وزارتِ تعلیم
جناب دھرمیندر پردھان اورجناب یوگی آدتیہ ناتھ کی باوقار موجودگی میں کاشی تمل سنگم 4.0 کا افتتاح کیا گیا
प्रविष्टि तिथि:
02 DEC 2025 7:15PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرتعلیم جناب دھرمیندر پردھان اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں آج کاشی تمل سنگم (کے ٹی ایس) 4.0 کی شاندار تقریب کا افتتاح کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، جناب دھرمیندر پردھان نے کاشی تمل سنگم (کے ٹی ایس) 4.0 کے تمام مندوبین اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کے قیام کی خوشگوار امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی دوراندیشی کے تحت کاشی تمل سنگم نے کاشی اور تمل ناڈو کے درمیان ایک شاندار علمی پل قائم کیا ہے، جو ان دونوں قدیم ہندوستانی تہذیبوں کے ستونوں کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ جناب پردھان نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی دوراندیش قیادت کے تحت کاشی تمل سنگم ایک عوامی تحریک میں بدل چکا ہے اور یہ تجرباتی طورپر سیکھنے کا ایک طاقتور ذریعہ بن گیا ہے۔
جناب پردھان نے زور دیا کہ بھارت کی تنوع اور لسانی روایات اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں، اور اسی وجہ سے لسانی یکجہتی اور فخرکے ٹی ایس کے مرکزی خیال میں شامل ہیں۔ ‘‘تمل کرکلم – آئیے تمل سیکھیں’’ کے موضوع کے ساتھ، کاشی تمل سنگم 4.0 ،نوجوانوں کی شرکت پر زور دیتا ہے اور علمی و لسانی تبادلے کے ذریعے تمل زبان کی تعلیم کو تمل ناڈو سے باہر بھی بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کاشی تمل سنگم کاشی اور تمل ناڈو کے درمیان ثقافتی، اقتصادی اور سماجی شرکت کے نئے مواقع پیداکررہا ہے۔ انہوں نے تمل ناڈو کے مندوبین کو یقین دلایا کہ کاشی، پریاگ راج اور ایودھیا کا ان کا دورہ واقعی ایک منفرد اور بامقصد تجربہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کے موضوع کی اہمیت قومی یکجہتی کے جذبے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ سنگم کی اہمیت کو اس کار ریلی سے مزید بڑھایا گیا ہے جو تینکاسی سے شروع ہو کر تقریباً دو ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے کاشی پہنچے گی۔ جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے زور دیا کہ یہ جاری رہنے والا اقدام، وزیراعظم کی دوراندیش قیادت کے تحت، بھارت کی دیرینہ علمی، روحانی، فن اور تہذیب کی روایات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایل مورگن نے کہا کہ وزیراعظم کی دوراندیش قیادت میں، ‘‘ایک بھارت، شریشٹھ بھارت’’ کے تصور نے اصل صورت اختیار کرلی ہے اور اسی وژن سے کاشی تمل سنگمم ابھر کر سامنے آیا ہے اورپروان چڑھ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ثقافتی یکجہتی کو مضبوط کرنے اور بھارت کی تہذیبی ورثے کا جشن منانے کے وزیراعظم کے عزم کا مظہر ہے۔
کے ٹی ایس 4.0 کا انعقاد تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان ثقافتی اور تہذیبی روابط کو مضبوط کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی کے وژن سے متاثر ہو کر یہ اقدام دونوں خطوں کے درمیان تہذیبی، ثقافتی، لسانی اور عوامی تعلقات کو برقرار رکھتا ہے، جو‘‘ایک بھارت، شریشت بھارت’’ کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سال کے ایڈیشن کا موضوع ‘‘تمل کرکلم – آئیے تمل سیکھیں’’ ہے، جو بھارت بھر میں تمل زبان کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے تیارکیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کے 1,400 سے زائد مندوبین، جو مختلف علمی اور کمیونٹی گروپوں کی نمائندگی کرتے ہیں، سات زمروں کے تحت شرکت کر رہے ہیں۔
سینٹرل انسٹیٹیوٹ آف کلاسیکل تمل (سی آئی سی ٹی) نے تولکاپیم کا، قدیم ترین موجودہ تمل گرامر متن جو تھولکپیئر (8ویں صدی قبل مسیح) کو منسوب ہے، کو 4 بھارتی اور 6 غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ کیا ہے۔ معزز شخصیات نے آج ان کتابوں کا اجرا کیا۔
تقریب میں تمل ناڈو کے گورنر جناب آر این روی، اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت اور پارلیمانی امورکے وزیر ڈاکٹر ایل مورگن، اتر پردیش میں طبی تعلیم کے وزیر جناب برجیش پاٹھک، اتر پردیش میں محنت اور روزگار کےوزیر جناب انل راج بھر، ڈاک، کورٹ فیس اور رجسٹریشن کے وزیر جناب رویندر جیسوال، اتر پردیش میں وزیر ڈاکٹر دیا شَنکر مشرا، پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر جناب کے کیلاش ناتھن، ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری ڈاکٹر وینیت جوشی،بی ایچ یو کے وائس چانسلر پروفیسر اجیت کے چترویدی، آئی آئی ٹی بی ایچ یو کے ڈائریکٹر پروفیسر امت پترا،آئی آئی ٹی مدراس کے ڈائریکٹر پروفیسر وی کاماکوتی اور دیگر سینئر اہلکار بھی موجود تھے۔
***
UR-2266
(ش ح۔ع ح۔ ف ر )
(रिलीज़ आईडी: 2198050)
आगंतुक पटल : 7