شہری ہوابازی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بارامتی میں لیئر جیٹ 45 (وی ٹی - ایس ایس کے) حادثے کی جانچ سے متعلق تازہ معلومات

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 FEB 2026 7:27PM by PIB Delhi

سابقہ ریلیز  17 فروری 2026 کے تسلسل میں، وزارت شہری ہوا بازی (ایم او سی اے) نے دوبارہ واضح کیا ہے کہ 28 جنوری 2026 کو بارامتی میں پیش آنے والے لیئر جیٹ 45 (وی ٹی - ایس ایس کے) حادثے کی جانچ طیارہ حادثہ تفتیشی بیورو (اے اے آئی بی) کی جانب سے طیارہ (حادثات و واقعات کی جانچ) قواعد، 2025 اور آئی سی اے او ضمیمہ 13 میں شامل معیارات و تجویز کردہ طریقہ کار (ایس اے آر پی) کے مطابق سختی سے کی جا رہی ہے۔

طیارے میں دو خودمختار فلائٹ ریکارڈرز نصب تھے۔ ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر )ڈی ایف ڈی آر)، جو ایل 3 کمیونی کیشنز کا تیار کردہ ہے، کو نئی دہلی میں اے اے آئی بی کی سہولت گاہ پر کامیابی کے ساتھ ڈاؤن لوڈ کر لیا گیا ہے۔ کاک پٹ وائس ریکارڈر (سی وی آر) کو حرارتی نقصان پہنچا ہے۔ چونکہ یہ ہنی ویل کا تیار کردہ ہے، اس لیے آئی سی اے او ضمیمہ 13 کی شق 5.7 اور اٹیچمنٹ D کے مطابق ڈیزائن/تیاری کے ملک سے تکنیکی معاونت طلب کی گئی ہے۔

اے اے آئی بی کی جانچ تکنیکی اور شواہد پر مبنی ہے، جس میں ملبے کا منظم معائنہ، عملی اور رکھ رکھاؤ ریکارڈز کا جائزہ، اور ضرورت کے مطابق اجزا کی لیبارٹری جانچ شامل ہے۔ آئی سی اے او کے ضوابط کے مطابق واقعے کے 30 دن کے اندر ابتدائی رپورٹ جاری کی جائے گی، جبکہ حتمی رپورٹ مناسب وقت پر جاری کی جائے گی ۔

آپریٹر کی ریگولیٹری نگرانی

سال 2025 کے دوران، شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے نان شیڈولڈ آپریٹرز کے 51 ریگولیٹری آڈٹ کیے۔ مزید برآں، ایم/ایس وی ایس آر وینچرز کی متعدد نگرانی کارروائیاں کی گئیں، جن میں فلائٹ سیفٹی سسٹمز، فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشنز، مینٹیننس کمپلائنس (سی اے آر ایم اور سی اے آر 145)، دستاویزی نظام اور اسٹیشن سہولیات شامل تھیں۔ تمام نگرانی مشاہدات پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد خصوصی آڈٹ

حادثے کے بعد وزارت نے ڈی جی سی اے کو ہدایت دی کہ وہ ایم/ایس وی ایس آر وینچرز کا خصوصی آڈٹ کرے، تاکہ ریگولیٹری تعمیل، آپریشنل کنٹرول سسٹمز، رکھ رکھاؤ کے طریقہ کار، عملے کی تربیت کے معیارات، تحفظی انتظامات سسٹمز اور سی وی آر /ایف ڈی آر مانیٹرنگ کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔ یہ آڈٹ 04 فروری 2026 کو شروع ہوا اور جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔ نتائج کا جائزہ لے کر ڈی جی سی اے کی انفورسمنٹ پالیسی و پروسیجرز مینوئل کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید برآں، وزارت نے ڈی جی سی اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیگر بڑے نان شیڈولڈ آپریٹرز اور وی آئی پی/وی وی آئی پی آپریشنز میں مصروف ایروڈرومز کا بھی خصوصی آڈٹ کرے۔ یہ آڈٹ مرحلہ وار جاری ہیں اور جہاں ضرورت ہوگی مناسب نفاذی کارروائی کی جائے گی۔

وزارت اور اس کے ریگولیٹری ادارے شفافیت، حفاظتی نگرانی اور جوابدہی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ متعلقہ فریقوں سے درخواست ہے کہ قیاس آرائی سے گریز کریں اور قانونی جانچ اور ریگولیٹری عمل کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھنے دیں۔

************

ش ح ۔   م    د۔  م  ص

(U :  2749  )


(ریلیز آئی ڈی: 2230454) وزیٹر کاؤنٹر : 12