محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محنت اورروزگارکی وزارت


مزدوروں کی خوشحالی سے ملک کی خوشحالی ہوتی ہے: ڈاکٹر منسکھ مانڈویا

ڈاکٹر مانڈویا نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود حکومت کے قومی ترقیاتی وژن کا مرکز ہے

مرکزی وزیر کے مطابق، محنت کش اصلاحات کا مقصد مزدوروں کے وقار، تحفظ اور بااختیار بنانے کو یقینی بنانا ہے

مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اڈیشہ کے پوری میں بھارتیہ مزدور سنگھ کے اکیسویں آل انڈیا سہ سالہ (ٹرائینیل) کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 FEB 2026 3:30PM by PIB Delhi

محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج پوری، اڈیشہ میں بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) کی آل انڈیا ٹرائینیل(سہ سالہ ) کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ کارکنوں کی فلاح و بہبود، وقار اور سلامتی حکومت کے قومی ترقی کے وژن میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا:"مجھے شرم شکتی اور یووا شکتی کے لیے کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ دونوں قوتیں ہندوستان کی ترقی کی بنیاد ہیں اور وکست بھارت کے وژن کے حصول میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی۔"

وزیر موصوف نے کہا کہ بی ایم ایس نہ صرف ہندوستان کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین ہے بلکہ دنیا کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک بھی ہے، اور اس نے کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے، ملک کی افرادی قوت کے لیے انصاف کو یقینی بنانے اور انہیں قومی و اقتصادی ترقی میں شراکت دار کے طور پر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مزدور اور صنعت دونوں معاشی ترقی کے لیے یکساں طور پر اہم ہیں، وزیر موصوف نے کہا کہ ایک مضبوط اور لچکدار معیشت کی تعمیر کے لیے دونوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں کے لیے تعمیل کے عمل کو آسان بناتے ہوئے اس توازن کو مستحکم کرنے، اور کارکنوں کے لیے فلاحی دفعات اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے لیبر کوڈز نافذ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا:"میں بی ایم ایس کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اس نے 15 دیگر مرکزی ٹریڈ یونینوں کے ساتھ مل کر لیبر کوڈز کا خیرمقدم کیا، کارکنوں میں بیداری پیدا کی اور غلط معلومات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔ یہ ذمہ دار اور تعمیری قیادت کی عکاسی کرتا ہے، جس میں کارکنوں کے مفادات کو تنظیمی تحفظات پر ترجیح دی گئی ہے۔"

لیبر کوڈز کی فعال دفعات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر موصوف نے لازمی تقرری کے خطوط، مردوں اور خواتین کے لیے مساوی مواقع، سالانہ صحت کی جانچ، اور خطرناک صنعتوں میں کام کرنے والے کارکنوں کے لیے صحت و سلامتی کے اقدامات کا حوالہ دیا۔

سماجی تحفظ کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے سماجی تحفظ کی کوریج کو وسعت دینے اور کارکنوں کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے اعلان کے مطابق اب تقریباً 940 ملین افراد سماجی تحفظ کے دائرے میں آ چکے ہیں، اور انہوں نے 2026 تک اس تعداد کو 1,000 ملین تک بڑھانے کے ہدف پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای ایس آئی سی اسپتال اور میڈیکل کالجز اب کارکنوں کے بچوں کو طبی تعلیم میں ریزرویشن فراہم کر رہے ہیں، جس سے اعلیٰ تعلیم کے حصول میں ان کی خواہشات کو تقویت ملتی ہے اور مالی بوجھ میں کمی آتی ہے۔

ڈاکٹر مانڈویا نے بتایا کہ بی ایم ایس نے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) کے تحت اجرت کی حد میں اضافے، فلور ویجز سے متعلق فیصلوں، اور ای پی ایس-95 کے تحت کم از کم پنشن میں اضافے کے سلسلے میں نمائندگیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان معاملات کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ دنوں میں کارکنوں کے مفاد میں مناسب فیصلے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا:"قوم کی ترقی اس کے کارکنوں کی فلاح و بہبود سے لازم و ملزوم ہے۔ جب مزدور خوشحال ہوتے ہیں تو ملک خوشحال ہوتا ہے۔"

'نیا بھارت' کی تعمیر میں کارکنوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کو اپنی بنیادی ترجیح کے طور پر آگے بڑھاتی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ان تنظیموں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو کارکنوں کی فلاح و بہبود، بااختیار بنانے اور تحفظ کے لیے خلوصِ نیت سے کام کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر مانڈویا نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ وکست بھارت کے وژن کو "نیشن فرسٹ" کے جذبے کے ساتھ عملی شکل دینے کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا:
"
ہمیں سب کے لیے مساوی مواقع کو یقینی بنانا چاہیے، ہر کارکن کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے اور انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بااختیار بنانا چاہیے۔"

کانفرنس نے ملک بھر سے کارکن تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت کے ساتھ لیبر اصلاحات، سماجی تحفظ اور کارکنوں کو بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔

افتتاحی اجلاس میں متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں جناب ہرنمے پانڈیا، قومی صدر، بی ایم ایس؛ جناب رویندر ہیمٹے، قومی جنرل سکریٹری، بی ایم ایس؛ جناب سرگئی چرنوگایو، چیئرمین، ایف این پی آر، روس؛ ما۔ جناب بھاگیا، اکھل بھارتیہ کاریہ کارنی سدسیا، آر ایس ایس؛ اور محترمہ یوکی اوتسوجی، ورکر اسپیشلسٹ، ساؤتھ ایشیا اینڈ کنٹری آفس، آئی ایل او، نئی دہلی شامل تھیں۔

***

UR-1841

(ش ح۔اس ک  )

 


(ریلیز آئی ڈی: 2224693) وزیٹر کاؤنٹر : 5