بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
سیوا پَرو کے موقع پر کے وی آئی سی کی طرف سے بڑے کھادی مہوتسو 2025 کا آغاز
Posted On:
21 SEP 2025 1:41PM by PIB Delhi
- کے وی آئی سی کے چیئرمین، جناب منوج کمار نے 17 ستمبر کو وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے کھادی مہوتسو 2025 کا افتتاح کیا۔
- کھادی مہوتسو 2025 پورے ملک میں 17 ستمبر سے 23 اکتوبر 2025 تک منایا جائے گا۔
- 17 سے 19 ستمبر کے دوران، کے وی آئی سی ہیڈکوارٹرز، ممبئی نے سوادی اور صفائی کے موضوع پر سلسلہ وار پروگراموں کا انعقاد کیا۔
- کے وی آئی سی کے چیئرمین کی قیادت میں 18 ستمبر کو ممبئی کے جُوہو ساحل پر خصوصی صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا۔
- کے وی آئی سی کے چیئرمین نے کہا: ’’محترم وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ’ہر گھر سوادی، گھر گھر سوادی‘ کے منتر کی تائید کرتے ہوئے، کے وی آئی سی ’سوادی انقلاب‘ کو ہر گھر تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘
ممبئی، 21 ستمبر 2025
سیوا پَرو کے موقع پر، کھادی اور گاؤں کی صنعتوں کا کمیشن (کے وی آئی سی) پورے ملک میں کھادی مہوتسو 2025 کا انعقاد کر رہا ہے، جو 17 ستمبر سے 23 اکتوبر تک جاری رہے گا، تاکہ ہر گھر تک ’’ہر گھر سوادی، گھر گھر سوادی‘‘ کا پیغام پہنچایا جا سکے۔
سترہ ستمبر کو کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب منوج کمار نے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے کھادی مہوتسو 2025 کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد 18 اور 19 ستمبر کو ممبئی میں کے وی آئی سی کے مرکزی دفتر نے سوادی، صفائی اور خود انحصاری کو عوام کی شرکت کے ساتھ جوڑتے ہوئے متعدد پروگراموں کا انعقاد کیا۔
سیوا پَرو 2025 کے حصے کے طور پر 18 ستمبر کو ممبئی کے جُوہو ساحل پر ایک خصوصی صفائی مہم (کلین لینس ڈرائیو-5.0) کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کی قیادت کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب منوج کمار نے کی اور انہوں نے ’’صفائی کے ذریعے قوم کی خدمت کریں‘‘ کا پیغام دیا۔ انہوں نے اہلکاروں، ملازمین اور مقامی شہریوں سے بھارت کو صاف اور سبز بنانے میں فعال حصہ لینے کی درخواست کی۔ سینکڑوں کے وی آئی سی اہلکاروں اور ملازمین نے جوش و خروش کے ساتھ اس مہم میں حصہ لیا۔
اُنیس ستمبر کو مختلف مقابلوں میں فاتح طلباء، ملازمین اور اہلکاروں کو کے وی آئی سی کے چیئرمین نے سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب منوج کمار نے کہا کہ ’’ہر گھر سوادی، گھر گھر سوادی‘‘ کے منتر کے تحت، محترم وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں کے وی آئی سی سوادی انقلاب کو ہر شہری تک پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کے پیغام ’’سیوا ہی سنکلپ، راشٹر پرتھم ہی پریرنا‘‘ (خدمت ہمارا عزم، قوم سب سے پہلے ہماری تحریک) سے متاثر ہو کر کے وی آئی سی قوم کی خدمت کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔
کھادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’ایک وقت تھا جب مشہور برانڈز ہماری ترجیح تھے، لیکن آج کھادی ہماری ترجیح بن گئی ہے۔ کھادی صرف ایک کپڑا نہیں رہی؛ یہ ’آتم نربھر بھارت‘ کی مضبوط بنیاد ہے جیسا کہ مہاتما گاندھی نے تصور کیا تھا۔‘‘
جناب منوج کمار نے یہ بھی بتایا کہ کھادی اب ’’ہر گھر سوادی‘‘ کی حقیقی روح بن چکی ہے، کیونکہ یہ نہ صرف کھیت سے فیشن تک دیگر تمام دیہی ہنر مندوں کو جوڑ رہی ہے بلکہ گزشتہ 11 سال میں کھادی نے نمایاں ترقی کی ہے اور اس کا کاروبار 1.70 لاکھ کروڑ روپے کے سنگِ میل کو عبور کر چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ محترم وزیرِ اعظم کی رہنمائی میں کے وی آئی سی دیہی صنعتوں کا مضبوط ستون بن کر ابھرا ہے اور سوادی کو عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے پرعزم کوششیں کر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کے الفاظ ’’ہم اپنی قوم کے لیے مشکلات برداشت کر سکتے ہیں، لیکن ہم ایک آتم نربھر بھارت قائم کریں گے‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کے وی آئی سی کی وابستگی کو دوہرایا۔
اس موقع پر کے وی آئی سی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، محترمہ روپ راشی نے کہا کہ ’سیوا پَرو‘ اور جی ایس ٹی فوائد جیسے اقدامات نوجوان نسل کو کھادی اور سوادی کے اصل اقدار کو سمجھنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھادی صرف ایک کپڑا نہیں بلکہ ہنرمندوں کی محنت اور عوام کی اجتماعی حمایت کی علامت ہے، جو خود انحصاری اور ثقافتی شناخت کی روح کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچہ کھادی کا سفیر بن سکتا ہے۔
کھادی مہوتسو میں، ممبئی کے مرکزی دفتر کے افسران اور ملازمین نے ’ووکَل فار لوکل‘ کے جذبے کے ساتھ سوادی کے لیے اپنی وابستگی کا عہد کیا۔ روایتی کھادی لباس میں ملبوس انہوں نے ’کھادی یاترا‘ میں بھی حصہ لیا۔ اس کے علاوہ، ایک رنگین سوادی رنگولی مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں سب نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6369
(Release ID: 2169236)