PIB Backgrounder
azadi ka amrit mahotsav

ملازمت کے متلاشیوں سے روزگار تخلیق کاروں (روزگار پیدا کرنے والوں )تک:  اَسپائر  کی کہانی

प्रविष्टि तिथि: 26 JUN 2026 2:41PM by PIB Delhi

اَسپائر: دیہی امنگوں کو ایک کاروبار میں تبدیل کرنا

میگھالیہ کے موسینرام میں بارش سے بھری ایک صبح، جناب بنشائلنگ ماربانیانگ پہاڑیوں پر چھائے سیاہ بادلوں کو دیکھ رہے تھے۔ بارش مسلسل ہو رہی تھی، جیسا کہ دنیا کی سب سے زیادہ بارش والے مقام پر اکثر ہوتا ہے۔ پھر بھی ان کے ذہن پر موسم نہیں، بلکہ وہ سوال چھایا ہوا تھا جو برسوں سے ان کا پیچھا کر رہا تھا: ملک کے دور دراز علاقوں میں سے ایک سے تعلق رکھنےوالے ایک  نوجوان کے لیے  اپنے مستقبل کی تعمیر کیسے ممکن ہے، جب مواقع اتنے ہی کم ہوں جتنی کہ بارش زیادہ؟

برسوں سےجناب ماربانیانگ نے اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کو کہیں اور کام کی تلاش میں ماوسینرام سے نکلتے دیکھا تھا۔ وسائل محدود تھے، اور اپنا کاروبار شروع کرنا ان کی پہنچ سے باہر لگتا تھا۔ مالی تنگی نے اس خواب کو اور بھی دور کر دیا۔ س کے باوجود یہ سوچ برقرار رہی۔ خطے کی وافر زرعی پیداوار کے درمیان، انہوں نے سوچا کہ کیا ان مقامی وسائل کو کاروبار کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس کی زندگی میں ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں گوہاٹی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ (آئی آئی ای)کی طرف سے پیش کردہ انٹرپرینیورشپ ٹریننگ اور اسکل ڈیولپمنٹ سپورٹ کے بارے میں جانا۔ آئی آئی ای مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی اَسپائر اسکیم (جدت، دیہی صنعتوں اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کی اسکیم) کے تحت ایک سرپرست ادارہ ہے۔ یہ کاروباری بننے کے خواہش مند افراد کو اپنے خیالات کو کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری مہارتوں، اعتماد اور کاروباری علم کو حاصل کرنے میں مدد کرتا ہے۔

جناب ماربانیانگ کے لیے اس تربیت نے نئے امکانات کے دروازے کھول دیے۔ تکنیکی معلومات اور کاروباری مہارتوں سے لیس ہو کر انہوں نے ایک فوڈ پروسیسنگ انٹرپرائز قائم کیا، جس نے مقامی طور پر دستیاب وسائل کو معاشی مواقع میں تبدیل کر دیا۔ اس سے یہ ثابت ہوا کہ مناسب رہنمائی، معاونت اور مہارت کے ذریعے کہیں بھی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

گھر کے قریب مواقع پیدا کرنا

جناب ماربانیانگ کی کہانی دیہی ہندوستان میں رونما ہونے والی ایک بڑی تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے۔

کاروباری ترقی کی خدمات، ٹیکنالوجی کی معاونت اور انٹرپرائز پروموشن تک رسائی بڑی حد تک چند شہری مراکز تک محدود رہی ہے۔ اگرچہ دیہی ہندوستان میں صلاحیت، مہارت اور وسائل موجود تھے، لیکن خواہش مند کاروباری افراد کو اکثر اپنے خیالات کو پائیدار کاروباری اداروں میں تبدیل کرنے کے لیے درکار تربیت، رہنمائی اور ادارہ جاتی معاونت میسر نہیں تھی۔

اسی خلا کو محسوس کرتے ہوئے وزارتِ ایم ایس ایم ای نے 2015 میں بالخصوص دیہی اور زراعت پر مبنی شعبوں میں صنعت کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے اَسپائر اسکیم کا آغاز کیا۔

برسوں کے دوران یہ اسکیم بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترقی کرتی رہی۔ 2018 میں جاری کیے گئے آپریشنل رہنما خطوط نے انکیوبیشن فریم ورک کو مزید مضبوط بنایا۔ 2023 میں نظرِ ثانی شدہ رہنما خطوط میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری ترقی اور قابلِ پیمائش نتائج پر خصوصی توجہ دی گئی۔ آج اَسپائر، لائیولی ہڈ بزنس انکیوبیٹرز (ایل بی آئی) کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے گرد مرکوز ہے، جو افراد کو مہارت حاصل کرنے سے لے کر کاروبار کے قیام تک کے سفر میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

