نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر نے کرناٹک کے بیلتھنگڈی میں سیری متھرو شری صنعتی پارک کا افتتاح کیا
سیری خواتین کی قیادت میں سماجی تبدیلی اور جامع ترقی کا ایک مثالی نمونہ ہے: نائب صدر
وکست بھارت کی جانب بھارت کا سفر خود انحصاری اور دیہی بااختیاری پر مبنی ہونا چاہیے: نائب صدر
دھرم استھل صدیوں سے ہم آہنگی، بقائے باہمی اور خدمت کی زندہ علامت رہا ہے: نائب صدر
تمام مذاہب کے احترام کے ساتھ مذہب کی جبراً تبدیلی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 MAY 2026 2:06PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج دھرم استھل سے کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑ کے بیلتھنگڈی میں قائم سیری متھرو شری صنعتی پارک کا افتتاح کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ خوشحال دیہی بھارت کا خواب سیری جیسے اداروں کے ذریعے حقیقی معنوں میں شرمندۂ تعبیر ہو سکتا ہے، جنہوں نے روزگار کے مواقع پیدا کرکے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ہزاروں خواتین اور دیہی قوموں کو بااختیار بنایا ہے۔
شری کشیتر دھرم استھل کی جانب سے فروغ دی جانے والی اقدار کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ بھارتی تہذیب ہمیشہ تمام مذاہب کا احترام کرتی آئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذہب سے قطع نظر عقیدت و عبادت (بھکتی) سماجی ہم آہنگی اور اخلاقی قوت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سیکولرزم کے جذبے کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ تمام مذاہب کے ساتھ مساوی احترام اور وقار کا برتاؤ کیا جانا چاہیے، جبکہ کسی بھی قسم کی جبری مذہب کی تبدیلی کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
نائب صدر نے راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمان اور سیری کے صدر ڈاکٹر ڈی۔ ویریندر ہیگڑے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی زندگی کو ’’سماج کے لیے ایک پیغام‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً چھ دہائیوں سے ڈاکٹر ہیگڑے یہ ثابت کرتے آئے ہیں کہ روحانیت کس طرح تعمیری سماجی تبدیلی کے لیے ایک مؤثر قوت بن سکتی ہے۔
نائب صدر نے خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی بہبود کے میدان میں محترمہ ہیماوتی وی۔ ہیگڑے کے کردار کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ کسی بھی سماجی مشن کی کامیابی کو شریکِ حیات کی حمایت اور وابستگی مزید مضبوط بناتی ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سیری آج براہِ راست 3 ہزار سے زائد اور بالواسطہ 10ہزار سے زیادہ افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے، جن میں اکثریت پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ہے، نائب صدر نے اسے ’’سماجی تبدیلی کی حقیقی تصویر‘‘ قرار دیا۔
نائب صدر نے کہا کہ حقیقی ترقی وہی ہے جو انسانی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالے اور معاشرے کے ہر طبقے میں وقار، مواقع اور اعتماد پیدا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کے لیے جامع ترقی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’’وکست بھارت 2047‘‘ کے ویژن کا بنیادی ستون ہے۔
سیری کی ترقی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ یہ ادارہ استقامت، جدت، قربانی اور لگن کے ذریعے قائم کیا گیا ہے اور اس نے ہمیشہ معیار کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ انہوں نے بالخصوص نئے افتتاح شدہ سیری متھرو شری صنعتی پارک کے انسان دوست طرزِ عمل کو سراہا، جس میں خواتین ملازمین کے لیے ہاسٹل کی سہولیات، رہائشی کوارٹرز، بچوں کی نگہداشت کے انتظامات، صاف ستھرے باورچی خانے، نقل و حمل کی سہولیات اور دیگر فلاحی انتظامات شامل ہیں۔
سیری کی متنوع سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ اس ادارے نے روایتی مہارتوں کو جدید انتظامی طریقوں کے ساتھ کامیابی سے ہم آہنگ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کے لیے مؤثر اور ہمدردانہ نظم و نسق ناگزیر ہے اور انہیں خوشی ہے کہ سیری نے انتظامی امور میں سائنسی اور انسانی اقدار پر مبنی نقطۂ نظر اختیار کیا ہے۔
خود انحصاری کے قومی ویژن کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ’’ووکل فار لوکل‘‘ اور ’’آتم نربھر بھارت‘‘ کا جذبہ بھارت کے ترقیاتی سفر کی رہنمائی کرنا چاہیے۔ سیری کو قومی سطح پر قابلِ تقلید نمونہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ صنعتیں سماجی ذمہ داری نبھانے والی، خواتین مرکوز، ماحول دوست اور انسانی اقدار کی حامل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر میں اسی نوعیت کے دیہی صنعتی نظام فروغ پائیں گے۔
اس سے قبل دن کے آغاز میں نائب صدر نے دھرم استھل میں شری منجوناتھ سوامی مندر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پوجا اور پرارتھنا کی۔ انہوں نے انّاپورنا پرساد نلایا کا بھی دورہ کیا، عقیدت مندوں سے ملاقات کی اور مندر کی جانب سے ہمدردی، مساوات اور عقیدت کی بنیاد پر جاری اجتماعی خدمت اور مفت طعام کی دیرینہ روایت کو سراہا۔
اس موقع پر کرناٹک کے گورنر جناب تھاور چند گہلوت، راجیہ سبھا کے رکنِ پارلیمان اور سیری کے صدر ڈاکٹر ڈی۔ ویریندر ہیگڑے، لوک سبھا کے رکنِ پارلیمان جناب برجیش چوٹا اور سیری کی بانی محترمہ ہیماوتی وی۔ ہیگڑے سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7777
(ریلیز آئی ڈی: 2267216)
وزیٹر کاؤنٹر : 26