وزارت آیوش
قومی آروگیہ میلہ 2026 شگاؤں میں اختتام پذیر، آیوش کو جامع صحت کی دیکھ بھال اور دیہی بااختیاری کے ستون کے طور پر مزید مضبوطی ملی
چار روزہ قومی آروگیہ میلے میں عوام کی بھرپور شرکت، ودربھ خطے میں احتیاطی صحتِ عامہ اور ادویاتی کاشتکاری کو فروغ
میلے نے صحت کی خدمات، تحقیق اور دیہی خوشحالی کو یکجا کیا
مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو کی قیادت میں عوامی رابطہ مہم، قومی آروگیہ میلہ 2026 کو زبردست عوامی ردِعمل حاصل
مفت او پی ڈی خدمات، یوگا مقابلے اور کسانوں کی تربیتی ورکشاپس، کامیاب اختتام کی نمایاں خصوصیات رہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 MAR 2026 9:31AM by PIB Delhi
چار روزہ قومی آروگیہ میلہ 2026، جو وزارتِ آیوش نے آل انڈیا آیورویدک کانگریس کے اشتراک سے مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانا کے شہر شگاؤں میں 25 تا 28 فروری 2026 منعقد کیا، گزشتہ روز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس میلے نے روایتی نظامِ طب کے ذریعے جامع صحت کی نگہداشت اور دیہی بااختیاری کے لیے بھارت کے عزم کی دوبارہ توثیق کی۔
یہ میلہ، جس کا افتتاح صدرِ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے سنت گجانن مہاراج سنستھان کے مقدس وساوا میدان میں کیا، صحت عامہ کی خدمات، سائنسی مکالمے، کسانوں کی شمولیت اور عوامی شرکت کا ایک مؤثر سنگم ثابت ہوا۔ چار دنوں کے دوران شہریوں، معالجین، محققین، صنعت سے وابستہ نمائندگان، طلبہ اور ضلع بلڈھانا سمیت پورے ودربھ خطے سے آئے ہزاروں کسانوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
اپنے افتتاحی خطاب میں صدرِ جمہوریہ نے صحت کو سب سے بڑی خوشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آیوش نظامِ طب جسم اور ذہن کے درمیان ہم آہنگی پر مبنی ایک جامع طرزِ زندگی پیش کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاطی اور جامع صحت کی دیکھ بھال بیماریوں کے بوجھ کو کم کرنے اور قوم کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے آیوروید کے ممتاز ماہرین کو ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم آیورویدک گورو سمان سے نوازا، جو روایتی طب اور صحتِ عامہ کے فروغ میں ان کی دہائیوں پر محیط خدمات کا اعتراف تھا۔
مہاراشٹر کے گورنر جناب آچاریہ دیوورت نے آیوروید کو بھارت کے قدیم علمی ورثے سے جڑی ایک لازوال سائنسی روایت قرار دیتے ہوئے عملی اطلاق اور ادویات میں معیار اور اصالت کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے آیوش جناب پرتاپ راؤ جادھو، جنہوں نے تقریباً چاروں دن ذاتی طور پر میلے کا دورہ کیا، نے قومی آروگیہ میلے کو ’’بھارتی روایتی نظامِ طب کا مہاکمبھ‘‘ قرار دیا۔ معالجین، کسانوں، کاروباری افراد اور عوام سے تفصیلی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ آیوش محض علاج کا نظام نہیں بلکہ احتیاطی صحت، دیہی خوشحالی اور عالمی فلاح و بہبود کی قیادت کے لیے ایک قومی تحریک ہے۔
جناب جادھو نے بتایا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں وزارت آیوش شواہد پر مبنی تحقیق، معیاری نظام اور عالمی سطح پر آیوش کے فروغ کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے آیوش سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آیوروید، یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کے ذریعے بھارت جامع فلاحی صحت کے میدان میں دنیا کا ’’تاج‘‘ بن سکتا ہے، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور دیہی معیشت کو تقویت ملے گی۔