تربیت، رہنمائی اور انکیوبیشن سپورٹ فراہم کرکے، اَسپائر زرعی و دیہی شعبوں میں خواہش مند کاروباری افراد کو بااختیار بناتی ہے اور ایم ایس ایم ای شعبے میں مسابقت کو مضبوط بنانے کے لیے اختراع کو فروغ دیتی ہے۔

جہاں کاروباری ادارے  تشکیل پاتے ہیں   

اَسپائر کی کامیابی کے مرکز میں اس کے ایل بی آئی (لائیولی ہڈ بزنس انکیوبیٹرز) ہیں۔ اس کا مقصد محض ہنر مندی کی ترقی نہیں، بلکہ باقاعدہ اور قابلِ توسیع مائیکرو کاروباری ادارےکی تخلیق ہے، جو معاش اور روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں۔

یہ انکیوبیٹرز جدید آلات، کاروباری رہنمائی اور ٹیکنالوجی کی معاونت تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔ کاروباری افراد کو پروڈکٹ ڈویلپمنٹ، برانڈنگ، منظوری، ریگولیٹری تعمیل، مارکیٹ سے روابط اور مالی وسائل تک رسائی میں بھی مدد فراہم کی جاتی ہے، جس سے انہیں خیال سے کاروبار تک  کے سفر کو کامیابی سے طے کرنے میں سہولت ملتی ہے۔

اَسپائر کا ادارہ جاتی فریم ورک اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ کاروباری افراد کو تربیت مکمل ہونے کے بعد بھی طویل عرصے تک مسلسل معاونت حاصل رہے۔ یہ اسکیم تین سطحی ڈھانچے کے ذریعے چلتی ہے، جس میں اسکیم اسٹیئرنگ کمیٹی، نامزد مینٹر انسٹی ٹیوٹ اور میزبان ادارے شامل ہیں، جو ایل بی آئی چلاتے ہیں۔ مینٹر انسٹی ٹیوٹ انکیوبیٹرز کی شناخت، پروجیکٹ پلان تیار کرنے، انکیوبیشن پروگراموں کی تشکیل، نفاذ کو مضبوط بنانے اور نتائج کی نگرانی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انکیوبیشن ایکو سسٹم مختلف نوعیت کے اداروں کو یکجا کرتا ہے، جن میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ (آئی آئی ای)، گوہاٹی، زرعی یونیورسٹیاں، تکنیکی ادارے اور آئی آئی ٹی جودھ پور جیسے ممتاز ادارے شامل ہیں۔ ان مراکز کو صنعت کاری کو فروغ دینے اور زرعی صنعت میں اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں ایل بی آئی فوڈ پروسیسنگ، شہد کی پیداوار، بانس کی مصنوعات، مشروم کی کاشت، مصالحہ جات کی پروسیسنگ، دستکاری اور ناریل کے رس سے تیار ہونے والی مصنوعات جیسے شعبوں میں کاروباری اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔ اس نقطۂ نظر کی اہمیت ہندوستان کی معیشت میں ویلیو ایڈڈ دیہی صنعتوں کے بڑھتے ہوئے کردار سے ظاہر ہوتی ہے۔ بہت سی دیہی برادریوں کے لیے کاروباری سرگرمی نہ صرف آمدنی کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ بڑی ویلیو چینز میں شمولیت کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ زراعت اور مقامی وسائل سے وابستہ شعبوں میں صنعت کاری کو فروغ دے کر اَسپائر افراد کو محض بنیادی پیداوار تک محدود رہنے کے بجائے پروسیسنگ، مینوفیکچرنگ اور ویلیو ایڈیشن کی طرف بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔

سالوں کے دوران اس نیٹ ورک میں مسلسل توسیع ہوئی ہے۔ جون 2026 تک 27 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں 109 ایل بی آئیز کو منظوری دی جا چکی تھی۔ ان انکیوبیٹرز نے مجموعی طور پر 1.23 لاکھ سے زیادہ مستفیدین کو تربیت فراہم کی ہے۔ مالی سال 2022-23 میں منظم ٹریکنگ کے آغاز کے بعد سے، اَسپائر کے تحت قائم انکیوبیٹرز نے ملک بھر میں 1200 سے زیادہ مائیکرو انٹرپرائزز کے قیام میں سہولت فراہم کی ہے۔

ہندوستان کے کاروباری بننے کےخواہش مند افراد کو بااختیار بنانا

اَسپائر کی کامیابی کا پیمانہ بالآخر انکیوبیٹرز کی تعداد نہیں ہے جن کی وہ حمایت کرتی ہے، بلکہ وہ لوگ ہیں جن کی زندگیوں کو بدلنے میں اس نے مدد کی ہے۔

