وزارت آیوش
خواتین کی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کے ’’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘‘ میں وزارت آیوش کی شمولیت
ملک گیر مہم کے تحت خواتین کے لیے اسکریننگ، زچگی سے متعلق صحت کی خدمات، طرزِ زندگی سے متعلق رہنمائی، یوگا اور آیوش پر مبنی تدابیر کو مضبوط بنایا جائے گا
ریاستیں، مرکز کے زیرِ انتظام علاقے، خود امدادی گروپ اور ادارے خواتین کی جامع صحت کی دیکھ بھال کے لیے برادریوں کو متحرک کریں گے
Posted On:
14 SEP 2025 10:40AM by PIB Delhi
وزارت آیوش، صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے شروع کیے جانے والے قومی صحت مہم ’’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان‘‘ میں حصہ لے رہی ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ، آیوش کے تحقیقی اداروں، تعلیمی اداروں، صنعتوں اور نجی شعبے، انجمنوں، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور کوآپریٹیو سوسائٹیز کے تعاون سے وزارت، خواتین کی صحت کے فروغ اور مختلف بیماریوں کی اسکریننگ پر مرکوز سرگرمیوں کا ایک سلسلہ منعقد کرے گی۔
یہ 16 روزہ مہم غیر متعدی امراض (این سی ڈیز)، کینسر، خون کی کمی (انیمیا)، تپ دق (ٹی بی) اور سکل سیل بیماری کے لیے طبی جانچ اور اسکریننگ کیمپوں، زچہ و بچہ صحت خدمات، غذائیت اور حفظانِ صحت سے متعلق بیداری پروگراموں اور رضاکارانہ خون کے عطیہ کی مہم پر مشتمل ہوگی تاکہ عوامی صحت کے اقدامات کو تقویت ملے۔ اس مہم کے تحت خواتین اور بچوں میں انیمیا، این سی ڈی اور پولی سسٹک اوورین ڈیزیز (پی سی او ڈی) کے علاج کے لیے آیوش طریقہ علاج پر بھی توجہ دی جائے گی۔
یہ قومی صحت مہم خواتین کی صحت اور بااختیاری پر مرکوز ہوگی، جس کے لیے طرزِ زندگی سے متعلق مشاورت کے خصوصی کیوسک، یوگا سیشنز اور ’’پراکرتی پرِكشن‘‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ریاستیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے اسکولوں میں بیداری کیمپ، ریڈیو اور ٹیلی ویژن پروگرام، نیز سوشل میڈیا مہمات کا انعقاد کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پیغام پہنچ سکے۔ عوام میں گھریلو علاج اور غذائی کٹس تقسیم کی جائیں گی جبکہ خواتین کی صحت کے لیے عام دواؤں کے پودوں اور جڑی بوٹیوں کی چائے کے فوائد کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔ مہم میں کارپوریٹ برن آؤٹ کے سدباب پر بھی زور دیا گیا ہے جس کے لیے آیوروید سے متاثرہ فلاحی پروگرام اور یوگا پر مبنی مائنڈفلنیس طریقے اپنائے جائیں گے۔
پنچایت سطح پر خود امدادی گروپ بیداری ریلیاں اور عہد برداری کے پروگرام منعقد کریں گے تاکہ برادریوں کو متحرک کیا جا سکے۔ یہ مہم خواتین کی جامع صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنائے گی—حمل سے لے کر آخری مرحلے تک—جس میں روزانہ آیوش ہیلتھ ٹپس مثلاً انیمیا سے پاک خواتین، فٹ ماں، بے تناؤ خواتین، جڑی بوٹیوں سے غذائیت اور ہڈیوں کی صحت جیسے موضوعات پر سوشل میڈیا پر شائع کی جائیں گی تاکہ خواتین اپنی صحت کے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کر سکیں۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-5989
(Release ID: 2166468)
Visitor Counter : 2