وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

مالی سال 25-2024 میں دفاعی پیداوار 1.51لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر۔


سنگِ میل بھارت کے مضبوط ہوتے دفاعی صنعتی ڈھانچے کی واضح علامت: وزیرِ دفاع

Posted On: 09 AUG 2025 10:58AM by PIB Delhi

سالانہ دفاعی پیداوار مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ بلند ترین سطح 1,50,590 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ یہ سنگِ میل گزشتہ مالی سال کی 1.27 لاکھ کروڑ روپے کی پیداوار کے مقابلے میں مضبوط 18 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، جبکہ مالی سال 2019-20 کے 79,071 کروڑ روپے کے مقابلے میں یہ حیران کن 90 فیصد کی نمو ہے۔

وزیرِ دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے اس شاندار کامیابی پر محکمہ دفاعی پیداوار اور تمام شراکت داروں، یعنی دفاعی پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (ڈی پی ایس یوز)، سرکاری مینوفیکچررز اور نجی صنعت کے اجتماعی کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس ترقی کے رجحان کو بھارت کے مضبوط ہوتے دفاعی صنعتی ڈھانچے کی واضح علامت قرار دیا۔

دفاعی سرکاری ادارے (ڈی پی ایس یوز) اور دیگر پبلک سیکٹر یونٹس، کُل پیداوار کا تقریباً 77 فیصد حصہ رکھتے ہیں، جبکہ نجی شعبے کا حصہ 23 فیصد ہے۔ نجی شعبے کا یہ حصہ مالی سال 2023-24 کے 21 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2024-25 میں 23 فیصد ہوا ہے، جو ملک کے دفاعی ڈھانچے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

صنعت کے سرکاری اور نجی دونوں شعبوں نے سال بہ سال مسلسل ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کا سہرا دور رس پالیسی اصلاحات، کاروبار میں آسانی اور گزشتہ دہائی میں مقامی تیاری پر اسٹریٹجک توجہ کو جاتا ہے۔ مالی سال 2024-25 میں ڈی پی ایس یوز کی پیداوار میں 16 فیصد اور نجی شعبے کی پیداوار میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ ریکارڈ کامیابی، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آتم نربھر بھارت مہم کے تحت دفاعی مالسازی میں خود کفالت کے لیے حکومت کی کوششوں کی بڑھتی ہوئی رفتار کو اجاگر کرتی ہے۔ درآمدات پر انحصار کم کرنے اور ایک ایسا دفاعی صنعتی ڈھانچہ قائم کرنے پر زور، مثبت نتائج دے رہا ہے جو نہ صرف بھارت کی ضروریات پوری کرے بلکہ برآمدات کی صلاحیت کو بھی مضبوط کرے۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ دفاعی برآمدات مالی سال 2024-25 میں ریکارڈ سطح 23,622 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ مالی سال 2023-24 کی 21,083 کروڑ روپے کی برآمدات کے مقابلے میں 2,539 کروڑ روپے یا 12.04 فیصد کا اضافہ ہے۔ مستقل پالیسی حمایت، نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت، اور برآمدی صلاحیت کے پھیلاؤ کے ساتھ، بھارت کا دفاعی پیداوار کا شعبہ آئندہ برسوں میں مزید تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

*****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 4435


(Release ID: 2154592)