پنچایتی راج کی وزارت
وزارت پنچایتی راج کی طرف سے 11 مارچ 2026 کو سشکت پنچایت-نیتری ابھیان کے تحت منتخب خواتین نمائندوں کی قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 MAR 2026 1:27PM by PIB Delhi
وزارت پنچایتی راج 11 مارچ 2026 کو نئی دہلی میں سشکت پنچایت-نیتری ابھیا ن کے تحت پنچایتوں کی منتخب خواتین نمائندگان کی ایک روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔ اس کانفرنس میں پنچایتی راج کے مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، خواتین و اطفال کی ترقی کی مرکزی وزیر محترمہ انّپورنا دیوی، پنچایتی راج کے مرکزی وزیر مملکت پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل اور نوجوانوں کے امور و کھیل کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ رکشا نکھل کھڈسے کی خصوصی شرکت ہوگی۔اس موقع پر پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک بھاردواج اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود ہوں گے۔ کانفرنس میں تقریباً 700 نمائندے شرکت کریں گے، جن میں منتخب خواتین نمائندگان، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے نمائندے اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد شامل ہوں گے۔یہ کانفرنس سشکت پنچایت-نیتری ابھیا ن کے آغاز کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہے اور یہ ہندوستان میں خواتین کی قیادت میں نچلی سطح کی حکمرانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
کانفرنس کے دوران ریاستی اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کی جانب سے نامزد نمایاں خواتین پنچایت قائدین کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس موقع پر خواتین کے موافق مثالی گرام پنچایتوں کی بہترین عملی مثالوں اور انقلاب آفریں کہانیوں پر مشتمل ایک مجموعہ بھی جاری کیا جائے گا، جس میں دیہی حکمرانی میں مثبت تبدیلی لانے والی منتخب خواتین نمائندگان کے لیے تیار کردہ خصوصی تربیتی ماڈیول کی بنیاد پر مرتب کی گئی کہانیاں شامل ہوں گی۔ اسی کے ساتھ پنچایتی راج کی وزارت کی جانب سے شروع کئے جانے والے نربھیا اقدامات بھی متعارف کرائے جائیں گے۔کانفرنس میں دو تکنیکی نشستیں بھی منعقد ہوں گی۔ پہلی نشست دیہی حکمرانی میں خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی کے موضوع پر ہوگی، جبکہ دوسری نشست خواتین کے موافق مثالی گرام پنچایتوں کی تشکیل پر مرکوز ہوگی۔
پس منظر:4 مارچ 2025 کو پنچایتی راج کی وزارت نے نئی دہلی میں سشکت پنچایت-نیتری ابھیا ن کا آغاز کیا تھا۔ ہدف بند صلاحیت سازی اقدام کے طور پر تصور کردہ اس مہم کا مقصد نچلی سطح پر منتخب خواتین نمائندگان کی قیادت، فیصلہ سازی کی صلاحیت اور حکمرانی میں ان کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔تجدید شدہ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان کے تحت وزارت نے سال 2025–26 کے دوران 7,18,434 منتخب خواتین نمائندگان کو تربیت فراہم کی، جبکہ مقامی حکمرانی اور اس سے آگے خواتین قائدین کو بااختیار بنانے کے لیے تبدیلی کی قیادت کے عنوان سے تیار کردہ خصوصی تربیتی ماڈیول کے تحت ماسٹر ٹرینرز سمیت 1,21,512 منتخب خواتین نمائندگان کی صلاحیت سازی کی گئی۔اس کے علاوہ 32 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں مجموعی طور پر 744 خواتین کے موافق مثالی گرام پنچایتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان کی پیش رفت پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے حکمرانی میں شرکت، صحت و تغذیہ، تعلیم اور ہنر مندی کی ترقی، معاشی مواقع، نیز تحفظ و سلامتی جیسے اہم اشاریوں پر نگرانی کی جاتی ہے۔

********
ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا
Urdu No-3637
(ریلیز آئی ڈی: 2237462)
وزیٹر کاؤنٹر : 9