وزارت دفاع
بھارتی فضائیہ نے جموں اور پنجاب میں سیلاب کے دوران فوری کارروائی کی
Posted On:
27 AUG 2025 7:29PM by PIB Delhi
بھارتی فضائیہ کی شمالی پنجاب اور جموں علاقوں میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیاں تیز
ہندوستانی فضائیہ جموں خطے اور شمالی پنجاب میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح اور تباہ کن سیلاب کے دوران وسیع پیمانے پر امدادی اور بچاؤ مشن شروع کرکے قومی خدمت کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے اثاثوں کی تیزی سے تعیناتی
ہیلی کاپٹر کا بیڑہ حرکت میں: شمالی سیکٹر میں قریبی اڈوں سے پانچ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر اور ایک چنوک ہیلی کاپٹر کو فوری طور پر سروس میں شامل کیا گیا، جس سے زیادہ سے زیادہ بچاؤ کی صلاحیت اور آپریشنل رسائی کو یقینی بنایا گیا۔ بچاؤ کی کوششوں میں شامل ہونے کے لیے اضافی ہیلی کاپٹر تیار ہیں۔
ٹرانسپورٹ ایرکرافٹ سپورٹ: علاقے میں جاری بچاؤ کی کوششوں کے لیے اہم سامان اور تربیت یافتہ اہلکاروں کو فراہم کرنے کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم کے ساتھ امدادی اور بچاؤ کے سامان سے بھرا ہوا آئی اے ایف کا سی-130 ٹرانسپورٹ طیارہ جموں پہنچا ۔ بچاؤ کی کوششوں میں شامل ہونے کے لیے اضافی ٹرانسپورٹ طیارے تیار ہیں۔
بچاؤ مشن
اکھنور علاقہ، جموں: تال میل اور کارکردگی کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے، فوج کے 12 دستوں اور بی ایس ایف کی 3 خاتون کانسٹیبلز سمیت 11 اہلکاروں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔ آئی اے ایف مشکل حالات میں مسلح افواج کے اہلکاروں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔
پٹھان کوٹ علاقہ، پنجاب: سیلاب کی شدت اختیار کرنے کے بعد بھارتی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے پھنسے ہوئے 46 شہریوں کو کامیابی کے ساتھ نکالا۔ مزید برآں ، مقامی کمیونٹی کی مدد کے لیے 750 کلوگرام سے زیادہ ضروری امدادی سامان گرایا گیا۔
ڈیرہ بابا نانک علاقہ: ایک بڑی کارروائی میں، 38 فوجی اہلکاروں اور 10 بی ایس ایف اہلکاروں کو شدید متاثرہ ڈیرہ بابا نانک علاقے سے بچا لیا گیا ، جو خطرناک حالات میں بھی بھارتی فضائیہ کے فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔ متاثرہ اہلکاروں کو بچانے کے لیے اضافی مشن جاری ہیں۔
ہندوستانی فضائیہ کی فوری کارروائیاں، فوج، بی ایس ایف ، این ڈی آر ایف ، اور مقامی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے ، بے شمار جانیں بچانے اور سب سے زیادہ متاثرہ افراد کو راحت پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ جدید فضائی اثاثوں اور انتہائی ہنرمند عملے کی تعیناتی نے سخت موسم کے درمیان فوری ، محفوظ انخلاء اور امداد کی موثر فراہمی کو یقینی بنایا ۔
قدرتی آفات کے وقت ملک اور اس کے شہریوں کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، بدلتے ہوئے صورتحال میں، ہندوستانی فضائیہ مزید مشن انجام دینے کے لیے تیار ہے۔



******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 5375
(Release ID: 2161375)