محنت اور روزگار کی وزارت
مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ7 مئی کو ملک گیر سطح پر مفت سالانہ طبی جانچ کی مہم کا آغاز کریں گے
محنت سے متعلق نئے ضابطوں کا نفاذ: ای ایس آئی سی کے تحت کارکنوں کے لیے مفت صحت جانچ مہم کا آغاز
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 MAY 2026 1:42PM by PIB Delhi
محنت اور روزگار نیز نوجوانوں کے اموراور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، 7 مئی 2026 کو 40 سال اور اس سے زائد عمر کے محنت کشوں کے لیے ’سالانہ طبی جانچ‘ کی ملک گیر مہم کا آغاز کریں گے، جیسا کہ نئے لیبر کوڈز کے تحت تجویز کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا باضابطہ افتتاح ایمپلائیز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) میڈیکل کالج اور ہسپتال، بسئی دارا پور، نئی دہلی سے کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر کے 11 دیگر ای ایس آئی سی ہسپتالوں میں بھی افتتاحی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں متعلقہ ریاستوں کے وزرائے محنت، اراکینِ پارلیمنٹ، اراکینِ اسمبلی اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔
یہ اقدام وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وسیع تر’شرم وِیو جیتے‘فریم ورک کے وژن کے عین مطابق ہے، جو محن کشوں کے وقار اور ان کے سماجی تحفظ کی مضبوطی پر زور دیتا ہے۔ اس مہم کا نفاذ ان چار نئے لیبر کوڈز کے ذریعے متعارف کرائی گئی انقلابی اصلاحات کا حصہ ہے، جن کے تحت محنت کشوں کے 29 مرکزی قوانین کو چار جامع ستونوں میں ضم کر دیا گیا ہے۔ ان اصلاحات کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کو آسان بنانا، روزگار کی باضابطہ فراہمی کو فروغ دینا اور سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہے۔
خاص طور پرسماجی تحفظ کا ضابطہ 2020 غیر منظم شعبے، گِگ اور پلیٹ فارم ورکرز تک سہولیات پہنچاتا ہے، ایک ’سوشل سیکورٹی فنڈ‘ قائم کرتا ہے اور ای ایس آئی سی کے فوائد کے دائرہ کار کو وسیع کرتا ہے۔ محنت کشوں کے اس نئے ڈھانچے کے تحت ایک اہم شق 40 سال اور اس سے زائد عمر کے ورکرز کے لیے سالانہ طبی جانچ کو لازمی قرار دینا ہے۔ ای ایس آئی اسکیم کے مستحقین کے لیے یہ جانچ ای ایس آئی سی کے ہسپتالوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے کی جائے گی، جن کی بنیادی توجہ بیماریوں کی بروقت تشخیص، احتیاطی علاج اور صحت کی مسلسل نگرانی پر ہوگی۔
اس کے علاوہ ایسے محنت کش جو کیمیکلز، زہریلے مادوں یا بھاری مشینری کے استعمال جیسے خطرناک کاموں میں مصروف ہیں، ان کے لیے عمر کی قید کے بغیر طبی معائنہ لازمی ہے۔ اس اقدام کے تحت صحت کے ریکارڈز کو منظم طریقے سے محفوظ کرنے اور افرادی قوت کی طویل مدتی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے وقفے وقفے سے نگرانی کا تصور بھی پیش کیا گیا ہے۔
یہ ملک گیر مہم پیشہ ورانہ صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، بھارت کی افرادی قوت کے لیے جامع صحت کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے اور وکست بھارت 2047 کے وژن کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
***
ش ح۔ م ع۔ ص ج
U.NO. 6697
(ریلیز آئی ڈی: 2258367)
وزیٹر کاؤنٹر : 12