وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

روس کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کا پریس بیان

प्रविष्टि तिथि: 05 DEC 2025 3:33PM by PIB Delhi

عزت مآب، میرے دوست، صدر پوتن،
دونوں ممالک کے نمائندگان،
میڈیا کے ساتھیوں،
نمسکار
’’دوبری دین!‘‘

آج ہندوستان اور روس کے 23 ویں سربراہی اجلاس میں صدر پوتن کا استقبال کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ ان کا دورہ ایسے وقت  میں ہو رہا ہے ،جب ہمارے دوطرفہ تعلقات کئی تاریخی سنگِ میل سے گزر رہے ہیں۔ ٹھیک 25 سال پہلے صدر پوتن نے ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کی بنیاد رکھی تھی۔ 15 برس قبل 2010 میں ہماری شراکت داری کو ’خصوصی اور خاص اسٹریٹجک شراکت داری‘ کا درجہ ملا۔

گزشتہ ڈیڑھ سے دو دہائیوں سے انہوں نے اپنی قیادت اور دور اندیشی سے اس تعلقات کو مسلسل پروان چڑھایا ہے۔ ہر موقع پر ان کی قیادت نے باہمی تعلقات کو نئی بلندی فراہم کی ہے۔  ہندوستان کے لیے اس گہری دوستی اور غیر متزلزل عزم کے لیے میں صدر پوتن کا، میرے دوست کا، دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دوستو،

گزشتہ آٹھ دہائیوں میں دنیا میں کئی اتار چڑھاؤآئے ہیں۔ انسانیت کو متعدد چیلنجز اور بحرانوں سے گزرنا پڑا ہے۔ اور ان سب کے درمیان بھی ہندوستان–روس دوستی ایک قطبی ستارے کی مانند قائم رہی ہے۔ باہمی احترام اور گہرے اعتماد پر مبنی یہ تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر ہمیشہ کھرے اترے ہیں۔ آج ہم نے اس بنیاد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہماری مشترکہ ترجیح ہے۔ اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آج ہم نے 2030 تک کے لیے ایک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے ہمارا تجارتی اور سرمایہ کاری کا شعبہ متنوع، متوازن اور پائیدار بنے گا اور تعاون کے شعبوں میں نئے جہتیں بھی شامل ہوں گی۔

آج صدر پوتن اور مجھے انڈیا–روس بزنس فورم میں شرکت کرنے کا موقع ملے گا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ پلیٹ فارم ہمارے کاروباری تعلقات کو نئی طاقت دے گا۔ اس سے برآمدات، مشترکہ پیداوار اور مشترکہ جدت کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔

دونوں فریق یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ ایف ٹی اے کے جلد از جلد اختتام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ زراعت اور کھاد کے شعبے میں ہمارا قریبی تعاون، خوراک کی سلامتی اور کسانوں کی فلاح کے لیے اہم ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس کو آگے بڑھاتے ہوئے اب دونوں فریق ساتھ مل کر یوریا پیداوار کے اقدامات کر رہے ہیں۔

دوستو،

دونوں ممالک کے درمیان رابطہ بڑھانا ہماری بنیادی ترجیح ہے۔ ہم آئی ایس ٹی سی، شمالی سمندری راستے ، چنئی – ولادی وسٹوک کوریڈورز پر نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ مجھے خوشی ہے کہ اب ہم  ہندوستان کے سمندری سیاحوں کی  پولر واٹر(polar waters) میں تربیت کے لیے تعاون کریں گے۔ یہ آرکٹک میں ہمارے تعاون کو نئی طاقت دے گا ہی، بلکہ اس سے ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

اسی طرح شپ بلڈنگ میں ہمارا گہرا تعاون میک ان انڈیا کو مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ہمارے وِن- وِن تعاون کی ایک اور بہترین مثال ہے، جس سے روزگار، مہارتیں اور علاقائی رابطہ کاری – سبھی کو تقویت ملے گی۔

