہ داری نہایت اہم ہے۔
جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے قومی سطح کی اہم اصلاحات میں اس پیشے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس نے اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی)، انسالوینسی اینڈ بینکرپسی کوڈ (آئی بی سی)، براہِ راست فوائد کی منتقلی (ڈی بی ٹی) اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے مؤثر نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت نے نظام میں شفافیت کو فروغ دیا، ضابطوں کی بہتر پابندی کو یقینی بنایا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔
پیشہ ور ماہرین اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے کہا کہ وہ جس مالیاتی حساب کا آڈٹ کرتے ہیں، جس بیلنس شیٹ کی توثیق کرتے ہیں اور جس ادارے یا تنظیم کو مشورہ دیتے ہیں، اس کے اثرات صرف کاروباری اداروں تک محدود نہیں رہتے بلکہ حکومتوں اور پورے معاشرے پر بھی دور رس نتائج مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری، امانت داری اور اعلیٰ اخلاقی معیار کو ہر حال میں برقرار رکھیں۔
چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے کردار کو مقامی صنعتوں اور کاروباری اداروں کی ترقی میں مزید مؤثر بنانے کی تجویز دیتے ہوئے نائب صدر نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کی ضلعی سطح کی انجمنوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایک ضلع، ایک پیداوار (او ڈی او پی) اقدام کے تحت منتخب مصنوعات کے بارے میں عملی اور تکنیکی مہارت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہارت کی بدولت وہ مقامی پیداوار کنندگان کی اس طرح رہنمائی کر سکیں گے کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے، جس سے ان کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور مقامی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔
اس موقع پر نائب صدر نے انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) کے پیئر ریویو بورڈ (پی آر بی) ویب پورٹل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے حکومت ہند کے مائی گَو کے اشتراک سے تیار کردہ آئی سی اے آئی جن اُتسو پورٹل کا بھی اجرا کیا، جس کا مقصد 78ویں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ڈے کی یادگار تقریبات کو منانا اور عوامی شرکت کو مزید فروغ دینا ہے۔
اس تقریب میں آئی سی اے آئی کے صدر جناب پرسنّا کمار ڈی، نائب صدر جناب منگیش پی۔ کنارے، مرکزی کونسل کے اراکین، ادارے کے سابق صدور، معزز مہمان، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ نے شرکت کی۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-9434
(रिलीज़ आईडी: 2280176)
आगंतुक पटल : 6