مالی سال 2022-23 سے اس اسکیم نے ملک بھر میں 28,500 سے زیادہ خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کیے ہیں، جو کاروباری سرگرمیوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو فروغ دینے میں اس کے اہم کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی دوران، اَسپائر 8,700 سے زیادہ ایس سی مستفیدین، 9,600 سے زیادہ ایس ٹی مستفیدین اور 17,600 سے زیادہ او بی سی مستفیدین تک بھی پہنچ چکا ہے، جس سے صنعت کاری کو مزید جامع اور قابلِ رسائی بنانے میں مدد ملی ہے۔

یہ اعداد و شمار محض اعداد نہیں، بلکہ بہت کچھ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ متنوع سماجی و معاشی طبقات  کو انٹرپرینیورشپ سپورٹ فراہم کرکے، اَسپائر اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کر رہا ہے کہ انٹرپرائز کی تخلیق اب صرف میٹروپولیٹن مراکز تک محدود نہ رہے۔ اس کے بجائے، یہ پورے ہندوستان کے دیہاتوں، چھوٹے شہروں اور پسماندہ برادریوں میں ترقی، خود انحصاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ایک مؤثر ذریعے کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے۔

موسینرام سے کرتویہ پتھ تک

برسوں بعد، جناب ماربانیانگ کے سفر کو قومی سطح پر پہچان ملی۔

وہ نئی دہلی میں کرتویہ پتھ پر 75ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں خصوصی مہمانوں کے طور پر مدعو کیے گئے شمال مشرق کے دس کاروباریوں میں شامل تھے۔ مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے، انہوں نے ہندوستان کے دیہاتوں، چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں سے ابھرنے والے کاروباری افراد کی ایک نئی نسل کی نمائندگی کی۔ ملک کی سب سے اہم قومی تقریبات میں سے ایک میں ان کی موجودگی محض ایک ذاتی اعزاز نہیں تھی، بلکہ ان اقدامات کی بڑھتی ہوئی کامیابی کی عکاس تھی جو ملازمت کے متلاشیوں کو ملازمت پیدا کرنے والے افراد اور مقامی امنگوں کو فروغ پانے والے کاروباری اداروں میں تبدیل کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔

اگرچہ موسینرام کی بارش سے بھیگی پہاڑیوں سے کرتویہ پتھ تک کا فاصلہ کلومیٹر میں ناپا جاتا ہے، لیکن غیر یقینی صورتِ حال سے صنعت کاری تک کا سفر مواقع سے ناپا جاتا ہے۔ اَسپائر کے ذریعے ہزاروں ہندوستانی اپنی امنگوں کو کاروباری اداروں میں تبدیل کرنے کے لیے درکار معاونت، مہارت اور وسائل تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ اختراع کو فروغ دے کر اور صنعت کاری کی حوصلہ افزائی کرکے، خیالات کو کاروبار، مہارتوں کو معاش اور عزائم کو معاشی مواقع میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

ایسا کرتے ہوئے، اَسپائر نہ صرف کاروباری اداروں کو فروغ دے رہا ہے بلکہ کمیونٹیز کو بااختیار بنا رہا ہے، روزگار کے مواقع پیدا کر رہا ہے اور ایک زیادہ جامع اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

حوالہ جات

ہنر مندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت

https://iie.gov.in/news-and-events/iie-trained-ne-entrepreneurs-invited-to-republic-day-parade-as-symbol-of-skill-development-push467#gsc.tab=0

https://iie.gov.in/pr/projects/a-scheme-for-promotion-of-innovation--rural-industries---entrepreneurship---aspire-#gsc.tab=0

مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت

https://aspire.msme.gov.in/ASPIRE/AFHome.aspx

https://dashboard.msme.gov.in/aspire.aspx

https://www.pib.gov.in/newsite/PrintRelease.aspx?relid=133532&reg=48&lang=2

https://aspire.msme.gov.in/WriteReadData/DocumentFile/New_Operational_Guidelines_ASPIRE_2018.pdf

https://aspire.msme.gov.in/WriteReadData/DocumentFile/ASPIRE_New_21112023.pdf

https://aspire.msme.gov.in/WriteReadData/DocumentFile/Annexure-I.pdf

لوک سبھا

https://sansad.in/getFile/loksabhaquestions/annex/187/AS550_07VFJm.pdf?source=pqals

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹرپرینیورشپ

https://www.iie.gov.in/pdf/IIE-Annual-Report-2024-25.pdf

پی ڈی ایف میں دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

پی آئی بی ریسرچ

***

UR-9224

(ش ح۔اس ک  )


(रिलीज़ आईडी: 2278248) आगंतुक पटल : 17
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil