جل شکتی وزارت
جل جیون مشن 2.0 کے تحت سکم کے ساتھ اصلاحات سے منسلک ایم او یو پر دستخط کیے گئے
مرکز-ریاست شراکت داری ایک جوابدہ اور کمیونٹی کے ذریعے تقویت یافتہ آبی حکمرانی کے لیے ایک پائیدار دیہی آبی فراہمی کے لیے اصلاحات کو آگے بڑھاتی ہے
प्रविष्टि तिथि:
09 JUN 2026 7:00PM by PIB Delhi
دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جل جیون مشن 2.0 کے تحت طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر، وزارت جل شکتی کے پینے کا پانی و صفائی کے محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) نے آج ریاست سکم کے ساتھ اصلاحات سے منسلک ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اصلاحات سے منسلک اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دیہی آبی حکمرانی کے لیے گرام پنچایت کی قیادت میں، خدمات پر مبنی اور کمیونٹی مرکز ماڈل نافذ کیا جائے گا، جو جل جیون مشن 2.0 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر دیہی گھرانے کو مناسب مقدار اور مقررہ معیار کے مطابق پینے کا پانی باقاعدگی سے فراہم ہو۔ یہ ہدف کمیونٹی کی مضبوط شمولیت (جن بھاگیداری) اور دیہی آبی فراہمی کے نظام کی پائیدار آپریشن و دیکھ بھال کے لیے ساختی اصلاحات کے ذریعے حاصل کیا جائے گا، جس سے دیہی برادریوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور ”وکست بھارت @2047“ کے قومی وژن کے مطابق طویل مدتی آبی تحفظ کو فروغ ملے گا۔

جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل اور سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمنگ کی موجودگی میں اس ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں پینے کا پانی و صفائی کے محکمہ کے سینیئر افسران بھی موجود تھے، جن میں سیکریٹری ڈی ڈی ڈبلیو ایس جناب اشوک کے کے مینا، ایڈیشنل سیکریٹری و مشن ڈائریکٹر نیشنل جل جیون مشن (این جے جے ایم) جناب کمل کشور سوان، جوائنٹ سیکریٹری جناب ڈی سنتھیل پانڈین اور دیگر ڈائریکٹر صاحبان شامل تھے۔
سکم کے ساتھ ایم او یو پر جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل، سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمنگ، حکومت سکم کے اے ڈی جی پی و پرنسپل ریزیڈنٹ کمشنر جناب اشونی کمار چند اور حکومت سکم کے دیہی ترقیات محکمہ (آر ڈی ڈی) کے سیکریٹری جناب انیل راج رائے کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
نیشنل جل جیون مشن کے جوائنٹ سیکریٹری جناب ڈی سنتھیل پانڈین اور حکومت سکم کے اے ڈی جی پی و پرنسپل ریزیڈنٹ کمشنر جناب اشونی کمار چند کے درمیان ایم او یو کا تبادلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں شروع کیا گیا جل جیون مشن ملک بھر میں دیہی پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام میں انقلابی تبدیلی لایا ہے اور خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کو پانی لانے کی مشقت سے بڑی حد تک نجات دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن 2.0 کے تحت اب توجہ مشن کے دوران قائم کیے گئے بنیادی ڈھانچے کی پائیداری، نل کنکشن کی فعالیت، پانی کے معیار، آبی ذرائع کے تحفظ، آپریشن و دیکھ بھال (او اینڈ ایم)، کمیونٹی کی ملکیت اور باقاعدہ نگرانی جیسے اہم امور پر مرکوز ہے۔
انہوں نے جل جیون مشن کے تحت ریاست کی جانب سے حاصل کی گئی پیش رفت کو سراہا اور گرام پنچایت سطح پر پانی کی خدمات کے جائزوں کی بنیاد پر ضلعی بہتری کے منصوبے تیار کرکے ضلعی سطح کی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے خدمات میں موجود خامیوں کی نشاندہی، اسکیموں کی کارکردگی میں بہتری، نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور ضلعی سطح پر بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملنی چاہیے۔
وزیر موصوف نے ریاست سے اپیل کی کہ پائیدار خدمات کی فراہمی کے لیے تمام 19 ضروری نکات کو شامل کرتے ہوئے آپریشن و دیکھ بھال (او اینڈ ایم) پالیسی کو نوٹیفائی کیا جائے۔ انہوں نے ”سجل گرام آئی ڈی“ اور ”سجلم بھارت آئی ڈی“ کی تیاری کو بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو مشن کے منظور شدہ رہنما خطوط اور موجودہ فریم ورک کے تحت کام جاری رکھنا چاہیے، جبکہ توجہ دیہی آبادیوں میں پائیدار، کمیونٹی کی ملکیت پر مبنی اور قابل اعتماد آبی فراہمی خدمات کو یقینی بنانے پر ہونی چاہیے۔

