ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شاہتوش کے تاجر کو 17 برس پر محیط ایک تاریخی جنگلی حیات کے جرم کے مقدمے میں مجرم قرار دے دیا گیا


یہ پہلا جنگلی حیات سے متعلق جرم ہے جس کی پیروی سی بی آئی کے ذریعے کی گئی، جو مختلف اداروں کے درمیان مؤثر اور مربوط تعاون کو اجاگر کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 APR 2026 12:55PM by PIB Delhi

بھارت میں جنگلی حیات کے قوانین کے نفاذ کے حوالے سے ایک تاریخی فیصلے میں، نئی دہلی کی ایک عدالت نے جے پور کے ایک آرٹ گیلری کے مالک کو غیر قانونی طور پر شاہتوش شالیں برآمد کرنے کی کوشش پر مجرم قرار دے دیا۔ یہ شالیں نہایت خطرے سے دوچار تبتی ہرن کے بالوں سے تیار کی جاتی ہیں اور ان کی تجارت تحفظ جنگلات ایکٹ 1972 کی خلاف ورزی ہے۔

روز ایونیو ڈسٹرکٹ کورٹ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے 12 مارچ 2026 کو سید شاہد احمد کاشانی، مالک انڈین آرٹ گیلری، جے پور کے خلاف فیصلہ سنایا، جس کے ساتھ دسمبر 2008 میں سامنے آنے والا یہ مقدمہ اپنے انجام کو پہنچا۔

تبتی ہرن، جسے مقامی طور پر ”چاِرو“ کہا جاتا ہے، تحفظ جنگلات ایکٹ، 1972 کے شیڈول-I میں شامل ہے اور اس کی تجارت ملکی قانون کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔ شاہتوش شالوں کی تجارت عالمی سطح پر بھی 1975 سے سی آئی ٹی ای ایس کے تحت ممنوع ہے، جس کا بھارت دستخط کنندہ ہے۔

اس مقدمے کی خاص بات یہ ہے کہ تقریباً 17 برس تک چار اداروں، وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو (ڈبلیو سی سی بی)، سی بی آئی، کسٹمز اور ڈبلیو آئی آئی کے درمیان مسلسل اور مؤثر تعاون جاری رہا۔

ڈبلیو سی سی بی نے نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ایک برآمدی کھیپ میں 1,290 شاہتوش شالوں کی موجودگی کی نشاندہی کی، جس کے بعد فروری 2009 میں سی بی آئی کی ای او یو-وی برانچ، نئی دہلی میں شکایت درج کی گئی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی جنگلی حیات کے جرم کی پیروی سی بی آئی کے ذریعے کی گئی۔

چونکہ پشمینہ شالوں کی برآمد کے لیے جنگلی حیات کے حکام سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ درکار ہوتا ہے، اس لیے آرتی سنگھ، انسپکٹر، ڈبلیو سی سی بی، ناردرن ریجن نے کھیپ کا معائنہ کیا اور ایسی شالوں کی نشاندہی کی جن میں شاہتوش فائبر ہونے کا شبہ تھا۔ ڈبلیو آئی آئی، دہرادون کی فارنسک جانچ نے 41 شالوں میں تبتی ہرن کے بالوں کی موجودگی کی تصدیق کی— پہلے مرحلے میں 5 اور مزید جانچ میں 36 شالیں۔

شکایت کنندہ رمیش کمار پانڈے تھے، جو اس وقت ڈبلیو سی سی بی کے ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر (ناردرن ریجن) تھے۔ انہوں نے باضابطہ طور پر سی بی آئی میں شکایت درج کروائی اور فارنسک نمونوں کو ڈبلیو آئی آئی بھیجنے کے عمل کی نگرانی کی۔ رمیش کمار پانڈے، جو اس وقت اے ڈی جی وائلڈ لائف اور ڈائریکٹر (ایکس آفیشیو) ڈبلیو سی سی بی کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، اس مقدمے سے مسلسل وابستہ رہے۔

کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے شالوں کو محفوظ رکھا اور شواہد کے سلسلے کو برقرار رکھا۔ ڈبلیو آئی آئی کی وائلڈ لائف فارنسک سیل نے ضبط شدہ شالوں میں تبتی ہرن کے بالوں کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہوئے مضبوط سائنسی شواہد فراہم کیے۔ سی بی آئی کے اس وقت کے انسپکٹر سنجے دوبے تفتیشی افسر تھے، جنہوں نے شواہد جمع کرنے سے لے کر عدالت میں دلائل دینے تک تمام ذمہ داریاں انجام دیں۔ ڈبلیو سی سی بی کی انسپکٹر آرتی سنگھ نے موقع پر شناخت اور ضبطی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایس پی گویل، سائنسدان، ڈبلیو آئی آئی نے ماہر گواہ کے طور پر بیان دیا جو عدالت میں جرح کے دوران بھی مضبوط ثابت ہوا۔

ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے دہلی کے ایک فروخت کنندہ سے صرف مشین سے تیار کردہ پشمینہ خریدا تھا اور وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں تھا۔ اس کے وکلا نے موقع پر جانچ، ٹیسٹ اور شواہد کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے، تاہم عدالت نے تمام نکات کو مسترد کرتے ہوئے ڈبلیو آئی آئی کی رپورٹوں کو درست قرار دیا اور کہا کہ ملزم کا رویہ اس کے بے گناہ ہونے کے دعوے سے مطابقت نہیں رکھتا۔

عدالت نے ملزم کو تحفظ جنگلات ایکٹ، 1972 کی دفعہ 49B(1)/51(1A) کے تحت 3 سال قید اور 50,000 روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ دفعات 40 اور 49 کے تحت مزید 2، 2 سال کی سزائیں بیک وقت سنائی گئیں۔ ضبط شدہ شالیں سرکاری ملکیت قرار دی جائیں گی۔

یہ مقدمہ ان ابتدائی مثالوں میں شامل ہے جہاں شاہتوش اسمگلنگ کے جرم کی تفتیش ڈبلیو سی سی بی کی درخواست پر سی بی آئی نے کی۔ یہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ بھارت میں جنگلی حیات کے قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے کھوج، تفتیش، فارنسک تجزیہ اور عدالتی کارروائی کے درمیان مربوط تعاون ناگزیر ہے، خاص طور پر ایسے مقدمات میں جو ایک دہائی سے زائد عرصے تک جاری رہیں۔

****

ش ح۔ ف ش ع

UN: 5876


(ریلیز آئی ڈی: 2252394) وزیٹر کاؤنٹر : 7