شہری ہوابازی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اڑتیس ہوائی اڈوں پر ڈیجی یاترا کے استعمال کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی


ہندوستان کے ڈیجیٹل ہوا بازی انقلاب میں ایک اہم سنگِ میل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 MAY 2026 5:55PM by PIB Delhi

ہندوستان کے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ڈیجی یاترا ایپ کے ذریعے 10 کروڑ سے زائد ہموار سفری تجربات مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پلیٹ فارمز پر اس ایپ کو 2.4 کروڑ سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ یہ پلیٹ فارم آج عالمی ہوا بازی کے شعبے کی کامیاب ترین ڈیجیٹل اختراعات میں شمار کیا جاتا ہے۔

دستی دستاویزاتی جانچ کے عمل کو ختم کرکے اس پلیٹ فارم نے ہوائی اڈوں پر داخلے کے اوسط وقت کو فی مسافر 15 سیکنڈ سے کم کرکے صرف 5 سیکنڈ تک محدود کر دیا ہے۔ اس تیز رفتار عمل نے ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے کے مؤثر استعمال، بھیڑ میں کمی اور دستی جانچ کے بوجھ کو نمایاں طور پر کم کیا ہے۔

اس کے علاوہ، فزیکل بورڈنگ پاس کے استعمال کے خاتمے سے ماحولیاتی تحفظ کو بھی فروغ ملا ہے اور شریک ہوائی اڈوں پر روزانہ ہزاروں کاغذی صفحات کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

اس کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جناب رام موہن نائیڈو نے کہا، ’’میں ڈیجی یاترا ٹیم کو 10 کروڑ استعمال کے سنگ میل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ بغیر کاغذ اور بغیر رابطے کے سفر پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ 2014 میں روزانہ گھریلو فضائی مسافروں کی اوسط تعداد دو لاکھ سے کم تھی، جبکہ گزشتہ تین برسوں کے دوران متعدد مواقع پر یہ تعداد پانچ لاکھ یومیہ سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جناب نریندر مودی کے وژن کے مطابق فضائی سفر کو مزید آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے ہندوستانی ہوائی اڈوں پر سالانہ مسافروں کی تعداد 2030 تک 50 کروڑ اور 2040 تک تقریباً 100 کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تیزی سے بڑھتی ہوئی مانگ کو مؤثر انداز میں سنبھالنے کے لیے ڈیجی یاترا، سیلف بیگیج ڈراپ سہولت، ایئر ٹریفک کنٹرول آٹومیشن سسٹمز کی توسیع، شکایات کے ازالے کے لیے ایئر سیوا پورٹل اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ڈیجیٹل ٹوئنز جیسے متعدد جدید ڈیجیٹل حل اختیار کیے جا رہے ہیں۔

مستقبل کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے جناب رام موہن نائیڈو نے کہا، ’’جب دنیا کے کئی ممالک بڑے پیمانے پر بایومیٹرک مسافر پروسیسنگ کے نفاذ پر غور کر رہے ہیں، ہندوستان نے مختصر مدت میں ڈیجی یاترا کو کامیابی سے نافذ اور وسعت دی ہے۔ اس وقت یہ سہولت 38 ہوائی اڈوں پر دستیاب ہے اور آئندہ سال مزید 27 ہوائی اڈوں کو اس سے جوڑا جائے گا۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال فعال ہونے والے گرین فیلڈ ہوائی اڈے نوی ممبئی، جیور اور بھوگاپورم مکمل طور پر ڈیجی یاترا سے مربوط ہوں گے۔

فضائی سفر کو مزید آسان بنانے کے اپنے وژن پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ڈیجی یاترا کو زیادہ جامع بنانے کے لیے اس میں فی الحال 11 زبانوں کی سہولت موجود ہے، جبکہ رواں سال کے اختتام تک مزید 11 علاقائی زبانیں شامل کی جائیں گی۔ ان کے مطابق یہ اقدام عام شہری کے لیے فضائی سفر کو حقیقی معنوں میں قابلِ رسائی بنانے کے جناب نریندر مودی کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔

ڈیجی یاترا کا بنیادی نظام سکیورٹی اور مسافروں کی رازداری کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ مسافروں کا ڈیٹا خفیہ شکل میں صرف ان کے اپنے موبائل آلے میں محفوظ رہتا ہے اور فوری تصدیق کی غرض سے محدود وقت کے لیے صرف متعلقہ ہوائی اڈے کے ساتھ شیئر کیا جاتا ہے۔

شہری ہوا بازی کی وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستانی ہوائی اڈوں پر سفری تجربے کو عالمی معیار کی مثال بنانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ ڈیجیٹل انڈیا اور سب کے لیے ہوا بازی کے وژن کے تحت وزارت مسافروں کے لیے فضائی سفر کو مزید ہموار، آسان اور پریشانی سے پاک بنانے کے لیے پُرعزم ہے

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

U : 7762


(ریلیز آئی ڈی: 2267089) وزیٹر کاؤنٹر : 12