زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کسانوں کی شکایات کے ازالے پر اعلیٰ سطحی میٹنگ کی


کسانوں کی شکایات، تجاویز اور دیگر امداد  پر معنون  ایک  پورٹل قائم کیا جائے گا: شیوراج سنگھ

مرکزی وزیر شیوراج سنگھ کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے شکایات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں گے

تمام عہدیداروں کو کسانوں کے مفاد میں پوری شفافیت، ساکھ اور حساسیت کے ساتھ کام کرنا چاہئے: شیوراج سنگھ

جعلی یا غیر معیاری کھادوں، بیجوں اور کیڑے مار ادویات سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے: شیوراج سنگھ

کسانوں کو ہونے والے نقصانات کو روکنے کے لیے صرف تصدیق شدہ بایوسٹیمولنٹ ہی فروخت کیے جائیں:شیوراج سنگھ

Posted On: 01 SEP 2025 6:20PM by PIB Delhi

زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تاکہ کال سینٹرز اور دیگر پورٹل کے ذریعے کسانوں سے موصول ہونے والی شکایات کے حل کا جائزہ لیا جاسکے۔ میٹنگ میں شیوراج سنگھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کی سہولت کے لیے متعدد پورٹلز کے بجائے کسانوں کی شکایات، تجاویز اور دیگر امداد کے لیے ایک ہی معنون  پورٹل بنائیں اور مسائل کے جلد اور مناسب حل کو یقینی بنائیں۔ جناب چوہان نے کہا کہ وہ خود کسانوں سے موصول ہونے والی شکایات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں گے تاکہ انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

کسانوں سے موصول ہونے والی شکایات اور ہیلپ لائن نمبروں پر کالوں کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی وزیر زراعت جناب چوہان نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ شیوراج سنگھ نے کہا کہ تمام عہدیداروں کو کسانوں کے مفاد میں مکمل شفافیت، ساکھ اور حساسیت کے ساتھ کام کرنا چاہئے اور نظام کو مزید مضبوط کرنا چاہئے۔ میکانزم کو کسانوں کی شکایات کے بروقت اور موثر حل کی ضمانت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی کوشش ہونی چاہئے کہ ہمارے کسان ہر حال میں خوش رہیں۔

میٹنگ کے دوران، مرکزی وزیر نے کسانوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں حکام سے معلومات طلب کی، جن میں سے اکثر جعلی یا غیر معیاری کھادوں، بیجوں اور کیڑے مار ادویات سے متعلق تھیں۔ ان شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ انہیں بھی ریاستوں کے دوروں کے دوران ایسی شکایات موصول ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسانوں کو لوٹ مار سے بچانا چاہیے اور اس کے لیے غیر معیاری کھادوں، بیجوں اور کیڑے مار ادویات کی فروخت کو سختی سے روکنا چاہیے۔ وزیر نے ہدایت دی کہ مرکز کے افسران اپنی سطح پر کارروائی کرنے کے علاوہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ تال میل میں سخت کارروائی کو بھی یقینی بنائیں، تاکہ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کو راحت مل سکے۔ شیوراج سنگھ نے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ریاستوں کی شراکت ضروری ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ وہ خود اس سلسلے میں وزرائے اعلیٰ کو پہلے ہی خط لکھ چکے ہیں، وزیر نے کہا کہ وہ کسانوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاستوں کے ساتھ مزید بات چیت کریں گے

ماضی میں غیر قانونی بائیوسٹیمولینٹ کی فروخت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے، مرکزی وزیر شیوراج سنگھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صرف مطلع شدہ مصنوعات ہی فروخت کی جانی چاہئیں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ تال میل میں، مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اور اس بات پر زور دیا کہ اب تک 146 مطلع شدہ بایوسٹیمولنٹس کے علاوہ کسی بھی غیر منظور شدہ بائیوسٹیمولنٹس کی فروخت کی اجازت نہ دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی وزیر نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ کسانوں میں مطلع شدہ بایوسٹیمولنٹس کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے تصدیق شدہ بایوسٹیمولینٹ کی فہرست بھیجیں۔

وزیر موصوف کو پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت قسطیں وصول کرنے کی شکایات اور پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت دعووں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ چونکہ یہ دونوں اہم اسکیمیں ہیں اس لئے ان سے متعلق ہر شکایت کا ازالہ کیا جانا چاہئے اور عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ کسانوں سے رابطہ کرکے ان کی رائے لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہمارے کسان ہر لحاظ سے پوری طرح مطمئن ہوں۔ اس میٹنگ کے دوران زراعت کے مرکزی سکریٹری ڈاکٹر دیوش چترویدی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مرکزی وزیر جناب چوہان کو بھی اپنی تجاویز دیں۔

سودیشی کو اپنانے کی قرارداد:

میٹنگ میں، محکمہ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے حکام نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ’سودیشی کو اپنانے‘ کی وکالت  اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ کی اپیل کے مطابق، زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک دیسی مصنوعات (سودیشی) کو اپنانے کا ایک اہم فیصلہ لیا۔ جناب چوہان کے ساتھ، زراعت کے سکریٹری ڈاکٹر دیویش چترویدی اور دیگر تمام عہدیداروں نے اپنی زندگی میں صرف سودیشی مصنوعات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا عہد لیا۔

****

ش ح ۔ ال

UR-5550


(Release ID: 2162847) Visitor Counter : 2