وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

منگولیا میں بھگوان بدھ کے ممتاز شاگردوں کے مقدس آثار کی تنصیب

گاندان تیگچنلنگ خانقاہ میں "ویسلز آف لائٹ(روشنی کے آثار)" نمائش کا آغاز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 MAY 2026 8:06PM by PIB Delhi

ہندوستان اور منگولیا کے ثقافتی و روحانی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر، بھگوان بدھ کے دو ممتاز شاگردوں، ارہت ساری پترا اور ارہت مہاموگلانا، کے مقدس آثار کو بدھ پورنیما (ویساک ڈے) 2026 کے موقع پر منگولیا کے دارالحکومت اولان باتر میں واقع گاندان تیگچنلنگ خانقاہ میں باضابطہ مذہبی رسومات کے ساتھ نصب کیا گیا۔

31 مئی سے 10 جون 2026 تک جاری رہنے والی دس روزہ نمائش کے لیے ہندوستان سے لائے گئے ان مقدس آثار کا ہزاروں عقیدت مندوں اور سنگھا کے اراکین نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ استقبال کیا۔ نمائش کا افتتاح آسام کے معزز گورنر جناب لکشمن پرساد آچاریہ، منگولیا میں ہندوستان کے سفیر جناب اتل ملہاری گوٹسروے، حکومتِ منگولیا کے سینئر معززین، بدھ مت کے ممتاز رہنماؤں، بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن کے نمائندوں، مہا بودھی سوسائٹی کے اراکین اور سری لنکا سے آئے ہوئے مہمانوں کی موجودگی میں کیا گیا۔

اس نمائش کا اعلان وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے اکتوبر 2025 میں منگولیا کے صدر محترم اُخناگین خورلسوخ کے ہندوستان کے سرکاری دورے کے موقع پر کیا تھا۔ یہ اقدام ہندوستان اور منگولیا کے درمیان گہرے روحانی اور تہذیبی روابط کی عکاسی کرتا ہے، جن کی جڑیں بھگوان بدھ کی تعلیمات میں پیوست ہیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آسام کے گورنر شری لکشمن پرساد آچاریہ نے اس موقع کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ مقدس آثار روشن خیالی کی زندہ روشنی کی علامت ہیں، جو امن، ہمدردی اور ہم آہنگی کا عالمگیر پیغام لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانچی کے مقدس اسٹوپا میں صدیوں سے محفوظ ارہت ساری پترا اور ارہت مہاموگلانا کے آثار ہندوستان کے سب سے قیمتی تہذیبی ورثوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منگولیا میں ان آثار کی نمائش دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، احترام اور دوستی کی گہری علامت ہے۔

ہندوستان-منگولیا کی پائیدار شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے اس بیان کو یاد کیا کہ ہندوستان اور منگولیا صدیوں سے بدھ مت کے ذریعے جڑے ہوئے ’’روحانی پڑوسی‘‘ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ نمائش ایک ایسے اہم موقع پر منعقد ہو رہی ہے جب دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے 70 سال اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منگولیا میں ہندوستان کے سفیر جناب اتل ملہاری گوٹسروے نے امن، ہم آہنگی، سماجی انصاف اور عقلی فکر سے متعلق بھگوان بدھ کی تعلیمات کی لازوال معنویت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور منگولیا، اسٹریٹجک شراکت داروں اور روحانی برادر ممالک کی حیثیت سے، بدھ مت کے ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنے تعاون کو مسلسل وسعت دے رہے ہیں۔ اس مقصد کے تحت مقدس کانجور مخطوطات کا تحفہ، عالمی بدھ سربراہی اجلاس اور ایشیائی بدھسٹ سربراہی اجلاس، بدھ مت کے مخطوطات کی ڈیجیٹلائزیشن، اور نالندہ یونیورسٹی و گنڈان تیگچنلنگ خانقاہ کے درمیان تعلیمی تعاون جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ارہت ساری پترا اور ارہت مہاموگلانا کے آثار اس سے قبل صرف ایک بار بیرونِ ملک لے جائے گئے تھے، جب 2024 میں انہیں تھائی لینڈ میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اس لحاظ سے منگولیا میں یہ نمائش ایک غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان مقدس آثار کو پروٹوکول اور سیکیورٹی کے اعتبار سے ’’سربراہِ مملکت‘‘ کا درجہ دیا گیا تھا، اور انہیں ہندوستانی فضائیہ کے خصوصی آئی ایل-76 (گجراج) طیارے کے ذریعے منگولیا پہنچایا گیا۔

ایک خصوصی نمائش بعنوان "روشنی کے آثار: نقش نگاری، مقدس نوادرات اور دھمّ کے راستے پر شاکی مُنی بدھ کا سفر — ہندوستانی عجائب گھروں کے ذخائر کی روشنی میں" کا بھی گنڈان تیگچنلنگ خانقاہ کے احاطے میں افتتاح کیا گیا۔ نئی دہلی کے نیشنل میوزیم کی جانب سے تیار کی گئی یہ نمائش ہندوستانی عجائب گھروں کے ذخائر سے منتخب کیے گئے نادر نوادرات کے ذریعے بھگوان بدھ کی زندگی، تعلیمات اور فنّی عکاسی کی ایک جامع بصری داستان پیش کرتی ہے۔ یہ نمائش ہندوستان کے عظیم بدھ مت ورثے اور عصرِ حاضر میں اس کی مسلسل معنویت کو اجاگر کرتی ہے۔

اس نمائش کا اہتمام وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند، نیشنل میوزیم نئی دہلی، حکومتِ مدھیہ پردیش، بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی )، مہابودھی سوسائٹی آف سری لنکا اور گنڈان تیگچنلنگ خانقاہ نے حکومتِ ہند اور حکومتِ منگولیا کے تعاون سے کیا ہے۔

یہ مقدس آثار 10 جون 2026 تک عوامی نمائش کے لیے رکھے جائیں گے تاکہ منگولیا بھر سے آنے والے عقیدت مند اور زائرین ان کی زیارت اور تعظیم کر سکیں۔ اس موقع پر ہزاروں بدھ مت کے پیروکاروں اور زائرین کی شرکت متوقع ہے، جس سے ہندوستان اور منگولیا کے درمیان صدیوں پرانے روحانی رشتے مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے عوام کو جوڑنے والے بدھ مت کے مشترکہ ورثے کی اہمیت مزید اجاگر ہوگی۔

 

***


 

UR-7789

(ش ح۔اس ک  )

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2267342) وزیٹر کاؤنٹر : 10