یو پی ایس سی
یونین پبلک سروس کمیشن نے سول سروسز (ابتدائی) امتحان-2026 ملک بھر کے 83 شہروں میں قائم 2,072 مراکز پر منعقد کیا
یو پی ایس سی کے چیئرمین ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق امتحانی عمل کی شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنانے کے لیے متعدد تکنیکی اقدامات کیے گئے، جن میں پہلی بار حقیقی وقت میں چہرے کی تصدیق (ریئل ٹائم فیس آتھنٹیکیشن) بھی شامل ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 MAY 2026 5:49PM by PIB Delhi
یونین پبلک سروس کمیشن نے آج، یعنی 24 مئی 2026 کو، سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2026، بشمول انڈین فاریسٹ سروس (ابتدائی) امتحان 2026، ملک بھر کے 83 امتحانی مراکز (شہروں) میں قائم 2,072 امتحانی مقامات پر منعقد کیا۔ عبوری اعداد و شمار کے مطابق، امتحان کے لیے درخواست دینے والے مجموعی 8,19,732 امیدواروں میں سے تقریباً 5.49 لاکھ امیدوار، یعنی لگ بھگ 67 فیصد، امتحان میں شریک ہوئے۔ اس کے مقابلے میں، سول سروسز (ابتدائی) امتحان 2025 میں تقریباً 9.5 لاکھ درخواست دہندگان میں سے تقریباً 61 فیصد، یعنی لگ بھگ 5.8 لاکھ امیدواروں نے امتحان دیا تھا۔
اس سال کمیشن نے پہلی بار امتحانی مراکز پر امیدواروں کی حقیقی وقت میں چہرے کی تصدیق (ریئل ٹائم فیس آتھنٹیکیشن) متعارف کرائی تاکہ جعل سازی کو روکا جا سکے اور امتحانی عمل کی شفافیت و دیانت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ وزارت الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (MeitY) کے نیشنل ای-گورننس ڈویژن کے ذریعے تیار کردہ مقامی نظام نے تمام 2,072 مراکز پر کامیابی سے کام کیا۔ یہ ممکنہ طور پر یو پی ایس سی کی جانب سے کیا گیا سب سے بڑا ریئل ٹائم فیس آتھنٹیکیشن عمل تھا، اور اس کی سو فیصد کامیابی کمیشن کے شفافیت سے متعلق اقدامات میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔
امتحان کے پُرامن اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یو پی ایس سی کے چیئرمین ڈاکٹر اجے کمار نے کہا، ”میں یو پی ایس سی کی پوری ٹیم، نیشنل ای-گورننس ڈویژن، اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) کی کوششوں سے بے حد خوش ہوں، جنہوں نے اس امتحان کے انعقاد کے لیے انتھک محنت کی۔ اس کے علاوہ، فیس آتھنٹیکیشن پروٹوکول کا نفاذ شاید سب سے پیچیدہ عملی اقدامات میں سے ایک تھا، اور اس کا کامیاب انعقاد ہمارے لیے انتہائی اطمینان کا باعث ہے۔“
یہ امتحان دو لازمی سیشن میں منعقد کیا گیا، جس میں صبح کے سیشن میں جنرل اسٹڈیز (پیپر-I) صبح 09:30 بجے سے 11:30 بجے تک منعقد ہوا، جبکہ دوپہر کے سیشن میں سول سروسز اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ [پیپر-II] دوپہر 02:30 بجے سے 04:30 بجے تک لیا گیا۔ امتحان مقررہ ادارہ جاتی رہنما اصولوں اور امتحانی ضوابط کی سختی سے پابندی کرتے ہوئے منعقد کیا گیا۔
زیادہ امیدواروں والے مراکز میں، دہلی مرکز پر سب سے زیادہ 70,885 امیدواروں نے 144 مقامات پر درخواست دی، اس کے بعد حیدرآباد مرکز پر 100 مقامات پر 44,209 امیدوار، جبکہ پٹنہ مرکز پر 79 مقامات پر 39,147 امیدواروں نے درخواست دی۔ دوسری جانب، کرگل میں سب سے کم 98 امیدواروں نے ایک مقام پر درخواست دی، اس کے بعد پورٹ بلیئر میں ایک مقام پر 270 امیدوار، جبکہ لیہہ (لداخ) میں دو مقامات پر 308 امیدواروں نے درخواست دی۔
تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں کی سہولت کے لیے ضروری انتظامات اور سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر، تمام مراکز پر پینے کے پانی، بجلی کے بیک اَپ، طبی امداد، سایہ دار انتظار گاہوں، صفائی ستھرائی کی سہولیات، اور خصوصی ضرورتوں کے حامل امیدواروں کے لیے رسائی سے متعلق مناسب انتظامات یقینی بنائے گئے تھے۔ امتحان کے منظم انعقاد کے لیے تمام مراکز پر تربیت یافتہ نگران عملہ اور سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔ امتحان کو منصفانہ اور محفوظ بنانے کے لیے تمام امتحانی مقامات پر موبائل سگنل جیمر بھی نصب کیے گئے تھے۔
امتحانی مراکز میں بھیڑ کم کرنے کی کوشش کے تحت، یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے اس سال بھونیشور، کانپور، اور میرٹھ میں تین نئے امتحانی مراکز شامل کیے ہیں۔ کمیشن نے ایک ڈراپ ڈاؤن آپشن بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے امیدوار اپنے قریبی پسندیدہ شہروں کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ اس عمل کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا امیدواروں کی ترجیحات کے سروے کے طور پر استعمال ہوگا اور مستقبل میں مزید امتحانی مراکز قائم کرنے کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی میں مدد دے گا۔
امتحانی عمل میں شفافیت کو مزید بہتر بنانے کی اپنی مسلسل کوششوں کے تحت، یونین پبلک سروس کمیشن پہلی بار امتحان کے اختتام کے فوراً بعد عارضی جوابی کلید جاری کرے گا۔ کمیشن ابتدائی طور پر عارضی جوابی کلید شائع کرے گا اور امیدواروں سے، اگر کوئی اعتراضات ہوں، تو امتحان کی تاریخ سے ساتویں دن شام 6:00 بجے تک، یعنی 31 مئی 2026 تک، نمائندگی طلب کرے گا۔ موصول ہونے والی تمام نمائندگیوں اور امیدواروں کی جانب سے جمع کرائی گئی معاون دستاویزات کا بغور جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد متعلقہ سوالات کی جوابی کلید کی درستگی کے بارے میں غور و فکر کے بعد حتمی رائے قائم کی جائے گی۔
تاہم، حتمی جوابی کلید سول سروسز امتحان-2026 کے حتمی نتائج کے اعلان کے بعد ہی جاری کی جائے گی، جیسا کہ کمیشن کی موجودہ روایت ہے۔
امتحان کے لیے درخواست دینے والے مجموعی امیدواروں میں سے 11,224 امیدوار ایسے تھے جو بینچ مارک معذوری رکھنے والے افراد (40 فیصد یا اس سے زیادہ معذوری) اور معذور افراد (40 فیصد سے کم معذوری) کے زمرے سے تعلق رکھتے تھے۔ نابینا، حرکی معذوری (دونوں بازو متاثرہ) اور دماغی فالج کے زمرے میں شامل بینچ مارک معذوری رکھنے والے امیدواروں کو فی گھنٹہ 20 منٹ اضافی وقت، یعنی ہر سیشن میں 40 منٹ، فراہم کیے گئے۔ دیگر معذوریوں کے حامل امیدواروں اور 40 فیصد سے کم معذوری رکھنے والے ایسے افراد کو بھی، جنہیں لکھنے میں دشواری تھی، میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط پر اضافی وقت دیا گیا۔
کمیشن نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ سول سروسز (ابتدائی) امتحان-2026 اور انڈین فاریسٹ سروس (ابتدائی) امتحان-2026 کا کامیاب انعقاد مختلف متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں اور ان ادارہ جاتی نظاموں کی مسلسل مضبوطی کا مظہر ہے، جن کا مقصد امتحانی نظام میں شفافیت، کارکردگی، اور اعتماد کو یقینی بنانا ہے۔
**********
ش ح۔ ف ش ع
U: 7488
(ریلیز آئی ڈی: 2264864)
وزیٹر کاؤنٹر : 8