وزیراعظم کا دفتر
انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے موقع پر جناب نریندر مودی کی ماریشس کے وزیرِ اعظم سے ملاقات
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 FEB 2026 10:13PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے آج نئی دہلی میں منعقدہ انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے موقع پر ماریشس کے وزیرِ اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام گولام سے ملاقات کی۔ موجودہ دورِ اقتدار میں وزیرِ اعظم رام گولام کا یہ بھارت کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل وہ ستمبر 2025 میں سرکاری دورے پر بھارت آئے تھے۔ یہ ملاقات 9 فروری 2026 کو ہونے والی ان کی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مضبوط تر اسٹریٹجک شراکت داری کی پیش رفت اور تجارت و سرمایہ کاری، سمندری سلامتی، صحت، تعلیم اور ڈیجیٹل تعاون سمیت مختلف شعبوں میں جاری اشتراک کا جائزہ لیا۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے مصنوعی ذہانت اور جدت پر مبنی شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا تاکہ جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
رہنماؤں نے ماریشس کی ترقیاتی ترجیحات کی حمایت میں بھارت کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی اقتصادی پیکیج کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیرِ اعظم مودی نے اس بات پر زور دیا کہ ماریشس بھارت کی ترقیاتی شراکت داری کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے، جو باہمی اعتماد اور ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں وزرائے اعظم نے بھارت کے ویژن مہاساگر اور ہمسایہ پہلے پالیسی کے تحت بھارت–ماریشس شراکت داری کی مستقل اہمیت کا اعادہ کیا اور اس امر پر زور دیا کہ یہ شراکت داری باہمی خوشحالی کے فروغ اور عالمی خطۂ جنوب کی مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور بحرِ ہند کے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی اشتراک جاری رکھیں گے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-2834
(ریلیز آئی ڈی: 2231143)
وزیٹر کاؤنٹر : 5