توانائی کی حفاظت ہند–روس شراکت داری کا ایک مضبوط اور اہم ستون رہی ہے۔ عوامی جوہری توانائی کے شعبے میں ہمارا دہائیوں پرانا تعاون، کلین انرجی کے ہمارے مشترکہ ترجیحات کو عملی شکل دینے میں اہم رہا ہے۔ ہم اس وِن- وِن تعاون کو جاری رکھیں گے۔

اہم معدنیات میں ہمارا تعاون دنیا بھر میں محفوظ اور متنوع سپلائی چینز کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔ اس سے صاف تونائی، ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ اور نئے دور کی صنعتوں میں ہماری شراکت داری کو مضبوط سہارا ملے گا۔

دوستو،

ہندوستان اور روس کے تعلقات میں ہمارے ثقافتی تعاون اور عوامی رابطےکی خاص اہمیت رہی ہے۔ دہائیوں سے دونوں ممالک کے عوام میں ایک دوسرے کے لیے محبت، احترام اور قربت کا جذبہ رہا ہے۔ ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہم نے کئی نئے اقدامات کیے ہیں۔

حال ہی میں روس میں ہندوستان کے دو نئے قونصل خانے کھولے گئے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان رابطہ آسان ہوگا اور باہمی قربت بڑھے گی۔ رواں برس اکتوبر میں لاکھوں عقیدت مندوں کو ’کالمکیا‘ میں انٹرنیشنل بدھسٹ فورم میں بھگوان بدھ کے مقدس باقیات کا  آشیرواد ملا۔

مجھے خوشی ہے کہ بہت جلد ہم روسی شہریوں کے لیے 30 روزہ مفت ای-ٹوریسٹ ویزا اور 30 روزہ گروپ ٹورسٹ ویزا کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

افرادی قوت کی نقل و حرکت نہ صرف ہمارے لوگوں کو جوڑے گی بلکہ دونوں ممالک کے لیے نئی طاقت اور نئے مواقع پیدا کرے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ اسے فروغ دینے کے لیے آج دو معاہدے کیے گئے ہیں۔ ہم مل کر پیشہ ورانہ تعلیم، مہارت کی تربیت اور ٹریننگ پر بھی کام کریں گے۔ ہم دونوں ممالک کے طلباء، اسکالرس اور کھلاڑیوں کے تبادلے کو بھی بڑھائیں گے۔

دوستو،

آج ہم نے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت کی۔ یوکرین کے حوالے سے ہندوستان نے آغاز سے ہی امن کے موقف کو اپنایا ہے۔ ہم اس موضوع کے پرامن اور مستقل حل کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہندوستان ہمیشہ اپنا تعاون دینے کے لیے تیار رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔

دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں  ہندوستان اور روس  نےطویل عرصے سے کندھے سے کندھا ملا کر تعاون کیا ہے۔ چاہے پہلگام میں ہونے والا دہشت گردانہ حملہ ہو یا کروکس سٹی ہال پر کیا گیا بزدلانہ حملہ — ان تمام واقعات کی جڑ ایک ہی ہے۔ ہندوستان غیر متزلزل یقین ہے کہ دہشت گردی انسانیت کے بنیادی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے اور اس کے خلاف عالمی یکجہتی ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

ہندوستان اور روس کے درمیان اقوام متحدہ،جی-20، برکس، ایس سی او اور دیگر فورمز پر قریبی تعاون رہا ہے۔ مضبوط ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے، ہم ان تمام فورمز پر اپنی بات چیت اور تعاون جاری رکھیں گے۔

عالی مرتبت

مجھے پورا یقین ہے کہ آنے والے وقت میں ہماری دوستی ہمیں عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت دے گی — اور یہی اعتماد ہمارے مشترکہ مستقبل کو مزید خوشحال بنائے گا۔

میں ایک بار پھر آپ اور آپ کے تمام وفد کا ہندوستان کے دورے کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

***

 (ش ح ۔م ع ن ۔ن ع)

U. No. 2494


(रिलीज़ आईडी: 2199467) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Gujarati