وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے مغربی بنگال کے درگاپور میں 5,400 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا
آج پوری دنیا وکست بھارت کے لیے ہمارے عزم پر بات کر رہی ہے جو خاص طور پر بنیادی ڈھانچے میں تبدیلیوں کی عکاسی کر تا ہے، جس پر ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی عمارت تعمیر ہو رہی ہے: وزیر اعظم
ہم نے ایک ملک، ایک گیس گرڈ کے وژن پر کام کیا ہے، پردھان منتری اُرجا گنگا پریوجنا بنائی ہے: وزیر اعظم
ہمیں 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانا ہے، ہمارا راستہ ہے - ترقی کے ذریعے بااختیار بنانا، روزگار کے ذریعے خود کفالت اور ردعمل کے ذریعے اچھی حکمرانی: وزیراعظم
Posted On:
18 JUL 2025 5:10PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج درگاپور، مغربی بنگال میں 5,400 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا، افتتاح کیا اور قوم کے نام وقف کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ درگاپور، جو ’’اسٹیل سٹی‘‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، بھارت کی محنت کش افرادی قوت کا ایک بڑا مرکز بھی ہے۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں درگاپور کی نمایاں شراکت کو سراہا اور کہا کہ آج کا دن اس رول کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔جناب مودی نے زور دیا کہ آج شروع کیے گئے منصوبے اس خطے میں رابطہ کاری کو مضبوط کریں گے، گیس پر مبنی ٹرانسپورٹ اور معیشت کو فروغ دیں گے اور درگاپور کی شناخت کو بطور ’’اسٹیل سٹی‘‘ مزید تقویت بخشیں گے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ تمام منصوبے ’’میک اِن انڈیا، میک فار دی ورلڈ‘‘ کے ویژن سے ہم آہنگ ہیں اور مغربی بنگال کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے خطے کے نوجوانوں کے لیے بے شمار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ان تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج دنیا بھارت کے اس عزم کے بارے میں بات کررہی ہے کہ یہ ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا۔ انہوں نے اس عالمی اعتراف کا سہرا بھارت میں جاری انقلابی تبدیلیوں کو دیا، جو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ’’بھارت‘‘ کی بنیاد رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تبدیلیوں کا ایک کلیدی پہلو بنیادی ڈھانچہ ہے، جس میں سماجی، جسمانی اور ڈیجیٹل ترقی شامل ہے۔ جناب مودی نے اس ضمن میں کچھ اہم کامیابیاں بیان کیں، جن میں غریبوں کے لیے 4 کروڑ سے زائد پکے مکانات ، کروڑوں بیت الخلا کی تعمیر، 12 کروڑ سے زائد نل کے ذریعے پینے کے پانی کے کنیکشن کی فراہمی، ہزاروں کلومیٹر طویل نئی سڑکیں اور قومی شاہراہیں، نئی ریلوے لائنیں، چھوٹے شہروں میں ہوائی اڈوں کا قیام اور ہر گاؤں اور ہر گھر تک انٹرنیٹ کی رسائی شامل ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جدید بنیادی ڈھانچے بھارت کی ہر ریاست بشمول مغربی بنگال کو فائدہ پہنچا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے مغربی بنگال میں ریل رابطے میں ہونے والی بے مثال ترقی کی جانب بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال ان ریاستوں میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ وندے بھارت ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کولکتہ میٹرو کی تیزی سے توسیع، نئی ریلوے لائنوں کی تعمیر، دوہری پٹریوں کے منصوبے اور بجلی کاری جیسے جاری کاموں کا ذکر کیا۔