ارضیاتی سائنس کی وزارت
بھارتی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی)نے ملک کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت بڑھنے کے پیشِ نظر شدید گرمی سے متعلق جامع ہدایات جاری کی ہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمال مغربی، وسطی اور جزیرہ نما علاقوں میں لو چلنے کا امکان ہے
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ تفصیلی ہدایات آن لائن دستیاب ہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 APR 2026 2:24PM by PIB Delhi
ارضیاتی سائنسز کی وزارت کے تحت کام کرنے والے بھارتی محکمہ موسمیات(آئی ایم ڈی)نے ملک کے مختلف حصوں میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت اور معمول سے زیادہ گرمی کے پیشِ نظر شدید گرمی سے متعلق تفصیلی رہنما ہدایات اور ایڈوائزری جاری کی ہے۔
تازہ ترین جائزے کے مطابق ملک کے شمال مغربی، وسطی اور جزیرہ نما علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت اس وقت 40 سے 44 ڈگری سیلسیس کے درمیان ہے، جبکہ راجستھان کے سری گنگا نگر میں سب سے زیادہ درجۂ حرارت 44.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کئی علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے 5 ڈگری یا اس سے زیادہ بڑھ چکا ہے، جو شدید گرمی کے دباؤ کی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ و دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور وسطی بھارت کے بعض مقامات پر شدید گرمی کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ساحلی اور مشرقی علاقوں میں گرم اورحبس والے موسم کا امکان ہے، جبکہ شمالی بھارت کے کچھ حصوں میں رات میں بھی گرمی رہے گی، جس سے بے آرامی اور صحت کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمے نے مزید بتایا کہ 27 اپریل تک شمال مغربی بھارت میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی متوقع نہیں ہے البتہ اس کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج کمی آئے گی، جبکہ وسطی اور دیگر علاقوں میں پہلے درجۂ حرارت میں اضافہ اور پھر کمی دیکھی جاسکتی ہے۔
موجودہ اور متوقع حالات کے پیشِ نظر آئی ایم ڈی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جن میں دوپہر کے اوقات میں دھوپ میں غیر ضروری طور پر رہنے سے گریز، مناسب مقدار میں پانی پینا، ہلکے اور ہوا دار کپڑے پہننا، اور شدید گرمی کے دوران سخت جسمانی مشقت سے بچنا شامل ہیں۔ بچوں، بزرگوں اور پہلے سے بیمارافراد کے لیے خصوصی احتیاط کی تاکید کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بروقت آگاہی اور احتیاطی اقدامات گرمی سے نڈھال ہونے اور لو لگنے جیسے امراض سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اگلے 7 دنوں کے دوران متعدد علاقوں میں لو کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر:
- شمال مغربی بھارت (پنجاب، ہریانہ، دہلی، راجستھان، اتر پردیش)
- وسطی بھارت (مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، ودربھ)
- جنوبی بھارت کے بعض علاقے (کیرالہ اور ماہِے)
اس کے علاوہ اڈیشہ، مغربی بنگال، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش جیسے ساحلی علاقوں میں گرم اور حبس والا موسم متوقع ہے، جبکہ شمالی میدانی علاقوں میں راتوں میں گرمی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
اپریل سے جون 2026 کے موسمی جائزے کے مطابق ملک کے مشرقی، وسطی اور شمال مغربی علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی جزیرہ نما علاقوں میں معمول سے زیادہ گرمی کا امکان ہے، جس سے موجودہ گرم موسم کے دوران مسلسل تیاری اور حفاظتی اقدامات کی ضرورت اجاگر ہوتی ہے۔
آئی ایم ڈی نے شدید گرمی سے متعلق مکمل رہنمائی، احتیاطی تدابیر، اور مختلف شعبوں کے لیے مخصوص ہدایات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر عوام کے لیے فراہم کر دی ہیں:
[https://mausam.imd.gov.in/responsive/heatwave_guidance.php](https://mausam.imd.gov.in/responsive/heatwave_guidance.php)
محکمہ موسمیات درجۂ حرارت کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بروقت پیش گوئیاں اور وارننگز جاری کر رہا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے باخبر رہیں اور جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
*****
ش ح-م ع ۔ر ا
U-No- 6299
(ریلیز آئی ڈی: 2255500)
وزیٹر کاؤنٹر : 17