سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
مرکز اور مغربی بنگال مرکزی سائنس اور اختراعی اسکیموں کو فوری طور پر نافذ کریں گے
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ سویندو ادھیکاری کے درمیان مغربی بنگال میں سائنسی اقدامات کی وقت کی پابند توسیع پر تبادلہ خیال
مغربی بنگال انسپائر، وگیان جیوتی، وائز اورکرن اسکیموں کا دائرہ کار بڑھائے گا؛ آرسینک پوائزننگ پر ریسرچ اور کینسر کی دوا کے ٹرائلز کولکاتہ میٹنگ کے اہم نتائج کے طور پر سامنے آئے
مغربی بنگال میں کلینیکل ریسرچ کے لیے سائنسی ادارے، میڈیکل کالجز اور ایمس نیٹ ورکس باہم تعاون کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 MAY 2026 5:13PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنسز اور وزیرِ مملکت برائے پی ایم او، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کولکاتہ میں مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ سویندو ادھیکاری کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی، جس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ سائنس، ریسرچ، اختراع اور اسٹارٹ اپس سے متعلق تمام بڑی مرکزی اسکیموں کو مغربی بنگال میں فوری طور پر نافذ کیا جائے گا۔
اس میٹنگ میں علاقائی اہمیت کے دو اہم فیصلے بھی کیے گئے؛ پہلا، سی ایس آئی آر کے اداروں کے ذریعے مغربی بنگال کے متاثرہ اضلاع میں آرسینک پوائزننگ پر ایک خصوصی ریسرچ کا آغاز اور دوسرا، ممتاز سائنسی اداروں، سرکاری میڈیکل کالجوں، کینسر ہسپتالوں اور ایمس سے منسلک میڈیکل نیٹ ورکس کے اشتراک سے کینسر اور اینٹی مائکروبیل تھراپیز پر کلینیکل اور ڈرگ ٹرائل سے متعلق تحقیقی کام کا آغاز۔
اس میٹنگ میں مغربی بنگال میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والے سائنسی اداروں کے ڈائریکٹرز اور نمائندوں نے شرکت کی۔ بات چیت کا محور ریاست بھر میں سائنسی تحقیق، اختراع، بائیوٹیکنالوجی، کلینیکل اسٹڈیز، اسٹارٹ اپ کے فروغ اور سائنس کی تعلیم کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے مرکز اور ریاستی حکومت کے درمیان ایک مربوط فریم ورک قائم کرنا تھا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مغربی بنگال ایک مضبوط سائنسی اور تعلیمی ایکو سسٹم کا حامل ہے، جہاں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت کام کرنے والے ادارے پہلے ہی ریاست بھر میں سرگرم ہیں اور تحقیق کے جدید شعبوں میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تحقیقی اداروں، میڈیکل کالجوں اور ہیلتھ کیئر نیٹ ورکس کے اشتراک سے سائنسی تحقیق، کلینیکل ٹرائلز اور اختراع پر مبنی تعاون کے لیے وسیع امکانات رکھتی ہے۔
بات چیت میں مغربی بنگال کے اسکولوں اور کالجوں میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی طلبہ اور خواتین پر مبنی اسکیموں کے نفاذ پر خاص توجہ دی گئی۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ سائنسی مزاج ، اختراع اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں طلبہ اور خواتین کی شرکت کو مضبوط بنانے کے لیےانسپائر، انسپائر مانک، وگیان جیوتی،کرن اور وائز جیسے فلیگ شپ پروگراموں کی توسیع کی جائے گی اور انہیں ایک مربوط انداز میں نافذ کیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی سائنسی اسکیموں کو مغربی بنگال کے تعلیمی اداروں کے ساتھ جوڑنے سے نوجوانوں میں اختراع، سائنسی سیکھنے کے عمل اور تحقیق پر مبنی ٹیلنٹ کی نشوونما کے لیے ایک مضبوط بنیاد تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
اس میٹنگ میں خطے کے لحاظ سے خاص طور پر مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں عوامی صحت کو متاثر کرنے والے شعبوں میں مخصوص سائنسی اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کے کئی اضلاع سے رپورٹ ہونے والے آرسینک پوائزننگ کے معاملے پر سی ایس آئی آر کی قیادت میں سائنسی مطالعہ فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی، سائنسی اداروں، سرکاری میڈیکل کالجوں، کینسر ہسپتالوں اور ممتاز ہیلتھ کیئر اداروں کے درمیان تال میل کے ذریعے کینسر کی دواؤں، اینٹی مائکروبیل تھراپیز اور کلینیکل ریسرچ سے متعلق مشترکہ تحقیقی کوششوں کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سائنسی اداروں، تعلیمی اداروں ، ہیلتھ کیئر انفراسٹرکچر اور اختراعی ایکو سسٹمز کا یہ ملاپ مشرقی ہندوستان میں سائنس کی قیادت میں علاقائی ترقی کا ایک نیا ماڈل تیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی اداروں اور تعلیمی اداروں کی مربوط شرکت سے بھارت کی ابھرتی ہوئی علمی اور اختراعی معیشت میں ریاست کے تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
مزید یہ فیصلہ کیا گیا کہ عمل درآمد کا روڈ میپ تیار کرنے کے لیے اگلے چند دنوں میں ریاستی سائنس و ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ اور مرکزی سائنسی وزارتوں و محکموں کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک ابتدائی تال میل میٹنگ بلائی جائے گی۔ اس کے بعد، ان اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور تعاون کے مزید شعبوں کی نشاندہی کے لیے وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ اعلیٰ سطحی وزارتی بات چیت ہوگی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ میٹنگ کے دوران کیے گئے فیصلے ریاست میں سائنسی ترقی، تحقیقی تعاون، اسٹارٹ اپ کی نشوونما اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی بہبود کے اقدامات کو تیز کرنے کے لیے مرکز اور مغربی بنگال حکومت کے درمیان مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔




***
ش ح۔ ک ح۔ خ م
U. No. 7577
(ریلیز آئی ڈی: 2265544)
وزیٹر کاؤنٹر : 12