نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے کرناٹک کے بھالکی میں’ پوجیہ ڈاکٹر باساویلنگا پٹّاڈیوارو مہاسوامی جی‘ کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کا افتتاح کیا
نائب صدر جمہوریہ نے باساویلنگا مہاسوامی جی کی 75 ویں سالگرہ کی تقریب میں ’وکاس بھی اور وراثت بھی‘ پر روشنی ڈالی
’ناری شکتی قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے ‘: کرناٹک میں نائب صدر جمہوریہ کا بیان
نائب صدر جمہوریہ نے مساوات ، ہمدردی اور دھرم پر مبنی معاشرے کی تشکیل کی اپیل
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 APR 2026 3:22PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج کرناٹک کے ضلع بیدر کے بھالکی میں واقع شری چننا باسو آشرم میں ہیرمتھ سنستھان کے پوجیہ ڈاکٹر باسا ویلنگا پٹاڈیوارو مہاسوامی جی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ’امرت مہوتسو‘ تقریبات کا افتتاح کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے بیدر کے روحانی طور پر مالا مال خطے میں اپنی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا، جو کہ تعلیم، اصلاح اور روحانی فکر اور تصور کا ایک تاریخی مرکز ہے۔ باساونّا کی وراثت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مساوات کو فروغ دینے اور سماجی امتیاز کی مخالفت میں ان کی اہم کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ ’انو بھوا منٹاپا‘ کے نظریات، جسے دنیا کا پہلا روحانی فورم تسلیم کیا جاتا ہے، نسلوں کو ہمیشہ ترغیب دیتے رہتے ہیں۔
پوجیہ ڈاکٹر باساویلنگا پٹاڈیوارو مہاسوامی جی کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئےنائب صدر نے انہیں ہمدردی اور خدمت کا حقیقی پیکر قرار دیا۔ انہوں نے 500 سے زائد یتیم اور لاوارث بچوں کو ٹھکانہ، تعلیم اور وقار فراہم کرنے ، نیز20,000 سے زائد طلباء کی خدمت کرنے والے 60 سے زیادہ اداروں کا ایک وسیع تعلیمی نیٹ ورک قائم کرنے پر ان کی کوششوں کی ستائش کی۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ وژن ’وکاس بھی اور وراثت بھی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کی ترقی اس کے بھرپور ثقافتی اور روحانی ورثے کے ساتھ شانہ بشانہ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ آج کا ہندوستان اپنی تہذیبی اقدار میں گہرائی تک جڑے رہنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی طور پر ترقی یافتہ، معاشی طور پر مضبوط اور عالمی سطح پر بااثر بن کر ابھر رہا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے اس بات کا ذکر کیا کہ ورثے کے تحفظ، روایتی طریقوں، یوگا اور ثقافتی وراثت پر نئے طور سے توجہ دینے کا عمل شہریوں میں فخر کا احساس پیدا کیا ہے اور تہذیبی اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کوششیں محض عمارتوں کو محفوظ کرنے کے بارے میں نہیں ہیں، بلکہ یہ خود اعتمادی کو بحال کرنے اور لوگوں کو ہندوستان کی لازوال اقدار اور روایات سے دوبارہ جوڑنے کے بارے میں ہیں۔
نائب صدر نے خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ’ناری شکتی‘ قوم کی تعمیر کے لیے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین قیادت کے کرداروں میں ہمدردی اور مروت لاتی ہیں اور اس بات کا ذکر کیا کہ جب خواتین ترقی کرتی ہیں تو خاندان خوشحال ہوتے ہیں، معاشرے مضبوط ہوتے ہیں اور قومیں ترقی کرتی ہیں۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پوجیہ سوامی جی کی زندگی اور تعلیمات اور باساونّا کے فلسفے سے تحریک حاصل کریں اور برابری، ہمدردی اور دھرم پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لیے کام کریں۔
تقریب کے دوران ‘کلیانہ کرونیا‘ (ابھینندن گرنتھ) کے عنوان سے ایک کتاب اور’بساوا کرن‘ کے نام سے ایک فوٹو البم کا اجراء کیا گیا۔ نائب صدر نے چننا بساوا پٹاڈیوارو کی سمادھی پر بھی حاضری دی اور دعا کی۔
اس موقع پر موجود شخصیات میں کرناٹک کے گورنر جناب تھاور چند گہلوت، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر جناب ملکارجن کھڑگے، وزیر برائے جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی (حکومت کرناٹک) جناب ایشور کھانڈرے، وزیر برائے میونسپل ایڈمنسٹریشن (حکومت کرناٹک) جناب رحیم خان اور کئی دیگر معززشخصیات، روحانی پیشوا اور عوامی نمائندے شامل تھے۔
************
ش ح۔م م ع۔ص ج
(U: 6171)
(ریلیز آئی ڈی: 2254496)
وزیٹر کاؤنٹر : 16