وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

شریمد وجے رتن سندر سوریشور جی مہاراج کی 500 ویں کتاب کی رسمِ اجرا کے موقع پر وزیرِ اعظم کے پیغام کا متن

प्रविष्टि तिथि: 11 JAN 2026 1:48PM by PIB Delhi

جے جِنِندرا!

آج کے اس مقدس موقع پر سب سے پہلے میں ہم سب کے سرچشمۂ تحریک، پوجیہ بھون بھانوسوریشور جی مہاراج صاحب کے قدموں میں عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتا ہوں۔ پرسنت مورتی سووشال گچھادھی پتی پوجیہ شریمد وجے راجندر سورییشور جی مہاراج صاحب، پوجیہ گچھادھی پتی شری کلپترو سورییشور جی مہاراج صاحب، سرسوتی کرپا پاتر پرم پوجیہ آچاریہ بھگوت شریمد وجے رتن سندر سورییشور جی مہاراج اور اس تقریب میں موجود تمام سادھو اور سادھویوں کو میں نمن کرتا ہوں۔

اُرجا مہوتسو کی اس کمیٹی سے وابستہ تمام اراکین، بھائی شری کمارپال بھائی، کلپیش بھائی، سنجے بھائی، کوشک بھائی اور ایسے تمام معزز حضرات کا بھی میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ پوجیہ سنتو! آج ہم سب شریمد وجے رتن سندر سورییشور جی مہاراج صاحب کی پانچ سوویں کتاب کی رسمِ اجرا کے بابرکت لمحے کے گواہ بن رہے ہیں۔ مہاراج صاحب نے علم کو صرف گرنتھوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے اپنی زندگی میں عملی طور پر اُتار کر دکھایا اور دوسروں کو بھی زندگی میں اپنانے کی ترغیب دی۔ ان کی شخصیت ضبطِ نفس، سادگی اور وضاحت کا ایک حسین امتزاج ہے۔ جب وہ لکھتے ہیں تو الفاظ میں تجربے کی گہرائی ہوتی ہے، جب وہ بولتے ہیں تو ان کی وانی میں کرُونا کی طاقت جھلکتی ہے، اور جب وہ خاموش ہوتے ہیں تو بھی رہنمائی ملتی ہے۔ مہاراج صاحب کی پانچ سوویں کتاب کا موضوع ’’پریم نو وشو، وشو نو پریم‘‘—یہ عنوان اپنے آپ میں بہت کچھ کہہ دیتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارا سماج، ہمارے نوجوان اور پوری انسانیت اس تخلیق سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس خصوصی موقع پر اُرجا مہوتسو کا یہ اہتمام عوام میں ایک نئی فکری توانائی پیدا کرے گا۔ میں آپ سب کو اس موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو!

مہاراج صاحب کی پانچ سو تصانیف خیالات کے انمول جواہرات سے بھرا ہوا ایک وسیع سمندر ہیں۔ یہ کتابیں انسانیت کے بے شمار مسائل کے لیے سادہ اور روحانی حل پیش کرتی ہیں۔ وقت اور حالات کے مطابق ہر تحریر رہنمائی کا ایک چراغ ثابت ہوتی ہے۔ ہمارے تیرتھنکروں اور قدیم آچاریوں کی تعلیمات—اہنسا، اپریگراہ اور انیکانتواد—کے ساتھ محبت، رواداری اور ہم آہنگی کی قدریں ان تحریروں میں جدید اور عصری انداز میں جلوہ گر نظر آتی ہیں۔ خصوصاً آج کے دور میں، جب دنیا تقسیم اور تصادم کا شکار ہے، “پریمنو وشو، وشو نو پریم” محض ایک کتاب نہیں بلکہ ایک منتر ہے۔ یہ منتر ہمیں محبت کی قوت سے روشناس کراتا ہے اور اس امن و آہنگ کا راستہ دکھاتا ہے جس کی دنیا شدت سے متلاشی ہے۔

ساتھیو!

ہمارے جین فلسفے کا رہنما اصول “پرسپروپگراہو جیونم” ہے—یعنی ہر زندگی دوسری زندگی سے جڑی ہوئی ہے۔ جب ہم اس اصول کو سمجھتے ہیں تو ہماری نگاہ فرد سے نکل کر اجتماع کی طرف منتقل ہو جاتی ہے۔ ہم ذاتی خواہشات سے بلند ہو کر سماج، قوم اور انسانیت کے اہداف کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں۔ اسی جذبے کے تحت، آپ کو یاد ہوگا کہ میں نوکار منتر ڈے کے موقع پر آپ کے ساتھ شریک ہوا تھا۔ اس تاریخی موقع پر چاروں فرقے ایک ساتھ آئے تھے اور میں نے نو اپیلیں، نو عہد پیش کیے تھے۔ آج کا یہ موقع بھی انہیں دہرانے کا ہے۔

پہلا عہد — پانی بچانے کا۔

دوسرا عہد — ماں کے نام پر ایک درخت لگانا۔

تیسرا — صفائی کا مشن۔

چوتھا — ووکل فار لوکل۔

پانچواں — بھارت درشن۔

چھٹا — قدرتی کھیتی کو اپنانا۔

ساتواں — صحت مند طرزِ زندگی اختیار کرنا۔

آٹھواں — یوگا اور کھیل کو زندگی میں شامل کرنا۔

نواں — غریبوں کی مدد کا عہد۔

ساتھیو!

آج بھارت دنیا کے سب سے کم عمر ممالک میں شامل ہے۔ ہماری نوجوان قوت ایک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ہماری ثقافتی جڑوں کو بھی مضبوط بنا رہی ہے۔ اس تبدیلی میں مہاراج صاحب جیسے سنتوں کی رہنمائی، ان کا ادب اور ان کے وہ کلمات—جو گہری روحانی ریاضت سے ہمیشہ مزیّن ہوتے ہیں—نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک بار پھر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کی پانچ سوویں کتاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کے افکار بھارت کے فکری، اخلاقی اور انسانی سفر کو روشن کرتے رہیں گے۔

مجھے آپ سب سے معذرت بھی طلب کرنی ہے۔ میں دل سے چاہتا تھا کہ خود یہاں حاضر ہوں اور میں نے اس کی منصوبہ بندی بھی بہت پہلے کر لی تھی، مگر جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کچھ حالات ایسے پیش آئے جن کی وجہ سے میں آپ کے درمیان حاضر نہ ہو سکا اور آپ کے درشن سے محروم رہا۔ تاہم یہ مہاراج صاحب کی کرپا ہے کہ انہوں نے میری مجبوری کو سمجھا اور مجھے اس ویڈیو پیغام کے ذریعے آپ سے جڑنے، آپ سے ملنے اور بات کرنے کا موقع عطا کیا۔ اس کے لیے بھی میں ان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

جے جِنِندرا!

 

 

************

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :414    )


(रिलीज़ आईडी: 2213412) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Manipuri , Assamese , Gujarati , Tamil