نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں منعقدہ ابتدائی راموجی ایکسی لینس ایوارڈز 2025 میں شرکت کی


راموجی راؤ ایک دور اندیش قوم ساز تھے، نائب صدر کا خراجِ عقیدت

نائب صدر کی میڈیا سے وِکست بھارت @ 2047 کے وژن کی تکمیل میں تعاون کی اپیل

نائب صدر نے غلط معلومات کے دور میں اخلاقی اور قابلِ اعتماد صحافت کی ضرورت پر زور دیا

Posted On: 17 NOV 2025 9:09AM by PIB Delhi

بھارت کے نائب صدر، جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے آج تلنگانہ کے حیدرآباد میں واقع راموجی فلم سٹی میں منعقدہ ابتدائی راموجی ایکسی لینس ایوارڈز 2025 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

راموجی ایکسی لینس ایوارڈز سات زمروں میں دیہی ترقی کے لیے محترمہ آملہ اشوک روئیا،یوتھ آئیکون کے لیے جناب شری کانت بولا،سائنس اور ٹیکنالوجی کے لیے پروفیسر مادھوی لتا گلی،خدمتِ انسانیت کے لیے جناب آکاش ٹنڈن،فن و ثقافت کے لیے پروفیسر ستوپتی پرسنا  سری،صحافت کے لیے جناب جے دیپ ہاردیکراور ویمن اچیورز کے لیے محترمہ پلابی گھوش کو پیش کیے گیے ۔

اپنے خطاب میں نائب صدر جمہوریہ ہند جناب سی۔ پی۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ ابتدائی راموجی ایکسی لینس ایوارڈز تقریب میں  شرکت کرنا اُن کے لیے اعزاز اور باعث فخر ہے، جو راموجی گروپ کے یومِ تاسیس اور اس کے بانی جناب راموجی راؤ کی سالگرہ کے موقع کے ساتھ منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناب راموجی راؤ ایک دور اندیش شخصیت تھے جنہوں نے خیالات کو اداروں میں اور خوابوں کو دیرپا حقیقتوں میں تبدیل کیا۔ وہ نہ صرف میڈیا اور کمیونیکیشن کے ایک  قائدتھے بلکہ ایک قوم ساز رہنما بھی تھے جو معلومات، تخلیقی صلاحیت اور کاروباری جذبے کی طاقت پر گہرا یقین رکھتے تھے۔

نائب صدر  جمہوریہ ہندنے اس بات کو اُجاگر کیا کہ اینادو سے راموجی فلم سٹی تک، ای ٹی وی نیٹ ورک سے بے شمار دیگر منصوبوں تک، جناب راموجی راؤ کے کام نے بھارتی صحافت، تفریح اور کاروباری دنیا میں انقلاب برپا کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچائی، اخلاقیات اور اعلیٰ معیار کے لیے اُن کا غیر متزلزل عزم آج بھی پوری قوم میں نسلوں کو متاثر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راموجی ایکسی لینس ایوارڈز کا آغاز اس قابلِ فخر وراثت کو ایک مناسب خراجِ عقیدت ہے، جو ایسے افراد اور اداروں کو اعزاز دیتا ہے جو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، دوسروں کے لیے محرک بنتے ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتے ہیں۔

میڈیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پریس، جسے اکثر جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے، باخبر شہریوں کی تشکیل میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ معلومات کی بھرمار اور غلط معلومات کے اس دور میں نائب صدر نے سچی، اخلاقی اور ذمہ دار صحافت کی انتہائی اہمیت پر زور دیا۔

نائب صدر جمہوریہ ہندنے کہا کہ جیسے جیسے بھارت وزیر اعظم کے پیش کردہ وژن وِکست بھارت @ 2047 کی جانب آگے بڑھ رہا ہے، میڈیا اداروں کو چاہیے کہ وہ قوم سازی میں شراکت دار بنیں اور جدت طرازی، اسٹارٹ اپس، خواتین کی بااختیاری اور دیہی ترقی کی کہانیوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سچائی، معروضیت اور انصاف میڈیا کے اداروں کی بنیادی اقدار ہونی چاہئیں۔

انہوں نے میڈیا کے اس اہم کردار پر بھی زور دیا کہ وہ منشیات سے پاک بھارت کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرے اور شہریوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے کہ صحیح اور فرضی خبر کیا ہے، خصوصاً اس دور میں جب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیز رفتار ترقی معلومات کے بہاؤ کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔

نائب صدر ہند نے راموجی گروپ کی جانب سے ان ایوارڈز کے اجرا کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات یادوں کو تحریک میں اور وراثت کو با مقصد عمل میں تبدیل کرتے ہیں۔

انہوں نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں بہترین کارکردگی کے علمبردار قرار دیا اور یقین ظاہر کیا کہ ان کی کامیابیاں بہت سے لوگوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نائب صدر جمہوریہ ہندنے کہا کہ یہ شام نہ صرف غیر معمولی کارنامے انجام دینے والی شخصیات کا جشن ہے، بلکہ اس ابدی صداقت کو بھی مضبوط کرتی ہے کہ جب کارکردگی خلوص اور مقصد کے ساتھ انجام دی جائے تو وہ قوم اور انسانیت دونوں کی خدمت کرتی ہے۔

تقریب میں تلنگانہ کے گورنر جناب جِشنو دیو ورما؛ بھارت کے سابق نائب صدرجمہوریہ جناب ایم۔ وینکیا نائیڈو؛ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ جناب اے۔ ریونت ریڈی، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب این۔ چندر بابو نائیڈو، مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی۔ کشن ریڈی، مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی جناب کنجاراپو رام موہن نائیڈو، بھارت کے سابق چیف جسٹس جناب این۔ وی۔ رمنّا، چیئرمین و مینیجنگ ڈائریکٹر، راموجی گروپ، جناب  چیروکری کرن، ممتاز فلمی شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

****

ش ح۔  ش ت ۔ش ب ن

U.NO.1342


(Release ID: 2190653) Visitor Counter : 14