لوک سبھا سکریٹریٹ
نائب صدر، وزیرِ اعظم اور لوک سبھا کے اسپیکر نے باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے پریرنا استھل میں واقع ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا
مرکزی وزراء، ارکانِ پارلیمنٹ، سابق ارکان اور دیگر معزز شخصیات نے بھی باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا
لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ڈاکٹر بی- آر- امبیڈکر کی زندگی جدوجہد اور حوصلے کی ایک دلیرانہ داستان ہے
انہوں نے مزید کہا کہ باباصاحب کا وژن آزادی سے پہلے اور بعد کی نسلوں پر اثرانداز ہوا ہے اور وہ ہمیشہ کے لیے ایک مستقل ذریعۂ ترغیب بن چکا ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 APR 2026 2:07PM by PIB Delhi
نئی دلی، 14 اپریل 2026: نائب صدرجمہوریہ ہند اور راجیہ سبھا کے چیئرمین، جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن؛ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی اور لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یومِ پیدائش کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے پریرنا استھل میں واقع ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر متعدد مرکزی وزراء، راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف جناب ملکارجن کھڑگے، راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین جناب ہری ونش، ارکانِ پارلیمنٹ، سابق ارکانِ پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں، لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا، مرکزی وزراء، راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف جناب ملکارجن کھڑگے، ارکانِ پارلیمنٹ اور سابق ارکانِ پارلیمنٹ نے سمودھان سدن کے سنٹرل ہال میں باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی تصویر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ لوک سبھا کے سیکریٹری جنرل جناب اتپل کمار سنگھ نے بھی سمودھان سدن کے سنٹرل ہال میں باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں، لوک سبھا سیکریٹریٹ کے پارلیمانی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیموکریسیز کی جانب سے سمودھان سدن کے سنٹرل ہال میں منعقدہ پروگرام ’’نو یور لیڈر‘‘ میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب اوم برلا نے کہا کہ باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے اپنی بے مثال صلاحیت، لگن اور عزم کے ذریعے زندگی کے ہر چیلنج کو ایک موقع میں بدل دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی زندگی، نظریات، افکار اور ملک کی تعمیر میں ان کی گراں قدر خدمات ہم سب کے لیے ہمیشہ رہنے والی ترغیب کا سرچشمہ ہیں۔
باباصاحب ڈاکٹر امبیڈکر کی اہم خدمات کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ آئین میں شامل ترقی پسند دفعات—جیسے حقِ مساوات اور بلا امتیاز حقِ رائے دہی نے ایک مضبوط بھارت کی بنیاد رکھی، جو نہ صرف ہندوستانی جمہوریت بلکہ دنیا بھر کی جمہوریتوں کے لیے بھی باعثِ ترغیب ہے۔
بھارت کے نوجوانوں کو باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے افکار کا حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے جناب برلا نے انہیں تلقین کی کہ وہ ہمیشہ “ملک پہلے” کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتیں، مہارت، جدت اور لگن بھارت کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ بنائیں گی۔
اس موقع پر جناب برلا نے اپنے پیغام میں ایکس پر کہا:“بی۔ آر۔ امبیڈکر کی زندگی جدوجہد کی ایک دلیرانہ داستان ہے۔ نامساعد حالات کے باوجود انہوں نے غیر معمولی بلندیوں کو چھوا اور اپنی ناقابلِ تسخیر ہمت، مسلسل محنت اور تعلیم سے وابستگی کے ذریعے نہ صرف اپنی پہچان بنائی بلکہ کروڑوں محروم اور مظلوم لوگوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوئے۔”
انہوں نے مساوات، آزادی، انصاف اور اخوت کی قدروں کو اپنی زندگی کے رہنما اصول بنایا، اور ان ہی نظریات کو آئینِ ہند میں شامل کر کے قوم کو ایک مضبوط اور دور اندیش سمت عطا کی۔ باباصاحب ہماری قوم کے ایک درخشاں گوہر ہیں، جن کی زندگی اور فکر نے آزادی سے پہلے اور بعد کی نسلوں کو متاثر کیا اور ہمیشہ کے لیے ایک پائیدار ذریعۂ ترغیب بن گئی۔
آئین ساز اسمبلی کی مسودہ سازی کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے ملک کو ایک ایسا دور رس دستاویز عطا کیا جو آج بھی جمہوریت کی مضبوط بنیاد ہے اور ہر شہری کے حقوق کا محافظ ہے۔ ان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ تعلیم، شعور اور اجتماعی کوشش کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی ممکن ہے۔
آج جب ہم ایک ترقی یافتہ اور جامع بھارت کی تعمیر کی جانب بڑھ رہے ہیں، تو باباصاحب کے افکار مزید زیادہ اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔ ان کی جدوجہد اور فلسفہ ہمیں ناانصافی، عدم مساوات اور امتیاز کے خلاف ڈٹ جانے کی ترغیب دیتا ہے۔
ڈاکٹر امبیڈکر کی حوصلہ افزا زندگی اور نظریات ہمیں ایک منصفانہ، ہم آہنگ اور مضبوط بھارت کی تعمیر میں ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔
*********
ش ح۔ ا ع خ
uno-5811
(ریلیز آئی ڈی: 2251864)
وزیٹر کاؤنٹر : 9