وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایس ایم نے بھارتی بحریہ کے 27ویں سربراہ (چیف آف دی نیول اسٹاف) کا عہدہ سنبھال لیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 31 MAY 2026 4:01PM by PIB Delhi

ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایس ایم نے 31 مئی 2026 کو بھارتی بحریہ کے 27ویں سربراہ (چیف آف دی نیول اسٹاف) کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے ایڈمرل دنیش کمار تریپاٹھی، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، این ایم کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی، جو 41 برس کی ممتاز خدمات کے بعد سبکدوش ہوئے۔

ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو یکم جولائی 1987 کو بھارتی بحریہ میں کمیشن دیا گیا تھا۔ مواصلات اور الیکٹرانک جنگی حکمتِ عملی  کے ماہر ایڈمرل سوامی ناتھن نے تقریباً چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے دوران آپریشنل، انتظامی اور تربیتی شعبوں میں متعدد اہم ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ ان کی سمندری کمانڈز میں گائیڈڈ میزائل بردار جہاز آئی این ایس ودیوت اور آئی این ایس وِناش، گائیڈڈ میزائل کارویٹ آئی این ایس کولش، گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس میسور اور طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرمادتیہ شامل ہیں۔

ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کے بعد انہوں نے جنوبی بحری کمان کے ہیڈکوارٹر، کوچی میں چیف اسٹاف آفیسر (تربیت) کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں انہیں فلیگ آفیسر سی ٹریننگ مقرر کیا گیا اور اس کے بعد انہوں نے بھارتی بحریہ کے مغربی بیڑے، جسے بحریہ کا ’’شمشیر بازو‘‘ کہا جاتا ہے، کی کمان سنبھالی۔ بعد میں انہیں فلیگ آفیسر آف شور ڈیفنس ایڈوائزری گروپ اور حکومتِ ہند کے مشیر برائے آف شور سلامتی و دفاع مقرر کیا گیا۔

وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہوں نے چیف آف اسٹاف، مغربی بحری کمان، کنٹرولر پرسنل سروسز، چیف آف پرسنل اور بحریہ کے ہیڈکوارٹر میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف جیسے اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ سربراہِ بحریہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل وہ بھارتی بحریہ کی ممتاز مغربی بحری کمان کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف تھے۔

ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑک واسلہ، جوائنٹ سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، شریونہم (برطانیہ)، کالج آف نیول وارفیئر، کرنجا اور امریکی نیول وار کالج، نیوپورٹ، روڈ آئی لینڈ کے سابق طالب علم ہیں۔

ان کی تعلیمی اسناد میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی سے بی ایس سی، کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیلی کمیونیکیشنز میں ایم ایس سی، کنگز کالج لندن سے دفاعی مطالعات میں ایم اے، ممبئی یونیورسٹی سے اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ایم فل اور بین الاقوامی مطالعات میں پی ایچ ڈی شامل ہیں۔

ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں پرم وششٹ سیوا میڈل (پی وی ایس ایم)، اَتی وششٹ سیوا میڈل (اے وی ایس ایم) اور وششٹ سیوا میڈل (وی ایس ایم) سے نوازا جا چکا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/(1)CNS-BatonHandingOverZHE2.JPG

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/(8)CNSinOffice443P.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/(12)OONY.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/WhatsAppImage2026-05-31at4.09.27PMFTIR.jpeg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7782

 


(ریلیز آئی ڈی: 2267267) وزیٹر کاؤنٹر : 14