اپنے خطاب میں سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمنگ نے جل جیون مشن کے تحت مسلسل تعاون پر وزارت جل شکتی کا شکریہ ادا کیا اور سکم جیسے جغرافیائی طور پر دشوار گزار اور قدرتی آفات سے متاثرہ ہمالیائی ریاست میں اس مشن کے انقلابی اثرات کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ہر دیہی گھر تک محفوظ پینے کا پانی پہنچانے کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مشن نے ریاست بھر کی دیہی برادریوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکم اپنے آغاز سے ہی جل جیون مشن کے مقاصد کے لیے پُرعزم رہا ہے اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں، بکھری ہوئی آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر زیادہ لاگت کے باوجود مطلوبہ کوریج حاصل کی گئی ہے۔ ریاست نے 2019 میں جاری کردہ مشن رہنما خطوط کے مطابق دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر اپ گریڈیشن، توسیع اور جدید کاری کی۔
ریاستی حکومت کے ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے دیہی آبی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور طویل مدتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ہر دیہی گھرانے کو محفوظ، قابل اعتماد اور پائیدار پینے کے پانی کی خدمات فراہم کرنے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے حکومت ہند کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے سکم کے عزم کو دہرایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست ”کیمپا پروجیکٹ“ اور ”وی بی-جی رام جی“ کے تحت آبی ذرائع کے پائیدار تحفظ کے اقدامات کے لیے بھی پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت خصوصاً دور دراز اور دیہی علاقوں میں فعال نل کے ذریعے پانی کے کنکشن کی توسیع کی کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔
اپنے افتتاحی کلمات میں محکمہ برائے پینے کا پانی و صفائی کے سیکریٹری جناب اشوک کے کے مینا نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صرف پائپ لائنوں کے بنیادی ڈھانچے کی تنصیب تک محدود نہیں بلکہ نچلی سطح پر پائیدار خدمات کی فراہمی کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے غیر مرکزیت اور کمیونٹی کی ملکیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گرام پنچایتوں اور گاؤں کی پانی و صفائی کمیٹیوں (وی ڈبلیو ایس سی) کو دیہی آبی فراہمی کے نظام کے انتظام و انصرام کے لیے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ ریاست کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی اہمیت بیان کرتے ہوئے جناب مینا نے کہا کہ یہ مفاہمت ریاست اور مرکز کے درمیان ایک مشترکہ عزم کی عکاس ہے، جس کا مقصد جل جیون مشن 2.0 کے رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے دیہی گھرانوں کو محفوظ، مستحکم اور پائیدار پینے کا پانی فراہم کرنا ہے۔
پائیدار آبی خدمات کی فراہمی کے لیے ادارہ جاتی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیکریٹری نے کہا کہ ضلعی پانی و صفائی مشن (ڈی ڈبلیو ایس ایم) کے اجلاس تمام ضلعی کلکٹروں کی جانب سے باقاعدگی سے منعقد کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اجلاسوں سے دیہی ایکشن پلان تیار کرنے میں سہولت ملے گی اور پنچایتوں کو دیہی آبی فراہمی کے نظام کے مؤثر انتظام کے قابل اداروں کے طور پر تصدیق دینے میں مدد حاصل ہوگی۔ سیکریٹری نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ منصوبوں کے نفاذ کی نگرانی، وقتاً فوقتاً جائزہ لینے اور ضرورت پڑنے پر گرام پنچایتوں کو ضروری معاونت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ”ہر گھر نرنتر نل سے جل“ وژن کی تکمیل کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
***********
ش ح۔ ف ش ع
U: 8176
(रिलीज़ आईडी: 2270909)
आगंतुक पटल : 15