نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دولت مشترکہ کھیلوں کے دن کے موقع پر ملک بھر میں سائیکلنگ کے ذریعے فٹ انڈیا سنڈیز کا میگا 75واں ایڈیشن؛ احمد آباد، دولت مشترکہ کھیل 2030 کے اعزاز میں بھارت کے اس شاندار فٹنس خراجِ تحسین کی قیادت کرے گا


کھیل کود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے بھارت کے دولت مشترکہ کھیلوں کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں سی ڈبلیو جی جشن کا اعلان کیا؛ آیوشمان کھرانہ اور ممتاز اسپورٹس اسٹارز ملک بھر میں سی ڈبلیو جی تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے رہنما کا کردار ادا کریں گے

प्रविष्टि तिथि: 21 MAY 2026 5:17PM by PIB Delhi

فٹنس اور کھیلوں کے اب تک کے سب سے بڑے ملک گیر علامتی جشن کے طور پر، 24 مئی کو فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل انڈیا کا خصوصی 75واں ایڈیشن ملک بھر کے 8 ہزارسے زائد مقامات پر عوام کو متحد کرے گا۔ یہ ایڈیشن، جو راشٹردولت مشترکہ کھیلوں کے دن کی مناسبت سے منعقد ہو رہا ہے، بھارت کے کھیلوں کے روشن مستقبل اور احمد آباد میں منعقد ہونے والے 2030 کے دولت مشترکہ کھیلوں کے لیے ایک عظیم خراجِ تحسین ہوگا۔

نوجوانوں کے امور اور کھیل اور محنت و روزگار  کے مرکزی وزیرڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، سابرمتی ریور فرنٹ پر احمد آباد — جو کہ 2030 میں ہونے والے تاریخی صد سالہ دولت مشترکہ کھیلوں کا میزبان شہر ہے — سے ان تقریبات کی قیادت کریں گے۔ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ جناب ہرش سنگھوی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ احمد آباد ایڈیشن، جس کا موضوع ’’فٹر انڈیا کے لیے ایک نیا آئیکن – 2030 کی طرف بڑھتے قدم‘‘ ہے، میں ہزاروں سائیکل سواروں، نوجوان رضاکاروں، کھلاڑیوں اور فٹنس کے شائقین کی شرکت متوقع ہے، جو قومی یکجہتی، کھیلوں کی ثقافت اور عوامی شمولیت کا ایک شاندار مظاہرہ پیش کریں گے۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا، ’’پورا ملک 2030 میں دولت مشترکہ کھیلوں کے 100ویں ایڈیشن کی میزبانی کے تصور سے پرجوش ہے۔ 24 مئی کو، ہم اسے بہت بڑے پیمانے پر منانے جا رہے ہیں تاکہ کھیلوں کے ماحولیاتی نظام سے جڑے تمام لوگوں — کھیلوں کے شائقین، کھلاڑیوں، کوچز اور پورے اسپورٹس سسٹم — کو ایک ساتھ لایا جا سکے، تاکہ بھارت کے سی ڈبلیو جی کی میزبانی حاصل کرنے کا جشن منایا جا سکے اور ساتھ ہی اس کی تیاریوں کا آغاز کیا جا سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اس کا مقصد نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنا اور کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا ہے، اس لیے یہ بڑے پیمانے پر نوجوانوں کی قیادت میں منعقد ہونے والا جشن ہوگا۔‘‘

اداکار آیوشمان کھرانہ احمد آباد کی ان تقریبات کو چار چاند لگائیں گے، جہاں ان کے ہمراہ بھارت کے کئی ممتاز کامن ویلتھ اور اولمپک تمغہ یافتگان بھی موجود ہوں گے۔ ان میں ہاکی کی اسٹار کھلاڑی رجنی ایتی مارپو، گرجیت کور اور سونیکا ٹانڈی، شوٹرز انکور متل اور انجم مودگل اور بیڈمنٹن کھلاڑی ترپتی مرگنڈے شامل ہیں۔ مرکزی وزراء، ریاستی وزراء، اراکینِ پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں کی بھی اپنے اپنے علاقوں میں ان پروگراموں میں شرکت متوقع ہے، جس سے کھیلوں میں اسپورٹس جن بھاگیداری کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی۔

