کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان نے لاطینی امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا


ہند۔پیرو تجارتی معاہدے کا 9؍واں دور اور ہند۔چلی سی ای پی اے مذاکرات کا تیسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا

Posted On: 06 NOV 2025 8:40AM by PIB Delhi

ہندوستان نے لاطینی امریکہ کے شراکت دار ممالک کے ساتھ دو اہم تجارتی مذاکرات کے مراحل کامیابی سے مکمل کیے ہیں، جو حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور اس خطے کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

ہند۔پیرو تجارتی معاہدے کے مذاکرات کا 9؍واں دور 3 سے 5 نومبر 2025 تک  پیرو کے لیما میں منعقد ہوا۔ ان مذاکرات کے دوران مجوزہ معاہدے کے اہم ابواب پر نمایاں پیش رفت ہوئی، جن میں اشیاء و خدمات کی تجارت، ماخذ کے اصول، تجارت میں تکنیکی رکاوٹیں، کسٹم کے طریقۂ کار، تنازعہ کے حل کے طریقے اور اہم معدنیات شامل ہیں۔

اختتامی تقریب میں عزت مآب محترمہ ٹریسا سٹیلا میرا گومیز، وزیر برائے غیر ملکی تجارت و سیاحت (پیرو) اور عزت مآب جناب سیزر آگستو لیونا سلوا، نائب وزیر برائے غیر ملکی تجارت، سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ہندوستانی وفد کی نمائندگی پیرو میں ہندوستان کے سفیر عزت مآب جناب وشواس ویدو سپکل نے کی، جبکہ ہندوستانی  وفد کی قیادت جوائنٹ سیکریٹری اور مذاکرات کے سربراہ  جناب ومل آنند نے کی۔

اپنے خطاب میں وزیر گومیز نے مذاکرات کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پیرو کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں معیشتوں کے درمیان باہمی تکمیلی خصوصیات کو اجاگر کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ تجارت اور سرمایہ کاری کے پھیلاؤ کو فروغ دے گا۔ سفیر سپکل نےہندوستان کی مسلسل ترقی کی رفتار کواجاگر کرتے ہوے  کہا کہ یہ معاہدہ اہم معدنیات، دواسازی، آٹو موبائلز، ٹیکسٹائل اور فوڈ پروسیسنگ جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

اگلے مرحلے کے مذاکرات سے قبل زیر التواء امور پر پیش رفت کے لیے عبوری اجلاس منعقد کیےپر دونوں فریقین نے اتفاق کیا۔ مذاکرات کا اگلا مرحلہ جنوری 2026 میں نئی دہلی میں منعقد کیے جانے کی تجویز ہے۔

اس سے قبل، ہند۔چلی جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کےلیے مذاکرات کا تیسرا دور 27 سے 30 اکتوبر 2025 تک  چلی کے سینٹیاگو  میں منعقد ہوا۔ ان مذاکرات میں کئی اہم ابواب پر گفتگو ہوئی، جن میں اشیاء و خدمات کی تجارت، سرمایہ کاری کا فروغ، تجارتی اشیا کے ماخذ کے اصول، دانشورانہ املاک کے حقوق، تکنیکی و حفظانِ صحت سے متعلق اقدامات  (ٹی بی ٹی؍ ایس پی ایس) ، اقتصادی تعاون اور اہم معدنیات شامل تھے۔ دونوں فریقین نے سی ای پی اے مذاکرات کو جلد اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد منڈی تک بہتر رسائی کو فروغ دینا، سپلائی چین کی مضبوطی کو یقینی بنانا اور اقتصادی انضمام کو مزید گہرا کرنا ہے۔

ہندوستان کی پیرو اور چلی کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارتی مصروفیات اس کے اس اسٹریٹجک وژن کی عکاس ہیں، جس کے تحت وہ لاطینی امریکہ کے خطے کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی اور جامع اقتصادی تعاون کے ڈھانچے کے ذریعے مضبوط شراکت داری قائم کرنے پر توجہ مرکوز رکر رہا ہے۔

1.jpg

2.jpg

*****

 

 ( ش ح ۔م  ع ن۔ع ن)

U. No. 826


(Release ID: 2186829) Visitor Counter : 9