جل شکتی وزارت
جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 سے متعلق قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور بیداری مہم کا آغاز کیا
پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کی ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) مہم یکم تا 5 جون 2026 عالمی یومِ ماحولیات2026 کے سلسلےمیں منعقد کی جائے گی
ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے تعلق سے ریاستوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، دیہی بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی بیداری مہم شروع کی گئی ہے
‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) مہم کا اختتام 5 جون 2026 کو منعقد ہونے والی خصوصی گرام سبھاؤں اور ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ شجرکاری مہم کے ساتھ ہوگا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 JUN 2026 9:27PM by PIB Delhi
جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے آج نئی دہلی میں وزارتِ جل شکتی کے پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ کے زیرِ اہتمام ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) مہم اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی بیداری مہم کا افتتاح کیا۔ یہ افتتاحی تقریب ہائبرڈ موڈ میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ کے سکریٹری جناب اشوک کے کے مینا، سوچھ بھارت مشن (دیہی) کی جوائنٹ سکریٹری و مشن ڈائریکٹر محترمہ ایشوریہ سنگھ اور محکمہ کے دیگر افسران موجود تھے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے اعلیٰ حکام، جن میں ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، پرنسپل سیکریٹریز، سیکریٹریز، ریاستی مشن ڈائریکٹرز، سوچھ بھارت مشن (دیہی) کے ریاستی مشن ڈائریکٹرز اور دیگر عہدیداران اور منتخب گرام پنچایتوں کے سرپنچ افتتاحی تقریب میں ورچوئل وسیلے سے شریک ہوئے۔

‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) پینے کے پانی اور صفائی کےمحکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر شروع کی گئی ایک خصوصی مہم ہے، جسے وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی)کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ یہ مہم یکم جون سے 5 جون 2026 تک جاری رہے گی، جبکہ اس سے قبل 25 مئی تا 29 مئی 2026 ابتدائی تیاری اور عمل درآمد سے پہلے کا مرحلہ مکمل کیا گیا۔
اس مہم کا بنیادی مقصد مشن لائف (طرزِ زندگی برائے ماحولیات)، رویّوں میں مثبت تبدیلی اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنا ہے۔ سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 پلاسٹک فضلے کے انتظام میں چار اصولوں (انکار، کمی، دوبارہ استعمال اور بازیافت)، استعمال شدہ پانی کے انتظام میں تین اصولوں (کمی، دوبارہ استعمال اور زیرِ زمین پانی کی تجدید)، سرکلور معیشت کے فروغ اور فضلے سے دولت پیدا کرنے کے تصور کے ذریعے مشن لائف کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیہات کو او ڈی ایف پلس (مثالی) دیہات میں تبدیل کرنے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے۔ ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم کا ایک اہم مقصد ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط2026 کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور عوام و متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں حساس بنانا بھی ہے۔ یہ ضوابط یکم اپریل 2026 سے نافذ العمل ہو چکے ہیں۔
اس تناظر میں ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم کے اہم مقاصد درج ذیل ہیں:
- دیہی علاقوں کے متعلقہ فریقوں اور عوام میں ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے بارے میں بیداری پیدا کرنا، جس میں بڑے پیمانے پر فضلہ پیدا کرنے والے اداروں اور افراد کی نشاندہی، فضلے کو منبع پر چار الگ زمروں میں تقسیم کرنا اور برسوں سے جمع شدہ فضلے کے مؤثر انتظام سے متعلق آگاہی شامل ہے۔
- گرام پنچایتوں کو کمیونٹی سطح پر قائم ٹھوس فضلہ انتظامی سہولیات کی کارکردگی کے خود جائزے اور تصدیقی عمل میں معاونت فراہم کرنا۔
- مشن لائف (طرزِ زندگی برائے ماحولیات) کے موضوعات کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا اور پائیدار طرزِ عمل کو فروغ دینا۔
