کامرس اور صنعت کی وزارتہ
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل کی سوئس کنفیڈریشن کے صدر عزت مآب جناب گائے پرملین کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ
انڈیا-ای ایف ٹی اے تجارتی اور اقتصادی شراکت داری معاہدے کے تحت ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کے اسٹریٹجک تعاون میں پیش رفت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 FEB 2026 5:09PM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے 19 فروری 2026 کو نئی دہلی میں سوئس کنفیڈریشن کے صدر عزت مآب جناب گائے پرملین کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جو 'انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026' میں شرکت کے لیے ہندوستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
اس ملاقات میں ہندوستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان 'انڈیا-ای ایف ٹی اے تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے معاہدے' (ٹیپا) کے تحت دیرینہ اقتصادی شراکت داری اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اے آئی امپیکٹ سمٹ کے تناظر میں، فریقین نے جدت طرازی اور ذمہ داری کے درمیان توازن پیدا کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ 'ٹیپا' درست انجینئرنگ، طبی علوم، قابل تجدید توانائی، تحقیق اور ترقی جیسے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔
ہندوستان کی ترقی کی رفتار پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہے، جس کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) 2026 میں تقریباً 4.51 ٹریلین امریکی ڈالر رہنے کا تخمینہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان بڑے پیمانے پر اصلاحات، ایک وسیع اور بڑھتی ہوئی صارف مارکیٹ، مضبوط صنعتی بنیاد اور کاروبار میں آسانی، ڈیجیٹلائزیشن اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جو طویل مدتی شراکت داری کے لیے ایک مستحکم پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ وزیر موصوف نے سوئس سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں سوئٹزرلینڈ کو تکنیکی برتری حاصل ہے۔ انہوں نے سستی اور اعلیٰ معیار کی ادویات اور ویکسین کے عالمی فراہم کنندہ کے طور پر ہندوستان کے کردار کو بھی اجاگر کیا اور بائیوٹیکنالوجی اور جدید طریقہ علاج میں گہرے تعاون کی اپیل کی۔
دونوں رہنماؤں نے 'ٹیپا' کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے سرمایہ کاری کے بہاؤ اور ادارہ جاتی روابط کو بڑھانے کے عزم کو دہرایا۔ جناب گوئل نے 'انویسٹ انڈیا' میں قائم کردہ خصوصی ڈیسک کا بھی ذکر کیا جو ہندوستان میں سوئس کمپنیوں کی مدد کے لیے بنایا گیا ہے۔
'ٹیپا' ترقی یافتہ ممالک کے گروپ ای ایف ٹی اے (آئس لینڈ، لکٹنسٹائن، ناروے اور سوئٹزرلینڈ) کے ساتھ ہندوستان کا پہلا آزاد تجارتی معاہدہ ہے۔ یہ معاہدہ "میک ان انڈیا" مصنوعات کے لیے سوئٹزرلینڈ کی 1.0 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ کے دروازے کھولتا ہے۔ کسانوں اور مچھیروں سے لے کر چھوٹے کاروباریوں، خواتین اور نوجوانوں تک، یہ معاہدہ سب کے لیے روشن معاشی مستقبل کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
اس معاہدے کے تحت، ای ایف ٹی اے ممالک نے ہندوستان کی 99.6 فیصد برآمدات پر بہتر مارکیٹ رسائی کی پیشکش کی ہے۔ اس سے مہاراشٹر (انگور)، کرناٹک (کافی)، کیرالہ (مصالحے اور سمندری خوراک) اور شمال مشرقی ریاستوں (باغبانی) کو فائدہ پہنچے گا۔ ہندوستان نے اپنے حساس شعبوں جیسے ڈیری، سویا اور کوئلہ کو کسانوں اور چھوٹے کاروباروں کے تحفظ کے لیے اس معاہدے سے مستثنیٰ رکھا ہے۔ 'ٹیپا' کا مقصد ہندوستان میں 100 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کو آسان بنانا اور براہ راست دس لاکھ ملازمتوں کی تخلیق میں مدد کرنا ہے۔
************
ش ح ۔ م د۔ م ص
(U : 2732 )
(ریلیز آئی ڈی: 2230411)
وزیٹر کاؤنٹر : 6