عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
معزز نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن 21 اپریل 2026 کو 18ویں سول سروسز ڈے کے موقع پر ملک کے سول سرونٹس سے خطاب کریں گے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 APR 2026 12:47PM by PIB Delhi
محکمہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی)، وزارتِ عملہ، عوامی شکایات اور پنشنز 21 اپریل 2026 بروز منگل 18واں سول سروسز ڈے منائے گا۔ اس موقع پر بھارت کے معزز نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن وگیان بھون، نئی دہلی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے اور کلیدی خطاب فرمائیں گے۔
سول سروسز ڈے ہر سال ملک بھر کے سول سرونٹس کے لیے ایک موقع ہوتا ہے کہ وہ خود کو عوامی خدمت کے مقصد کے لیے دوبارہ وقف کریں اور اپنے کام میں خدمتِ خلق اور بہترین کارکردگی کے عزم کو تازہ کریں۔ 21 اپریل 1947 کو سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آل انڈیا ایڈمنسٹریٹو سروس کے پروبیشنروں سے خطاب کیا تھا، جس میں انہوں نے سول سرونٹس کو بھارت کا “اسٹیل فریم” قرار دیا تھا۔
یہ دن سول سرونٹس کو شہری مرکوز انتظامیہ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ سول سروسز ڈے 2026 کا موضوع “وکست بھارت: شہری مرکوز حکمرانی اور آخری سطح تک ترقی” رکھا گیا ہے۔ یہ موضوع وکست بھارت 2047 کے وژن سے ہم آہنگ ہے اور حکومت کے شفاف، جوابدہ اور عوامی مرکزیت پر مبنی نظامِ حکمرانی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، جس میں آخری سطح تک خدمات کی فراہمی اور جامع ترقی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔
افتتاحی اجلاس میں وزارتِ عملہ، عوامی شکایات اور پنشنز کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ خطاب کریں گے جبکہ کابینہ سیکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن خیرمقدمی خطاب کریں گے۔ اس کے بعد ایک پینل ڈسکشن منعقد ہوگی جس کا موضوع ہوگا: “سول سروسز کا کردار اور مؤثریت — ایک بیرونی نقطۂ نظر”۔ اس نشست میں حکومت، صنعت اور پالیسی اداروں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی جو حکمرانی میں جوابدہی، جدت اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے پر غور کریں گی۔
اس تقریب میں چار علیحدہ بریک آؤٹ سیشنز بھی شامل ہوں گے جن میں اہم حکومتی ترجیحات پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ “پی ایم وشوکرما کے ذریعے پائیدار روزگار” کے موضوع پر سیشن کی صدارت مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکے وزیر جناب جیتن رام مانجھی کریں گے۔ “بھارت میں غیر متعدی امراض کا تدارک: بچاؤ سے علاج تک” کے موضوع پر سیشن کی صدارت وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا کریں گے۔ “کسانوں کے مالی خطرات میں کمی: کے سی سی اور دیگر اقدامات” کے سیشن کی صدارت وزیرِ زراعت و کسان بہبود جناب شیو راج سنگھ چوہان کریں گے۔ اس کے علاوہ “پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے ذریعے بھارت کے نیٹ زیرو ہدف کو تیز کرنا” کے موضوع پر ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوگا۔
یہ سیشنز سینئر افسران، ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے تاکہ وہ گورننس کو شہری مرکوز بنانے اور آخری سطح تک خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے تجربات اور بہترین عملی طریقوں پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ دن بھر جاری رہنے والا یہ پروگرام کابینہ سیکریٹری کے خطاب پر اختتام پذیر ہوگا، جس کا موضوع “سول سروسز میں اخلاقیات اور کارکردگی” ہوگا۔
اس تقریب میں حکومتِ ہند کے سینئر افسران، سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز، جوائنٹ سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز اور اسسٹنٹ سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں کے چیف سیکریٹریز، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، پرنسپل سیکریٹریز، مرکزی تربیتی اداروں کے سربراہان، ریزیڈنٹ کمشنرز، سینٹرل سروسز کے افسران اور ضلعی مجسٹریٹس بھی شرکت کریں گے۔
******
(ش ح ۔ م م۔ت ا(
U.No.6061
(ریلیز آئی ڈی: 2253694)
وزیٹر کاؤنٹر : 21