وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم مودی 28 سے 29 اپریل کو اترپردیش کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم وارانسی میں مہیلا سمیلن میں شرکت کریں گے، جہاں وہ تقریباً 6350 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

یہ پروجیکٹس ریل، سڑک، پانی، حفظانِ صحت، سیاحت اور شہری بنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں پر احاطہ کرتے ہیں

وزیر اعظم دو نئی امرت بھارت ایکسپریس ریل گاڑیوں : بنارس – پونہ (ہڑپ سر) اور ایودھیا- ممبئی (لوک مانیہ تلک ٹرمنس)کو جھنڈی دکھا کر رخصت کریں گے

وزیر اعظم ہردوئی میں 594 کلو میٹر طویل محدود رسائی والے گرین فیلڈ گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے

تقریباً 36230 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر شدہ گنگا ایکسپریس وے  میرٹھ اور پریاگ راج کے درمیان موجودہ 10 سے 12 گھنٹے کے سفر میں خاطر خواہ کمی لاکر اسے تقریباً 6 گھنٹوں کے بقدر  کر دے گا

شاہجہاں پور میں 3.5 کلو میٹر طویل ایمرجنسی لینڈنگ سہولت  کا نظم اس کی اہم خصوصیت ہے، جو پروجیکٹ کے اقتصادی فوائد سے آگے کلیدی قدروقیمت کا اضافہ کرتی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 APR 2026 3:46PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 28 سے 29 اپریل کو اترپردیش کا دورہ کریں گے۔ 28 اپریل کو وارانسی  میں شام تقریباً 5 بجے، وزیر اعظم مہیلا سمیلن میں حصہ لیں گے، جہاں وہ تقریباً 6350 کروڑ روپے کے بقدر کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد  رکھیں گے۔ وہ اس موقع پر مجمع سے خطاب بھی کریں گے۔

29 اپریل کو وارانسی میں، صبح 8:30 بجے، وزیر اعظم شری کاشی وشوناتھ مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ بعد ازاں، وزیر اعظم  تقریباً 11:30 بجے ہردوئی کا سفر کریں گے، جہاں وہ گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ وہ اس موقع پر مجمع سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم وارانسی میں

وزیر اعظم مہیلا سمیلن میں شرکت کریں گے، جس میں پورے خطے سے خواتین کی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ وزیر اعظم 1,050 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے 48 مکمل شدہ پروجیکٹوں کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ کلیدی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں وارانسی-اعظم گڑھ روڈ کو چوڑا کرنے کی تکمیل، کزاک پورہ اور کادی پور میں اہم ریل اوور برجز کا افتتاح، اور بھگوان پور میں 55 ایم ایل ڈی کی گنجائش والے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کا افتتاح، اور دیگر شامل ہیں۔

وزیر اعظم برادری پر مرکوز مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ ان میں جل جیون مشن کے تحت 30 دیہی پینے کے پانی کی اسکیمیں، چندراوتی گھاٹ کی ازسر نو ترقی، سارناتھ کے قریب سارنگ ناتھ مندر کی سیاحت کی ترقی، اور سنت روی داس پارک، ناگوا کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے کام شامل ہیں۔ عوامی خدمات اور کھیلوں میں اضافہ بھی نمایاں ہیں، جس میں یو پی کالج میں مصنوعی ہاکی ٹرف، رام نگر میں 100 بستروں پر مشتمل اولڈ ایج ہوم، اور بھیلو پور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں ایک میگا واٹ کا سولر پاور پلانٹ ہے۔ وزیر اعظم سنٹرل یونیورسٹی آف تبتین اسٹڈیز میں سووا رگپا بھون اور اسپتال کا افتتاح کریں گے، جو روایتی ادویات کو جدید حفظانِ صحت کے نظام کے ساتھ مربوط کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر اعظم تقریباً 5300 کروڑ روپے کے بقدر کے 112 سے زائد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں امرت 2.0 کے تحت 13 نالیوں اور آبی سپلائی کی اسکیمیں،  شری شیو پرساد گپتا ڈویزنل ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 500 بستروں پر مشتمل ایک ملٹی سوپر اسپیشلٹی ہسپتال، بھوجوویر اور سگرا میں بازار کامپلیکس اور دفاتر کی تعمیرات، تالابوں کی تزئین و آرائش اور بازبحالی، 198 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی ازسر نو ترقی، 100 بستروں پر مشتمل خصوصی نگہداشت بلاک کی تعمیر،  اہم گھاٹوں پر سیاحتی سہولتوں کی ترقی جن میں اسی گھاٹ، دششوامیدھ گھاٹ اور نمو گھاٹ شامل ہیں۔ حکمرانی اور سماجی بہبود کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے، وزیر اعظم مربوط ڈویژنل آفس، نگر نگم کے دفتر کی عمارت اور رام نگر میں ایک سرکاری چائلڈ شیلٹر ہوم اور جووینائل جسٹس بورڈ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم بناس ڈیری سے وابستہ اتر پردیش کے دودھ سپلائی کرنے والوں کو مراعات کے طور پر 105 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم منتقل کریں گے۔

