ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث وندے بھارت ٹرینیں ملک بھر میں تیز رفتار، آرام دہ اور جدید ریل سفر کے نئے دور کی طلب کو فروغ دے رہی ہیں


تقریباً 34 فیصد اضافے کے ساتھ مالی سال 2025–26 میں تقریباً 4 کروڑ مسافروں نے وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے سفر کیا

آغاز سے اب تک ان تیز رفتار ٹرینوں نے تقریباً 1 لاکھ سفر کے دوران 9.1 کروڑ سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کیں

نئی دہلی–وارانسی، نئی دہلی–شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا، سکندرآباد–وشاکھاپٹنم اور چنئی–میسور جیسے زیادہ طلب والے راستوں پر سفر میں اضافہ سیاحت اور علاقائی رابطے کو فروغ دے رہا ہے

وندے بھارت سلیپر سروس نے ابتدائی تین ماہ میں 1.21 لاکھ مسافروں کے ساتھ 100 فیصد سے زائد نشستوں کی تکمیل حاصل کی

بہتر رفتار، حفاظتی خصوصیات اور مسافروں کے آرام کے ساتھ مقامی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ایکسپریس ”میک ان انڈیا“ وژن کو آگے بڑھا رہی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 10 APR 2026 7:55PM by PIB Delhi

انڈین ریلوے نے وندے بھارت ایکسپریس نیٹ ورک پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے نمایاں اضافہ دیکھا ہے، جہاں صرف مالی سال 2025–26 میں تقریباً 3.98 کروڑ مسافروں نے سفر کیا، جو مالی سال 2024–25 میں 2.97 کروڑ مسافروں کے مقابلے میں تقریباً 34 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ یہ نمایاں اضافہ ملک بھر میں مسافروں کی جانب سے تیز رفتار، آرام دہ اور جدید ریل سفر کی بڑھتی ہوئی ترجیح کو ظاہر کرتا ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک وندے بھارت ایکسپریس نے تقریباً 1 لاکھ سفروں کے ذریعے 9.1 کروڑ سے زائد مسافروں کو خدمات فراہم کی ہیں، جو عوامی اعتماد اور مسلسل طلب کی عکاسی کرتا ہے۔

انڈین ریلوے وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے مسافروں کے سفر کے معیار کو مسلسل نئی جہت دے رہی ہے، جو بھارت کی پہلی مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کی گئی نیم تیز رفتار ٹرین ہے۔ اس سروس کا آغاز فروری 2019 میں نئی دہلی–وارانسی روٹ پر کیا گیا تھا، اور یہ اب ایک ملک گیر نیٹ ورک کی صورت اختیار کر چکی ہے جو رفتار، آرام اور ”میک اِن انڈیا“ اقدام کے تحت خود انحصاری کی علامت ہے۔

 

 

نئی دہلی–وارانسی روٹ بدستور سب سے مصروف ترین ہے، جہاں اب تک 73 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا ہے۔ نئی دہلی–شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا روٹ پر تقریباً 56 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جو زیارتی سفر کے لیے اس کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ جنوبی بھارت میں سکندرآباد–وشاکھاپٹنم روٹ پر 48 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا، جبکہ پوراتچی تھلائیور ڈاکٹر ایم جی آر سنٹرل (چنئی)–میسور روٹ پر 36 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا، جو علاقائی سطح پر مضبوط طلب کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ خدمات سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، کیونکہ یہ مذہبی، ثقافتی اور ساحلی مقامات تک رسائی کو بہتر بناتے ہوئے مقامی معیشت اور سیاحوں کی آمد میں اضافہ کر رہی ہیں۔

طویل فاصلے کے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، انڈین ریلوے نے جنوری 2026 میں وندے بھارت سلیپر سروس کا آغاز کیا۔ صرف ابتدائی تین ماہ میں اس سروس نے 119 سفروں کے دوران 1.21 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کیں اور 100 فیصد سے زائد نشستوں کی تکمیل حاصل کی، جو اس کی زبردست طلب اور رات کے پریمیم سفر پر مسافروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔

وندے بھارت ایکسپریس انڈین ریلوے کے اختراع، مسافر مرکوز خدمات اور مقامی مینوفیکچرنگ کے عزم کی واضح مثال ہے۔ میٹرو شہروں، زیارتی مقامات، تاریخی شہروں اور ابھرتے ہوئے معاشی مراکز کو مسلسل جوڑنے کے ساتھ اور سلیپر سروس کے اضافے کے ذریعے، انڈین ریلوے تیز تر، محفوظ اور زیادہ آرام دہ سفر کی فراہمی کی جانب مسلسل پیش قدمی کر رہی ہے، جہاں وندے بھارت ایکسپریس بھارت میں جدید ریل سفر کی تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے۔

                                               **************

                                                                                                   

 

ش ح۔ ف ش ع

10-04-2026

                                                                                                                                       U: 5712

 


(ریلیز آئی ڈی: 2251069) وزیٹر کاؤنٹر : 11