سنڈیز آن سائیکل پہل کی ملک گیر شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے، ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دولت مشترکہ کھیلوں کی تھیم پر مبنی سنڈیز آن سائیکل تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کڑی میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے علاقائی مراکز، نیشنل سینٹرز آف ایکسیلنس، کھیلو انڈیا سینٹرز اور ملک بھر کے مختلف مقامات بھارت کے دولت مشترکہ کھیلوں کے سفر کے نام خصوصی رائیڈز اور سرگرمیوں کا اہتمام کریں گے۔ دولت مشترکہ کھیلوں کے سابق چیمپئنز، اولمپئنز اور مایہ ناز کھلاڑی اپنے اپنے شہروں میں شہریوں کے ساتھ شامل ہوں گے، جو علامتی طور پر سی ڈبلیو جی کے جذبے کو اسٹیڈیم سے سڑکوں تک اور اعلیٰ درجے کے کھیلوں سے نچلی سطح  تک لے جائیں گے۔

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ رکشا نکھل کھڈسے گوہاٹی میں ان تقریبات کی رونق بڑھائیں گی، جبکہ سابق خاتون پہلوان ببیتا فوگٹ دھرم شالہ میں موجود ہوں گی۔ اس کے علاوہ فلم ’چک دے! انڈیا‘ کے لیے ترغیب بننے والی سابق ہاکی کھلاڑی صبا انجم ممبئی میں اپنی موجودگی درج کرائیں گی۔

اس 75ویں ایڈیشن کو محض ایک سائیکلنگ مہم کے طور پر نہیں، بلکہ ایک ملک گیر کھیلوں کے جشن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو عالمی سطح پر کھیلوں کی ایک بڑی طاقت کے طور پر بھارت کے ابھرتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ اس موقع پر احمد آباد کے ساتھ ساتھ ایس اے آئی  کے تمام علاقائی مراکز میں دولت مشترکہ کھیلوں کی تھیم پر مبنی ایک خصوصی نمائش کا بھی افتتاح کیا جائے گا، جس میں گزشتہ 12 برسوں کے دوران کھیلوں کے شعبے میں بھارت کی کامیابیوں بشمول کھیلو انڈیا مشن کے تحت حاصل کردہ سنگِ میل، بھارت کا وسعت پذیر اسپورٹس انفراسٹرکچر اور ملک میں کھیلوں کے سامان کی مینوفیکچرنگ کا بڑھتا ہوا نظام کو اجاگر کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد 2030 کے دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کے حوالے سے عوامی شمولیت کو مزید بڑھانا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اولمپک کی میزبانی کے ملک کے طویل مدتی عزائم کے لیے ایک ماحول تیار کرنا ہے۔ ملک بھر میں ’مائی بھارت‘ پلیٹ فارم کے ذریعے منعقدہ کوئز مقابلوں، ریل بنانے کے مقابلوں اور ٹارچ ڈیزائن چیلنجز میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوان پہلے ہی حصہ لے چکے ہیں، جو بھارت کے کھیلوں کے مستقبل کے لیے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے جوش و خروش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ تصور فٹ انڈیا موومنٹ کے تحت 17 دسمبر 2024 کو شروع کیا گیا فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل بہت تیزی سے ملک کی سب سے بڑی عوامی فٹنس تحریکوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ اب تک کے 74 ایڈیشنز کے دوران، اس اقدام کا دائرۂ کار 3.07 لاکھ سے زیادہ مقامات تک پہنچ چکا ہے، جس میں 50 لاکھ سے زیادہ سائیکل سواروں نے حصہ لیا ہے اور زمینی سرگرمیوں، ڈیجیٹل شرکت اور کمیونٹی آؤٹ ریچ کے ذریعے 7 کروڑ سے زیادہ بھارتی شہریوں کو اس سے جوڑا گیا ہے۔

یہ مہم سائیکلنگ سے آگے بڑھ کر یوگ، زومبا، روپ اسکیپنگ، تفریحی کھیلوں اور ویلنس کی سرگرمیوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے، جس نے فٹنس کو ہر عمر کے لوگوں کے لیے آسان، پرکشش اور ہمہ گیر بنا دیا ہے۔ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ’من کی بات‘ میں بارہا اس اقدام کو اجاگر کیا ہے، جس سے ایک صحت مند اور فٹ بھارت کے بنیادی اصول کے طور پر ’’فٹنس کا ڈوز، آدھا گھنٹہ روز‘‘ کے پیغام کو مزید تقویت ملی ہے۔

********

 

ش ح۔ ک ح۔ن ع

U. No.7393


(रिलीज़ आईडी: 2263882) आगंतुक पटल : 23
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Gujarati , Tamil , Kannada , Malayalam