صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریۂ ہند نے اتراکھنڈ کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا
قانون ساز اسمبلیاں ہمارے پارلیمانی نظام کا ایک اہم ستون ہیں: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو
صدرِ جمہوریہ نے ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے رابطہ قائم کرنے اور انہیں زمینی سطح پر سہولت فراہم کرنے کا موقع ملنا ایک بڑا اعزاز ہے
Posted On:
03 NOV 2025 1:51PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (3 نومبر ، 2025 ء ) کو اترا کھنڈ کے دہرادون میں ریاست کے قیام کی سلور جوبلی کے موقع پر اتراکھنڈ کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ، صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ قانون ساز اسمبلیاں ہمارے پارلیمانی نظام کا ایک اہم ستون ہیں۔ بابا صاحب امبیڈکر نے کہا تھا کہ آئین سازوں نے پارلیمانی نظام اختیار کرکے مسلسل جوابدہی کو سب سے زیادہ اہمیت دی۔ عوام کے تئیں مسلسل جواب دہی پارلیمانی نظام کی طاقت بھی ہے اور ایک چیلنج بھی۔

صدر ِ جمہوریہ نے کہا کہ قانون ساز ،عوام اور حکومت کے درمیان سب سے اہم رابطہ ہوتے ہیں۔ اپنے حلقے کے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے اور انہیں زمینی سطح پر سہولت فراہم کرنے کا موقع ملنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ارکانِ اسمبلی عوامی مسائل کے حل میں سرگرم رہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مخلصانہ کوشش کریں تو عوام اور ان کے نمائندوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ اٹوٹ رہے گا۔
صدر ِ جمہوریہ نے اتراکھنڈ اسمبلی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ پوری تندہی کے ساتھ ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کام پارٹی سیاست سے بالاتر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ سماج کے محروم طبقات کی بہبود اور ترقی کے لیے خصوصی حساسیت کے ساتھ کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

صدر ِ جمہوریہ نے کہا کہ آئین کی دفعہ 44 کے تحت آئین سازوں نے تمام شہریوں کے لیے یکساں سول کوڈ کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے اتراکھنڈ اسمبلی کے ارکان کی ستائش کی کہ انہوں نے آئین کے ضابطوں کے مطابق یکساں سول کوڈ بل نافذ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ اتراکھنڈ اسمبلی میں اب تک 550 سے زیادہ بل منظور کیے گئے ہیں، جن میں اتراکھنڈ لوک آیکت بل، اتراکھنڈ میں زمینداری کے خاتمے اور آراضی کی اصلاحات سے متعلق بل اور اینٹی کاپیِنگ بل شامل ہیں۔ انہوں نے شفافیت، اخلاقیات اور سماجی انصاف کے جذبے کے تحت ایسے بل منظور کرنے پر ارکان کی ستائش کی۔

صدر ِ جمہوریہ نے کہا کہ اتراکھنڈ قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال ہے۔ ریاست کو چاہیے کہ وہ قدرت کے ان عطیات کو محفوظ رکھتے ہوئے ترقی کے راستے پر آگے بڑھے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی ظاہر کی کہ گزشتہ 25 برسوں میں اتراکھنڈ کے لوگوں نے ترقی کے قابلِ ذکر سنگِ میل حاصل کیے ہیں۔ ماحولیات، توانائی، سیاحت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں قابلِ ستائش پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈیجیٹل اور فزیکل کنیکٹیویٹی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ جامع کوششوں کے نتیجے میں انسانی ترقی کے کئی اشاریوں پر اتراکھنڈ کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ‘ ملک مقدم ’ کے جذبے کے ساتھ اتراکھنڈ اسمبلی کے ارکان ریاست اور ملک کو تیز تر ترقی کی راہ پر مزید آگے لے جائیں گے۔
Please click here to see the President's Speech-
********
( ش ح۔ا ع خ ۔ ع ا)
U.No. 687
(Release ID: 2185841)
Visitor Counter : 17