نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
’’کینسر سے شفایاب ہونے والے حقیقی مجاہد ہیں‘‘ نائب صدر کا جے پور میں کینسر سے نجات پانے والوں کے یومِ تقریب سے خطاب
آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا صحت کی سہولتوں میں خلا کو پُر کر رہی ہے اور محروم آبادی تک کینسر کے ضروری علاج کو پہنچا رہی ہے: نائب صدر
آیوشمان بھارت کے تحت 75فیصد کینسر کے علاج سے دیہی آبادی کو فائدہ پہنچ رہا ہے: نائب صدر
کینسر کے خلاف جدوجہد میں بروقت تشخیص اور بیداری نہایت اہم ہیں: نائب صدر کا جے پور میں خطاب
’’کینسر کا مقابلہ کوئی بھی تنہا نہ کرے‘‘ نائب صدر کی اجتماعی اقدام کی اپیل
کینسر سے شفایاب افراد امید اور حوصلے کی روشن مثال ہیں: نائب صدر
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 APR 2026 12:25PM by PIB Delhi
بھارت کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج جے پور میں بھگوان مہاویر کینسر ہسپتال اور تحقیقی مرکز کے زیرِ اہتمام منعقدہ کینسر سے شفایاب افراد کے 23ویں تقریب سے خطاب کیا۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ کینسر سے شفایاب افراد کا یوم غیر متزلزل امید اور انسانی عزم و حوصلے کی غیر معمولی جرأت کا جشن ہے۔ انہوں نے اس تقریب کے انعقاد پر بھگوان مہاویر کینسر ہسپتال و تحقیقی مرکز اور کے۔ جی۔ کوٹھاری میموریل ٹرسٹ کی ستائش کی اور 1997ء میں قیام کے بعد سے کینسر کے علاج میں ہسپتال کی مثالی خدمات کو سراہا، جس نے اپنے مخلصانہ اور ہمدردانہ علاج کے ذریعے بے شمار زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔
بھارت میں کینسر کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر روشنی ڈالتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ آئی سی ایم آر کے قومی کینسر رجسٹری پروگرام کے مطابق ملک میں ہر سال کینسر کے پندرہ لاکھ سے زائد معاملات سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے انسداد، بروقت تشخیص، علاج اور مریضوں کی نگہداشت کے لیے متعدد اقدامات شروع کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت–پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت 68 لاکھ سے زائد کینسر علاج فراہم کیے گئے ہیں، جن پر 13 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوا، جبکہ تقریباً 75 فیصد مستفیدین دیہی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس سے صحت کی سہولتوں میں موجود خلا کو پُر کرنے میں اس اسکیم کے کردار کا اظہار ہوتا ہے۔
نائب صدر نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت ملک بھر کے ضلعی ہسپتالوں میں ڈے کیئر کینسر مراکز قائم کر رہی ہے، جن میں سے 450 سے زائد مراکز پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے قومی صحت مشن کے تحت دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا، جن میں آیوشمان آروگیہ مندروں کے ذریعے ابتدائی جانچ اور ضلعی و ذیلی ضلعی ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی فہرست میں کینسر مخالف ادویات کی شمولیت شامل ہے۔
احتیاطی صحت نگہداشت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر نے بتایا کہ رحمِ مادر کے منہ کے سرطان سے نمٹنے کے لیے رواں سال کے آغاز میں ملک گیر ایچ پی وی ٹیکہ کاری مہم شروع کی گئی، جس کا مقصد ایک کروڑ سے زائد بچیوں کو اس کے دائرے میں لانا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو آگے بڑھانے کے لیے وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور حکومتِ راجستھان کی کوششوں کو سراہا۔
نائب صدر نے ملک بھر کے کینسر علاج اداروں کے درمیان مضبوط رابطے اور باہمی تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج میں جدید ترین تکنیکی ترقیات کو سرکاری اور نجی، دونوں شعبوں کے تمام ہسپتالوں تک مؤثر انداز میں پہنچایا جانا چاہیے تاکہ بہتر نتائج حاصل ہوں اور معیاری علاج تک رسائی وسیع ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اداروں کے درمیان زیادہ تعاون اور بہتر ہم آہنگی ملک کی سرطان کے خلاف جدوجہد کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔
انہوں نے تمباکو نوشی، تمباکو کے استعمال، منشیات کے استعمال اور غیر صحت بخش فاسٹ فوڈ عادات کے نقصانات سے متعلق مسلسل بیداری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیاں سرطان کے خطرات کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
کینسر سے شفایاب افراد سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے انہیں ایسے ’’مجاہد‘‘ قرار دیا جنہوں نے غیر معمولی ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کی جدوجہد دوسروں کے لیے امید کی روشن کرن ہے اور ڈاکٹروں و تیمارداروں کی انتھک خدمت اور ہمدردی پر اظہارِ تشکر کیا۔
انہوں نے ہسپتال کی وسیع عوامی خدمات کو سراہا، جن میں جانچ مہمات، چلتی پھرتی طبی اکائیاں اور بیداری کی سرگرمیاں جیسے اسٹریٹ ڈرامے، تعلیمی خطبات اور سماجی کیمپ شامل ہیں، جنہوں نے بروقت تشخیص اور جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
نائب صدر نے عوامی بیداری کے فروغ، بروقت تشخیص کی حوصلہ افزائی اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا کہ کوئی بھی شخص سرطان سے تنہا نہ لڑے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شفایاب افراد کی داستانوں سے حوصلہ حاصل کریں اور ایسے معاشرے کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا جہاں امید خوف پر غالب آئے۔
نائب صدر نے اس موقع پر کینسر سے شفایاب افراد کو اعزاز سے بھی نوازا اور بیماری پر قابو پانے میں ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا۔
اس موقع پر راجستھان کے گورنر جناب ہری بھاؤ کسان راؤ باگڑے، راجستھان کے وزیرِ صحت جناب گجیندر سنگھ کھیمسر، بھگوان مہاویر کینسر ہسپتال کے چیئرمین جناب نورَتن کوٹھاری اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6295
(ریلیز آئی ڈی: 2255493)
وزیٹر کاؤنٹر : 13