- معاشرے کو متحرک کرنا تاکہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جا سکے، عوامی سہولیات کے مؤثر استعمال اور مناسب دیکھ بھال کو فروغ ملے، اور مکمل صفائی نیز او ڈی ایف پلس (مثالی) دیہات کے ہدف کے لیے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اس مہم کے تحت منظم اور مرحلہ وار سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ مہم کا اختتام 5 جون 2026 کو ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ شجرکاری مہم اور خصوصی گرام سبھا کے انعقاد پر ہوگا۔ اس موقع پر تمام گرام پنچایتیں مہم کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیں گی اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط کے بارے میں آگاہی اور ان کے مؤثر نفاذ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کریں گی۔
پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کی جانب سے ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے شروع کی گئی قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی آگاہی مہم کا مقصد ان ضوابط کی اہم دفعات کو ریاستوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، ضلع انتظامیہ، دیہی مقامی اداروں، خاندانوں، تعلیمی و دیگر اداروں، بڑے پیمانے پر فضلہ پیدا کرنے والے اداروں اور دیہی علاقوں میں ان ضوابط کے نفاذ سے وابستہ دیگر متعلقہ فریقوں کے لیے آسان اور قابلِ فہم انداز میں پیش کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کو سادہ، عوام دوست اور آسان فہم پیغامات کی صورت میں پیش کیا جائے گا تاکہ عوامی بیداری میں اضافہ ہو، رویّوں میں مثبت تبدیلی پیدا ہو اور مقامی سطح پر ان ضوابط پر مؤثر عمل درآمد اور ان کی پابندی کو فروغ مل سکے۔
افتتاحی تقریب کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر نے چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، آسام اور اتر پردیش کی مختلف گرام پنچایتوں کے سرپنچوں سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر سرپنچوں نے زمینی سطح پر اپنے تجربات، سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 کے تحت کیے گئے اقدامات، فضلہ انتظام بالخصوص پلاسٹک فضلے کے نظم و نسق میں خود امدادی گروپوں کے ساتھ جاری سرگرمیوں اور صفائی ستھرائی سے متعلق مہم میں تمام متعلقہ فریقوں کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔ سرپنچوں نے دیہی علاقوں میں صفائی، فضلہ انتظام اور ماحول کے تحفظ کے فروغ کے لیے اختیار کی گئی کامیاب حکمتِ عملیوں اور حاصل شدہ نتائج کا بھی اشتراک کیا۔

سرپنچوں نے مرکزی وزیر کو اپنی گرام پنچایتوں میں ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) مہم کے تحت مجوزہ سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سرپنچوں سے بات چیت کے دوران مرکزی وزیر نے فضلہ کے مؤثر انتظام پر خصوصی زور دیا، جس میں استعمال شدہ پانی (گریے واٹر) کے مناسب نظم و نسق کو بھی شامل کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ گندا اور استعمال شدہ پانی تالابوں، جھیلوں، ندیوں اور دیگر آبی ذخائر میں داخل نہ ہونے پائے تاکہ آبی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
مرکزی وزیر نے اس کے بعد آسام اور جموں و کشمیر کے سوچھ بھارت مشن (دیہی) کے ریاستی مشن ڈائریکٹروں سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم کے مختلف پہلوؤں، سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 کے تحت حاصل شدہ پیش رفت اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے نفاذ کے سلسلے میں ریاستوں کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل نے اپنے خطاب میں سوچھ بھارت مشن (دیہی) کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پانچ لاکھ سے زائد دیہات کامیابی کے ساتھ او ڈی ایف پلس (مثالی) کا درجہ حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم کامیابی مہاتما گاندھی کے صاف ستھرے بھارت کے وژن کی مضبوط بنیاد پر استوار ہے، جسے وزیراعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ بارہ برسوں کے دوران مزید آگے بڑھایا گیا اور اس کے تحت صفائی و ستھرائی کے میدان میں کئی نمایاں سنگِ میل حاصل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن (دیہی) کے تحت دیہی علاقوں میں تقریباً 12 کروڑ بیت الخلاء تعمیر کیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں صفائی ستھرائی سے متعلق عادات اور طرزِ عمل میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ(ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کی جانب سے عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے بارے میں قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی آگاہی مہم نہایت اہم اقدامات ہیں، جو عوامی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے اور ماحولیات کے تحفظ کی کوششوں کو نئی تقویت فراہم کریں گے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 کے تحت استعمال شدہ پانی (گریے واٹر) کے مؤثر اور سائنسی نظم و نسق، فضلہ میں کمی، اور ‘‘فضلے سے دولت’’ جیسے اقدامات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹھوس فضلہ انتظام سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 کا ایک بنیادی جزو ہے، لہٰذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ فضلے کی علیحدگی اور ماحولیات کے تحفظ کو اپنی روزمرہ عادات اور طرزِ زندگی کا حصہ بنائیں۔ مرکزی وزیر نے خصوصی گرام سبھا، صفائی مہم، ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ شجرکاری مہم اور کمیونٹی سطح پر قائم ٹھوس فضلہ انتظامی اثاثوں اور سہولیات کی جانچ و تصدیق جیسی مختلف سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے تمام ریاستوں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، گرام پنچایتوں، نوجوانوں، خود امدادی گروپوں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ مہم میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ کی قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی آگاہی مہم ان قواعد کے مؤثر نفاذ اور عوامی قبولیت کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ کے سکریٹری جناب اشوک کے کے مینا نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 اپنے آخری سال میں داخل ہو چکا ہے، لہٰذا توجہ اس بات پر مرکوز رہنی چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ دیہات او ڈی ایف پلس (مثالی) کے درجے تک پہنچیں، دیہات میں نمایاں صفائی ستھرائی برقرار رہے، قائم شدہ سہولیات پوری طرح فعال رہیں اور ضلعی سطح کے پانی و صفائی مشنوں (ڈی ڈبلیو ایس ایم) کے ذریعے سوچھ بھارت مشن (دیہی) اور جل جیون مشن کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتیں ہمیشہ سے اس مشن کو زمینی سطح تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہیں اور مستقبل میں بھی حاصل شدہ کامیابیوں کو برقرار رکھنے اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں ان کا کردار نہایت اہم رہے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور مقامی انتظامیہ سے درخواست کی کہ مہم کے تحت انجام دی جانے والی تمام مقامی سرگرمیوں کی تفصیلات بروقت پینے کے پانی اور صفائی کے محکمے کو ارسال کی جائیں، تاکہ پیش رفت کا قومی سطح پر درست اندراج اور جائزہ لیا جا سکے اور جہاں قابلِ اطلاق ہو، مشن لائف کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں کی مؤثر رپورٹنگ بھی کی جا سکے۔

اس سے قبل سوچھ بھارت مشن (دیہی) کی جوائنٹ سکریٹری و مشن ڈائریکٹر محترمہ ایشوریہ سنگھ نے ‘‘سوچھ گاؤں، سورکشت جل وایو’’ (ایس جی ایس جے) مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ مہم پینے کے پانی اور صفائی محکمہ (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کی جانب سے شروع کی گئی ہے اور اس کا براہِ راست تعلق مشن لائف اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس جی ایس جے مہم کو پانچ دنوں پر مشتمل مخصوص سرگرمیوں کے ساتھ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ اسے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں یکساں طور پر نافذ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 اور اس حوالے سے معزز سپریم کورٹ کے مختلف احکامات ان ضوابط پر عمل درآمد کے لیے واضح رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ضوابط دیہی علاقوں میں عمل درآمد کے لیے ایک جامع فریم ورک، ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور نگرانی کا مؤثر نظام فراہم کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ پینے کے پانی اور صفائی کے محکمہ کی جانب سے تیار کی گئی قومی سطح کی اطلاعاتی، تعلیمی اور عوامی آگاہی مہم کا مقصد بھی انہی ضوابط کی مختلف دفعات کو آسان اور عام فہم انداز میں پیش کرنا ہے تاکہ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے لیے انہیں آسانی سے قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔
اس مہم سے امید کی جاتی ہے کہ یہ مشن لائف، ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات (کلائمیٹ ایکشن) اور ٹھوس فضلہ انتظامی ضوابط 2026 سے متعلق بیداری کو مزید مضبوط بنائے گی۔ یہ مہم سوچھتا کے لیے عوامی شمولیت (جن بھاگیداری) کو بھی فروغ دے گی اور اس طرح سوچھ بھارت مشن (دیہی) 2.0 کے وسیع تر وژن کی تائید کرے گی۔ اس کے نتیجے میں پروگرام کے تحت حاصل ہونے والے نتائج کی پائیداری کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
************
ش ح۔ت ف۔ش ت
(U: 7852)
(ریلیز آئی ڈی: 2267865)
وزیٹر کاؤنٹر : 7