دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دیہی ترقی سے متعلق پہلے قومی ‘‘راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن’’  کا انعقاد 28 اور 29 جون کو نئی دہلی میں ہوگا


’’وکست گرام، وکست بھارت’’ کے موضوع پر منعقد ہونے والے قومی اجلاس کی صدارت مرکزی وزیر  برائے دیہی ترقی و زراعت و کسانوں کی بہبود جناب شیوراج سنگھ چوہان کریں گے

راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن میں دیہی ترقی کی اہم فلیگ شپ اسکیموں کا جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کے لیے حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں دیہی ہندوستان کی ہمہ گیر ترقی کے مشترکہ وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مرکز اور ریاستیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آئیں گی

رہائش، دیہی سڑکیں، روزگار، ‘‘لکھ پتی دیدی’’ مہم اور مصنوعی ذہانت قومی دیہی ترقی کے ایجنڈے کے اہم ستون ہوں گے

प्रविष्टि तिथि: 26 JUN 2026 6:55PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی، جناب شیوراج سنگھ چوہان، 28 اور 29 جون کو نئی دہلی کے پُوسا میں واقع بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے ‘‘راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن 2026’’ کی صدارت کریں گے۔ دو روزہ اس سمیلن میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دیہی ترقی کے وزراء، سینئر سرکاری افسران اور ماہرین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر دیہی ترقی کے جامع پہلوؤں پر غور و خوض، اہم فلیگ شپ پروگراموں کا جائزہ اور دیہی ہندوستان کے مستقبل کے لیے لائحۂ عمل مرتب کیا جائے گا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کے مطابق، مرکزی حکومت دیہی ہندوستان میں جامع، پائیدار اور تبدیلی پر مبنی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے ایک ہمہ گیر قومی مشاورت کا انعقاد کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت میں منعقد ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑے پیمانے کا "راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن" ہوگا، جس میں مرکز اور ریاستیں دیہات کی ترقی کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کریں گی۔

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس سمیلن کا مقصد ‘‘وکست گرام، وکست بھارت’’کے وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں وی بی گرام جی ایکٹ، 2025 پر مؤثر عمل درآمد، گرام پنچایت کی سطح پر منصوبہ بندی کے عمل کو مضبوط بنانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمیلن کے دوران دیہی ترقی کی اہم اسکیموں کے نفاذ اور پیش رفت کا جامع جائزہ بھی لیا جائے گا، جن میں پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا، دین دیال انتودیہ یوجنا–قومی دیہی روزگار مشن، دیہی ہنر مندی کے فروغ کے پروگرام اور قومی سماجی امدادی پروگرام شامل ہیں۔

تمام ریاستوں کے وزرائے دیہی ترقی سمیلن میں شرکت کریں گے

 

راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن کی نمایاں خصوصیات میں سے ایک تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء  برائے  دیہی ترقی کی شرکت ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران، پالیسی ساز اور دیہی ترقی کے مختلف پروگراموں سے وابستہ ماہرین بھی غور و خوض میں حصہ لیں گے۔

یہ قومی فورم ریاستوں کے تجربات، اختراعی اقدامات اور زمینی سطح پر درپیش چیلنجوں پر کھلے تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرے گا، جس کے ذریعے زیادہ مؤثر، عملی اور مضبوط پالیسی اقدامات مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

موضوعاتی اجلاس اور بہترین طریقۂ کار پر خصوصی توجہ

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سمیلن کے دوران مختلف موضوعاتی اور بریک آؤٹ اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جن میں دیہی رہائش، سڑک رابطہ، روزگار، ہنرمندی کی ترقی اور سماجی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ مختلف ریاستوں کی کامیاب اسکیموں اور اختراعی اقدامات کو پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں ملک بھر میں اپنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ‘‘لکھ پتی دیدی’’ مہم پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جس کے تحت سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، دیہی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ دیہی نوجوانوں کی ہنرمندی میں اضافہ اور انہیں منڈیوں سے بہتر طور پر جوڑنے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر خصوصی زور

سمیلن میں دیہی ترقی کے پروگراموں میں ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ اس دوران ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں نگرانی، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پروگراموں پر عمل درآمد کی رفتار اور مؤثریت بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔

مستقبل کا لائحۂ عمل

جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سمیلن کے دوسرے دن، یعنی 29 جون کو، مکمل اجلاس اور وزارتی سطح کے مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جن میں تمام ریاستوں سے تجاویز حاصل کرنے کے بعد مستقبل کے لائحۂ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اختتامی اجلاس کے دوران مرکزی وزیر سمیلن کے اہم نتائج پیش کریں گے اور 2047 تک ‘‘وکست بھارت’’ کے وژن کے حصول میں دیہات کے مرکزی کردار کا خاکہ پیش کریں گے۔

دیہی ہندوستان کے لیے نئے عزم اور عملی منصوبہ

مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ سمیلن محض جائزہ لینے تک محدود نہیں، بلکہ دیہی ہندوستان کے لیے نئے عزم اور ایک ٹھوس عملی منصوبہ تیار کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں حکومتِ ہند کی ترجیحات کے مطابق ملک کا ہر گاؤں قومی ترقی کے سفر کا ایک مؤثر اور ناگزیر حصہ بنے۔

دیہی ترقی سے متعلق اہم مطبوعات کی رونمائی

سمیلن کے دوران دیہی ترقی سے متعلق متعدد اہم مطبوعات بھی جاری کی جائیں گی، جن میں آبی تحفظ، گرام ترقیاتی منصوبے، خواتین کو بااختیار بنانے، دیہی روزگار اور کامیابی کی متاثر کن کہانیوں جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

ان مطبوعات کا مقصد عملی رہنما مواد فراہم کرنا ہے، تاکہ ریاستوں اور گرام پنچایتوں کو دیہی ترقی کے منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی، بہتر عمل درآمد اور مضبوط طرزِ حکمرانی کے لیے رہنمائی اور بہترین طریقۂ کار دستیاب ہو سکیں۔

********

ش ح۔ش  ت ۔ رض

U-9292


(रिलीज़ आईडी: 2278907) आगंतुक पटल : 18
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Gujarati , English , हिन्दी , Tamil , Telugu , Kannada , Malayalam