مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

انڈیا پوسٹ نے یو پی یو کے بین الاقوامی خط نویسی مقابلہ 2026 میں شرکت کے لیے نوجوان ذہنوں کو مدعو کیا

प्रविष्टि तिथि: 15 JAN 2026 5:33PM by PIB Delhi

انڈیا پوسٹ یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کے تحت نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی خط نویسی مقابلے کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ یہ یو پی یو کا ایک سالانہ عالمی اقدام ہے، جس کا مقصد اسکولی طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور خط نویسی کے فن کو فروغ دینا ہے۔

سال 2026 کے لیے مقررہ موضوع یہ ہے:
’’
ڈیجیٹل دنیا میں انسانی تعلق کیوں اہم ہے؟ اس موضوع پر کسی دوست کو ایک خط تحریر کریں۔‘‘

یہ مقابلہ ملک بھر میں تمام پوسٹل سرکلز کے ذریعے، اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ انڈیا پوسٹ اس مقابلے میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، موصول ہونے والی تحریروں کو جمع کرتی ہے، ان کا سرکل اور قومی سطح پر جائزہ لیتی ہے، اور منتخب اندراجات کو انعامات سے نوازتی ہے، جو عموماً عالمی یومِ ڈاک (9 اکتوبر) کے موقع پر پیش کیے جاتے ہیں۔

بہترین قومی اندراج بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرے گا، جہاں یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کی جانب سے تمغے (طلائی، نقرئی اور کانسی)، اسناد اور دیگر انعامات دیے جائیں گے۔ طلائی تمغہ حاصل کرنے والے امیدوار کو یو پی یو کے صدر دفتر، برن، سوئٹزرلینڈ کے دورے کا موقع بھی فراہم کیا جا سکتا ہے، یا اس کے متبادل کوئی دیگر موزوں انعام دیا جا سکتا ہے۔

اہلیت اور رہنما خطوط

عمر کا زمرہ: 9 سے 15 سال
فارم: ہاتھ سے لکھا ہوا خط
زبان: انگریزی یا ہندوستان کے آئین کے آٹھویں شیڈول میں درج کوئی بھی زبان
شرکاء: تسلیم شدہ اسکولوں/اداروں کے طلبہ

اسکولوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ مقابلہ داخلی طور پر منعقد کریں اور منتخب شدہ اندراجات 20 مارچ 2026 تک اپنے متعلقہ پوسٹل سرکلز کو ارسال کریں۔ پوسٹل سرکلز اندراجات کا جائزہ لے کر بہترین تین اندراجات 31 مارچ 2026 تک ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کریں گے۔

انعامات

سرکل سطح:
اوّل انعام: 25,000 روپے اور سند
دوّم انعام: 10,000 روپے اور سند
سوّم انعام: 5,000 روپے اور سند

قومی سطح:
اوّل انعام: 50,000 روپے اور سند
دوّم انعام: 25,000 روپے اور سند
سوّم انعام: 10,000 روپے اور سند

لازمی اندراجی تفصیلات

ہر اندراج کے پہلے صفحے پر، انگریزی اور ہندی زبان میں، درج ذیل معلومات فراہم کرنا لازمی ہے:

  • امیدوار کی پاسپورٹ سائز تصویر
  • امیدوار کا نام
  • تاریخِ پیدائش
  • جنس
  • والد/سرپرست کا نام
  • اسکول/ادارے کا نام اور مکمل پتہ
  • مکمل ڈاک کا پتہ

طلبہ، والدین اور اسکول مزید تفصیلات کے لیے اپنے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل/پوسٹ ماسٹر جنرل/ڈائریکٹر پوسٹل سروسز/نوڈل افسر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اضافی معلومات محکمۂ ڈاک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں:
www.indiapost.gov.in

***

UR-644

(ش ح۔اس ک  )


(रिलीज़ आईडी: 2215056) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Malayalam , English , हिन्दी , Marathi , Telugu