میلے کی نمایاں خصوصیات میں عوام کو مفت فراہم کی جانے والی وسیع طبی خدمات سرفہرست رہیں۔ آیوروید، یوگا و نیچروپیتھی، یونانی، سدھا، سووا رگپا اور ہومیوپیتھی نظامِ علاج کے لیے قائم خصوصی او پی ڈی کاؤنٹرز پر چاروں دن بڑی تعداد میں لوگوں نے رجوع کیا۔ ہزاروں مستفیدین نے مفت طبی مشاورت، صحت کے معائنے اور مستند آیوش ادویات سے فائدہ اٹھایا۔ زائرین نے ایک ہی مقام پر طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں، دائمی امراض اور احتیاطی نگہداشت کے بارے میں ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے کے موقع کو بے حد سراہا۔
براہِ راست یوگا مظاہروں اور یوگا تھراپی سیشنز میں ہر عمر کے افراد نے پرجوش شرکت کی۔ میلے کے دوران منعقدہ یوگا مقابلوں میں نوجوانوں اور طلبہ کی سرگرم شمولیت نے یوگا کو احتیاطی اور فروغی صحت کے مؤثر ذریعے کے طور پر بڑھتی ہوئی آگاہی اور قبولیت کی عکاسی کی۔ آیوش اصولوں پر مبنی علاقائی اور متوازن غذائی عادات کو فروغ دینے والے آیوش آہار حصے کو بھی عوام کی جانب سے مثبت ردِعمل ملا۔
وزارت کے پویلین میں اس کی تحقیقی کونسلوں، قومی اداروں اور نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) کی سرگرمیوں کو پیش کیا گیا، جہاں سائنسی تحقیق کے نتائج، صحتِ عامہ کے اقدامات، تعلیمی پروگراموں اور ڈیجیٹل رسائی کی کاوشوں کو اجاگر کیا گیا۔ ادویاتی پودوں، جڑی بوٹیوں سے تیار مصنوعات اور گھریلو سطح پر اختیار کیے جانے والے آسان علاج سے متعلق تعاملی نمائشوں نے بالخصوص دیہی زائرین اور سیلف ہیلپ گروپس کی خاص توجہ حاصل کی۔
قومی آروگیہ میلہ 2026 کی ایک منفرد خصوصیت کسانوں کے ساتھ خصوصی رابطہ اور شمولیت رہی۔ ’’آیورویدک فارمنگ: پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹنگ‘‘ کے موضوع پر خصوصی سیشنز میں ادویاتی پودوں کی کاشت، بعد از کٹائی انتظام اور یقینی منڈی روابط کے بارے میں تکنیکی رہنمائی فراہم کی گئی۔ زرعی اداروں اور ماہرین کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی ورکشاپ میں تقریباً 2000 کسانوں نے شرکت کی۔ متعدد لیٹرز آف انٹینٹ پر دستخط، جن میں ہلدی کی خریداری کے لیے ایک اہم بائی بیک انتظام بھی شامل تھا، سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور کسانوں کو منافع بخش آمدنی یقینی بنانے کی جانب عملی قدم ثابت ہوا۔
ودربھ خطے سے تعلق رکھنے والے کسانوں اور شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادویاتی پودوں کی کاشت روایتی زراعت کے ساتھ ایک پائیدار اور منافع بخش متبادل فراہم کرتی ہے۔ بہت سے شرکاء نے میلے کو ایک بروقت اقدام قرار دیا جس نے صحت کے فروغ کو آمدنی میں اضافے اور ماحولیاتی پائیداری سے جوڑ دیا۔
چاروں دن میلہ معلومات کے تبادلے، عوامی آگاہی اور براہِ راست خدمات کی فراہمی کے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا رہا۔ ماہرین کے خطابات، علاجی طریقوں کی نمائش، صنعتی نمائشیں اور پالیسی سازوں و نچلی سطح کے شراکت داروں کے درمیان مکالمے نے صحت اور روزگار کے مربوط تصور کو مزید مضبوط کیا۔
شگاؤں میں قومی آروگیہ میلہ 2026 کا کامیاب اختتام اس بات کا مظہر ہے کہ وزارتِ آیوش روایتی نظامِ طب کو عوام کے قریب لانے کے ساتھ ساتھ تحقیق، معیار اور آیوش ویلیو چین میں کسانوں کی شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
مفت طبی خدمات، سائنسی سرگرمیوں، یوگا مقابلوں کے ذریعے نوجوانوں کی شرکت اور ادویاتی پودوں کی کاشت کے لیے منظم تعاون کو یکجا کرتے ہوئے اس میلے نے واضح کیا کہ آیوش نظام نہ صرف صحتِ عامہ بلکہ دیہی ترقی اور جامع فلاحی صحت کے عالمی مرکز کے طور پر بھارت کے ابھرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔








******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-3215
(ریلیز آئی ڈی: 2234144)
وزیٹر کاؤنٹر : 5