نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے تروواننت پورم میں واقع  مار ایوانیوس کالج کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی


ملک کے نوجوان وِکست بھارت @2047 کے مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں: نائب صدرجمہوریہ

قومی تعلیمی پالیسی 2020 ہندوستان کے تعلیمی منظرنامے کا کایاپلٹ کر رہی ہے: نائب صدرجمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 DEC 2025 4:38PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج تروواننت پورم کے مار ایوانیوس کالج کی پلاٹینم جوبلی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جو تعلیم اور ملک کی تعمیر میں ادارے کی شراکت کے 75 سال پورے ہونے کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔

نائب صدر جمہوریہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مار ایوانیوس کالج جیسے ادارے تعلیم کی انقلابی  طاقت کی مثال ہیں، جو نہ صرف علم فراہم کرتا ہے بلکہ معاشرے کو جہالت اور عدم مساوات سے بھی نجات دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ تعلیمی اور روحانی ادارے جب آئینی اقدار سے ہم آہنگ ہوں تو قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ نے واضح  کیا کہ ہندوستان  تاریخ کے اہم موڑ  پر کھڑا ہے، جہاں پوری  دنیا قیادت اور اختراع کے لیے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے آئینی حقوق بلکہ اپنے بنیادی فرائض کو بھی برقرار رکھیں، جن میں تنوع کا احترام، سائنسی مزاج کا  فروغ اور قومی یکجہتی کا عزم شامل ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نےوزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ذریعہ تصور کردہ وِکست بھارت @ 2047 کے قومی وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مستقبل کے انتظار میں نہیں ہیں بلکہ وہ فعال طور پر اسے تشکیل دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ  ترقی یافتہ ہندوستان نہ صرف طاقت کے گلیاروں میں بلکہ کلاس روم، لیبارٹریوں، فارموں، کارخانوں، اسٹارٹ اپس اور دیہاتوں میں نوجوان ہندوستانیوں کی توانائی اور خواہشات سے تعمیر کیا جائے گا۔

نائب صدر جمہوریہ نے آتم نربھر بھارت کے وژن کو حاصل کرنے میں تعلیم کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 روٹ لرننگ سے ہٹ کر کثیر موضوعاتی پڑھائی ، تنقیدی سوچ، اختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کی طرف منتقلی  کا اشارہ کرتی ہے۔

نائب صدر نے ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اور اختراعی ماحولیاتی نظام کے حوالے سےکہا کہ تعلیمی اداروں کے کیمپس کو اختراعی اور صنعت کاری کے مراکز میں تبدیل ہونا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نہ صرف روزگار تلاش کرنے بلکہ روزگار پیدا کرنے اور معاشرتی چیلنجوں کا مقامی حل تیار کرنے کا عزم کریں۔

نائب صدر نے نوجوانوں سے مصنوعی ذہانت، بلاک چین اور نیچرل لینگویج پروسیسنگ جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کو ذمہ داری سے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جو اخلاقیات، آئینی اقدار اور سماجی بہبود  پر مرکوز ہو۔

نائب صدر نے ہندوستان کے تعلیمی اور خواندگی کے منظر نامے میں کیرالہ کے مثالی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی کامیابیاں اس کے لوگوں اور اداروں کی اجتماعی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں جو تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے تئیں  پرعزم ہیں۔

اس موقع پر کیرالہ کے گورنر جناب راجندر وشواناتھ ارلیکر، کیرالہ کے وزیر اعلیٰ جناب  پنارائی وجین، سیلف گورننس کے ریاستی وزیر جناب ایم بی راجیش، رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ششی تھرور، تروواننت پورم کارپوریشن کے میئر جناب وی وی راجیش، میجر آرچ بشپ-کیتھولیکوس، تریویندرم اور مارایوانیوس کالج کے سرپرست  بی بی کارڈینال کلیمس  اور دیگرمعززین موجود تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔  م ش ع ۔ع ن)

U. No. 4067


(ریلیز آئی ڈی: 2210029) وزیٹر کاؤنٹر : 34