وزیر اعظم وارانسی جنکشن – پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن تیسرے اور چوتھے ریلوے لائن پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس میں دریائے گنگا پر ریل اور سڑک پل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ اس پروجیکٹ سے وارانسی اور چندولی اضلاع کو ریل کی بھیڑ کو کم کرنے، لاجسٹکس کی کارکردگی کو بڑھانے، ملٹی ماڈل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے، اور آسانی سے ٹریفک کی نقل و حرکت کو یقینی بنا کر فائدہ پہنچے گا۔ یہ مشرقی اتر پردیش اور بہار کے ساتھ ریل رابطے کو مضبوط بناتے ہوئے، کاشی وشوناتھ دھام، رام نگر علاقے، اور قومی شاہراہ-19 تک رسائی کو بھی بہتر بنائے گا۔

وزیر اعظم دو نئی امرت بھارت ایکسپریس ریل گاڑیوں: بنارس – پونے (ہڑپ سر) اور ایودھیا- ممبئی (لوک مانیہ تلک ٹرمنس)، کو جھنڈی دکھا کر رخصت کریں گے۔ یہ ریل گاڑیاں قابل استطاعت اور جدید سفری متبادل فراہم کریں گی اور اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کے درمیان رابطے میں اضافہ کریں گی۔ بنارس-پونے سروس کاشی وشوناتھ دھام تک آسان رسائی کو آسان بنائے گی، جبکہ ایودھیا-ممبئی سروس شری رام مندر تیرتھ کشیتر سے رابطے کو بہتر بنائے گی، اور اہم مذہبی مقامات کے درمیان روابط کو مضبوط بنائے گی۔

وزیر اعظم ہردوئی میں

وزیر اعظم ضلع ہردوئی  میں گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے، یہ ملک میں عالمی درجے  کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک غیر معمولی سنگ میل ہے۔ 594 کلو مٹر طویل گنگا ایکسپریس وے ، 6 لین (8 لینوں تک قابل توسیع) کا محدود رسائی والا گرین فیلڈ تیز رفتار گلیارہ ہے، جو کہ تقریباً 36230 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ایکسپریس وے 13 اضلاع- میرٹھ، بلند شہر، ہاپڑ، امروہہ، سمبھل، بدایوں، شاہجہاں پور، ہردوئی، اُنّاو، رائے بریلی، پرتاپ گڑھ، اور پریاگ راج پر احاطہ کرتا ہے- اور اس طرح یہ ایک واحد بلارکاوٹ تیز رفتار گلیارے کے ذریعہ اترپردیش کے مغربی، وسطی اور مشرقی خطوں کو مربوط کرتا ہے۔

اس پروجیکٹ سے میرٹھ اور پریاگ راج کے درمیان سفر کے وقت کو موجودہ 10-12 گھنٹے سے تقریباً 6 گھنٹے تک کم کرنے کی امید ہے، جس سے نقل و حمل میں آسانی اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

پروجیکٹ کی ایک اہم خصوصیت شاہجہاں پور ضلع میں 3.5 کلومیٹر طویل ایمرجنسی لینڈنگ کی سہولت (ہوائی پٹی) کی فراہمی ہے۔ یہ دوہری استعمال کا بنیادی ڈھانچہ قومی سلامتی کی تیاری کو بڑھاتا ہے اور اقتصادی فوائد سے بڑھ کر اسٹریٹجک قدر میں اضافہ کرتا ہے۔

گنگا ایکسپریس وے کو ایک بڑے اقتصادی راہداری کے طور پر تصور کیا گیا ہے، جس میں اس کی صف بندی کے ساتھ ساتھ 12 اضلاع میں تقریباً 2,635 ہیکٹر پر مربوط مینوفیکچرنگ اور لاجسٹک کوریڈورز کی ترقی ہے۔ ایکسپریس وے لاجسٹکس کے اخراجات کو کم کرے گا، سپلائی چین کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، اور مینوفیکچرنگ مسابقت کو فروغ دے گا۔

بہتر رابطہ کسانوں کو شہری اور برآمدی منڈیوں تک براہ راست رسائی فراہم کرے گا، قیمتوں کی بہتر وصولی میں سہولت فراہم کرے گا اور دیہی آمدنی کو تقویت ملے گی۔ اس منصوبے سے سیاحت کو فروغ دینے، نئے اقتصادی مواقع کو کھولنے اور پورے خطے میں براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھی توقع ہے۔

گنگا ایکسپریس وے ریاست میں ایک وسیع تر ایکسپریس وے نیٹ ورک  کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کرے گا، جس میں آگرہ- لکھنؤ ایکسپریس وے، جیور لنک ایکسپریس وے، فرخ آباد لنک ایکسپریس ے اور میرٹھ سے ہری دوار تک مجوزہ توسیع سمیت کئی لنک گلیارے یا تو چالو ہیں ان کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔ یہ ابھرتا ہوا ایکسپریس وے گرڈ پورے اتر پردیش میں مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک تیز رفتار سڑک کے رابطے کو وسعت دے گا، متوازن علاقائی ترقی کو یقینی بنائے گا۔

گنگا ایکسپریس وے محض نقل و حمل کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ ایک تبدیلی کی پہل قدمی ہے جو لاجسٹکس کے اخراجات کو کم کرے گی، صنعتی سرمایہ کاری کو راغب کرے گی ، زراعت اور دیہی آمدنی کو فروغ دے گی ، روزگار پیدا کرے گی، اور ریاست بھر میں مجموعی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائے گی۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:6316


(ریلیز آئی ڈی: 2255751) وزیٹر کاؤنٹر : 7