وزارت دفاع
جنرل این ایس راجہ سبرامنی نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور سیکریٹری، محکمۂ فوجی امورکا عہدہ سنبھالا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 MAY 2026 9:51PM by PIB Delhi
جنرل این ایس راجہ سبرامنی، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، ایس ایم، وی ایس ایم نے 31 مئی 2026 کو تیسرے چیف آف ڈیفنس اسٹاف ( سی ڈی ایس) اور محکمۂ فوجی امور کے سیکریٹری کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔انہوں نے اپنے پیش روؤں کی شاندار قیادت اور خدمات کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ ان کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے ملک کی جانب سے مسلح افواج پر کیے گئے اعتماد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ “ہول آف نیشن اپروچ” کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں گے۔جنرل راجہ سبرامنی نے اس بات پر زور دیا کہ وہ مسلح افواج میں مشترکہ حکمتِ عملی، انضمام اور ہم آہنگی کو فروغ دیں گے اور مقامی دفاعی ساز و سامان کی تیز تر ترقی، شمولیت اور انضمام پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ “آتم نربھرتا” (خود انحصاری) کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) نے افکار و عمل میں جدت اور تمام متعلقہ فریقین کے درمیان مزید تعاون پر زور دیا تاکہ صلاحیتوں کی ترقی اور جدید کاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔انہوں نے مسلح افواج کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے ان کی تربیت کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ سابق فوجیوں اور ویر ناریوں (شہداء کی بیواؤں) کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے تمام رینکس کو تبدیلی کو قبول کرنے، فوجی اقدار کو برقرار رکھنے اور ہر شعبے میں فضیلت حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے کی تلقین کی۔
جنرل این ایس راجہ سبرامنی نے نئی دہلی میں واقع نیشنل وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کی خدمت میں عظیم قربانی دینے والے سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو ساؤتھ بلاک کے لان میں تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
ایک انتہائی ممتاز اور اعلیٰ اعزازات سے سرفراز افسر ہونے کے ناطے جنرل سبرامنی نے چار دہائیوں سے زائد خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں دسمبر 1985 میں گڑھوال رائفلز میں کمیشن ملا۔اپنے شاندار فوجی کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد اہم کمانڈ اور اسٹاف ذمہ داریاں انجام دیں، جن میں جنرل آفیسر کمانڈنگ، 2 کور؛ جنرل آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سنٹرل کمانڈ؛ اور وائس چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے شامل ہیں۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ نیشنل سکیورٹی کونسل سیکریٹریٹ میں ملٹری ایڈوائزر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
***
ش ح ۔ش ت۔اش ق
U. No.7798
(ریلیز آئی ڈی: 2267390)
وزیٹر کاؤنٹر : 8