نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

اینٹی ڈوپنگ قانون میں مجوزہ ترامیم کو عوامی مشاورت کے لیے پیش کیا گیا ہے، جن کا مقصد منظم ڈوپنگ سرگرمیوں کو جرم قرار دینا ہے


مجوزہ فریم ورک کے تحت کھلاڑیوں کو فوجداری کارروائی سے تحفظ حاصل رہے گا

کھیل اور نوجوانوں کے اُمور کی وزارت نے شراکت داروں  سے رائے لینے کے لیے عوامی مشاورت کا آغاز کیا ہے

مجوزہ دفعات کا مقصد ڈوپنگ میں ملوث اسمگلروں، غیر قانونی سپلائرز، منظم گروہوں اور بدعنوان معاون عملے کو قانون کے دائرے میں لانا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 MAY 2026 12:36PM by PIB Delhi

کھیل اور نوجوانوں کے اُمور کی وزارت نے ڈوپنگ سے متعلق مجوزہ قانونی ترامیم کو عوامی سطح پر جاری کر دیا ہے تاکہ متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت اور آراء حاصل کی جا سکیں۔

یہ مجوزہ فریم ورک ان بڑھتے ہوئے منظم نیٹ ورکس سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو ممنوعہ مادّوں اور طریقوں کی غیر قانونی ترسیل، فراہمی، استعمال اور تجارتی تقسیم میں ملوث ہیں۔

مجوزہ ترامیم کے تحت ڈوپنگ سے متعلق متعدد سرگرمیوں کو جرم قرار دینے کی تجویز ہے، جن میں ممنوعہ مادّوں اور طریقوں کی اسمگلنگ، غیر مجاز فروخت اور تقسیم؛ کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کی غرض سے ممنوعہ مادّوں کا استعمال کرانا؛ نابالغوں کو ایسے مادّوں کی فراہمی؛ ڈوپنگ سے جڑے منظم جرائم اور تجارتی سرگرمیاں؛ لازمی لیبلنگ کےبغیر ممنوعہ مادّوں کی فروخت؛ اور ڈوپنگ کی ترغیب دینے والے اشتہارات اور معاوضہ شدہ تشہیری مہمات شامل ہیں۔

ان مجوزہ دفعات کا ہدف وہ اسمگلر، غیر قانونی سپلائرز، منظم گروہ اور بدعنوان معاون عملہ ہیں جو ڈوپنگ نیٹ ورکس کا حصہ ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ وہ کھلاڑی جو مجوزہ مجرمانہ سرگرمیوں جیسے اسمگلنگ یا منظم جرائم میں ملوث نہیں پائے جاتے، انہیں صرف اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی یا مثبت ٹیسٹ آنے کی بنیاد پر فوجداری کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ کھلاڑیوں کی اینٹی ڈوپنگ خلاف ورزیوں کا معاملہ بدستور موجودہ اینٹی ڈوپنگ نظام کے تحت ہی نمٹایا جائے گا۔

ان مجوزہ ترامیم کا مقصد صاف ستھری شبیہ والے کھلاڑیوں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے کھیل اور کھلاڑیوں کا استحصال کرنے والے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف زیادہ مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

اس فریم ورک میں ان کھلاڑیوں کے لیے بھی تحفظات شامل کیے گئے ہیں جن کے پاس علاج کے لیےموزوں منظوری حاصل  ہو اور ان مستند طبی ماہرین کے لیے بھی جو ہنگامی طبی حالات میں کھلاڑی کو ممنوعہ ادویات یا طریقۂ علاج کے جائز استعمال کی ضرورت کے تحت خدمات انجام دے رہے ہوں۔

یہ مجوزہ اقدامات اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) کے کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف کنونشن کے تحت بھارت کے وعدوں سے ہم آہنگ ہیں اور عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ڈبلیو اے ڈی اے) کے مؤقف کے مطابق بھی ہیں۔

اس مجوزہ فریم ورک کا مقصد کھلاڑیوں کا تحفظ، کھیل کی دیانت داری، عوامی صحت اور مؤثر قانون نافذ کرنے کے عمل کے درمیان توازن قائم رکھنا ہے۔

اس سلسلے میں متعلقہ شراکت داروں کو18جون 2026 تک مجوزہ ترامیم پر اپنی آراء اور تجاویز عوامی مشاورت کے دوران جمع کرانے کی دعوت دی گئی ہے۔

عوامی مشاورت کے لیے پیش کیے گئے ترامیم کےمسودہ کا لنک نیچے فراہم کیا گیا ہے۔

https://share.google/SXWL3HPDlLNF1FYBJ

https://share.google/WP8VceaSIfs8r3X8l

*********

 (ش ح ۔  ع و۔ع ن)

U. No. 7371


(ریلیز آئی ڈی: 2263626) وزیٹر کاؤنٹر : 11