مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
امریکہ کے لیے ڈاک خدمات کی عارضی معطلی
Posted On:
23 AUG 2025 2:49PM by PIB Delhi
ڈاک کے محکمے نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے 30 جولائی 2025 کو جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر نمبر 14324 کا نوٹس لیا ہے، جس کے تحت 800 امریکی ڈالر تک کی قیمت والے سامان کے لیے ڈیوٹی فری ڈی مینیمس استثنیٰ کو 29 اگست 2025 سے واپس لے لیا جائے گا۔ نتیجتاً، امریکہ کے لیے بھیجے جانے والے تمام بین الاقوامی ڈاک کے سامان، ان کی قیمت سے قطع نظر، ملک کے مخصوص بین الاقوامی ایمرجنسی اکنامک پاور ایکٹ (آئی ای ای پی اے) ٹیرف ضابطہء کار کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی کے تابع ہوں گے۔ تاہم، 100 امریکی ڈالر تک کی قیمت کے تحفے کے سامان ڈیوٹی سے مستثنٰی رہینگے۔
ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق، وہ ٹرانسپورٹ کیریئرز جو بین الاقوامی ڈاک نظام کے ذریعے ترسیلات پہنچاتے ہیں یا دیگر ’’مستند فریق‘‘جو امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی ) کی جانب سے منظور شدہ ہیں، ان پر لازم ہے کہ وہ ڈاک ترسیلات پر ڈیوٹی وصول کریں اور جمع کرائیں۔ اگرچہ سی بی پی نے 15 اگست 2025 کو کچھ رہنما اصول جاری کیے ہیں، تاہم ’’مستند فریق‘‘ کے تعین اور ڈیوٹی کی وصولی و جمع کرانے کے طریقۂ کار سے متعلق کئی اہم امور تاحال واضح نہیں ہیں۔ نتیجتاً، امریکہ جانے والے فضائی کیریئرز نے 25 اگست 2025 کے بعد ڈاک پارسلز قبول کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے اور اس کی وجہ عملی اور تکنیکی تیاری کی کمی کو قرار دیا ہے۔
مذکورہ بالا صورتحال کے پیش نظر، ڈاکخانہ ڈیپارٹمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ 25 اگست 2025 سے امریکہ کے لیے تمام قسم کے ڈاک کے سامان کی بکنگ کو عارضی طور پر معطل کر دیا جائے، سوائے خطوط/دستاویزات اور 100 امریکی ڈالر تک کی قیمت کے تحفے کے سامان کے۔ یہ مستثنیٰ زمرے قبول کیے جاتے رہیں گے اور سی بی پی اور یو ایس پی ایس سے مزید وضاحت کے تابع، امریکہ بھیجے جائیں گے۔
ڈیپارٹمنٹ تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور خدمات کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
جن صارفین نے پہلے سے سامان بک کیا ہے جو ان حالات کی وجہ سے امریکہ نہیں بھیجے جا سکتے، وہ ڈاک کے اخراجات کی واپسی کے لیے درخواست کر سکتے ہیں۔ ڈاکخانہ ڈیپارٹمنٹ صارفین کو ہونے والی تکلیف پر گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ امریکہ کے لیے مکمل خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 5231 )
(Release ID: 2160120)