مزید برآں، جناب مودی نے بتایا کہ کئی ریلوے اسٹیشنوں کی جدت طرازی کی جارہی ہے اور بڑی تعداد میں ریلوے پل تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج مغربی بنگال میں دو مزید ریلوے پل کا افتتاح کیا گیا ہے اور کہا کہ یہ تمام کوششیں بنگال کے عوام کی زندگیوں کو بہتر، آسان اور خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اس خطے کے ہوائی اڈے کو ’’اُڑان‘‘ اسکیم سے منسلک کیا جا چکا ہے اور نشاندہی کی کہ صرف گزشتہ ایک سال میں اس سہولت کے ذریعے 5 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسا بنیادی ڈھانچہ نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ان منصوبوں میں استعمال ہونے والے خام مال کی تیاری کے عمل سے بھی نمایاں طور پر روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 سے 11 برسوں میں بھارت نے گیس کنیکٹیویٹی کے شعبے میں بے مثال ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دہائی کے دوران ایل پی جی کنکشنز ملک بھر کے گھروں تک پہنچے ہیں، جس سے بھارت کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ انہوں نے حکومت کے ویژن ’’ایک ملک، ایک گیس گرڈ‘‘ پر جاری کام اور ’’پردھان منتری اُرجا گنگا یوجنا‘‘ کے آغاز کا ذکر کیا۔ اس اسکیم کے تحت مشرقی بھارت کی چھ ریاستوں بشمول مغربی بنگال میں گیس پائپ لائنز بچھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد صنعتوں اور گھریلو کچن تک سستی پائپ گیس کی فراہمی ہے، تاکہ گاڑیاں سی این جی پر چل سکیں اور صنعتیں گیس پر مبنی ٹیکنالوجی اپنا سکیں۔وزیر اعظم نے اطمینان کا اظہار کیا کہ درگاپور کا صنعتی علاقہ اب نیشنل گیس گرڈ کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اس علاقے کی صنعتوں کو فائدہ دے گا بلکہ مغربی بنگال کے تقریباً 30 لاکھ گھروں کو سستی پائپ گیس فراہم کرے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ لاکھوں خاندانوں، خاص طور پر ماؤں اور بہنوں، کی زندگیوں میں آسانی لائے گا اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ درگاپور اور رگھوناتھ پور کے بڑے اسٹیل اور پاور پلانٹس کو جدید ٹیکنالوجی سے بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سہولیات میں تقریباً 1,500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ پلانٹس اب پہلے سے کہیں زیادہ مؤثر، کارآمد اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے ان کامیاب منصوبوں کی تکمیل پر بنگال کے عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چاہے ہندوستان کے کارخانے ہوں یا اس کے کھیتوں میں، ہر کوشش ایک ہی عزم کے ساتھ چل رہی ہے ، جو 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے ۔ جناب مودی نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا کہ ان اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے، مغربی بنگال کو ہندوستان کے ترقی کے سفر کا ایک مضبوط انجن بنایا جائے گا۔
مغربی بنگال کے گورنر ڈاکٹر سی وی۔ آنند بوس، مرکزی وزراء شری ہردیپ سنگھ پوری، شری شانتنو ٹھاکر، ڈاکٹر سکانت مجمدار اس تقریب میں دیگر معززین کے ساتھ موجود تھے۔
پس منظر
وزیر اعظم نے تیل اور گیس، بجلی، سڑک اور ریل کے شعبوں کو درکار ضرورتوں کو پورا کرنے والے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، افتتاح کیا اور قوم کے نام وقف کیا۔
خطے میں تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے ایک ہم پیشرفت میں وزیر اعظم نے بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ(بی پی سی ایل) سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) پروجیکٹ کا مغربی بنگال کے بنکورا اور پورولیا ضلع میں تقریباً 1,950 کروڑ روپے مالیت کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ گھروں، تجارتی اداروں اور صنعتی صارفین کو پی این جی کنکشن فراہم کرے گا اور خردہ مراکز پر سی این جی فراہم کرے گا اور خطے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔
وزیر اعظم نے درگاپور-ہلدیہ قدرتی گیس پائپ لائن کے درگاپور سے کولکاتہ سیکشن (132 کلومیٹر) کو بھی قوم کے نام وقف کیا، جو کہ پردھان منتری ارجا گنگا (پی ایم یو جی) پروجیکٹ کے نام سے مشہور جگدیش پور-ہلدیہ اور بوکارو-دھامرا پائپ لائن کے ایک حصے کے طور پر بچھائی گئی ہے۔ درگاپور تا کولکاتہ سیکشن جس کی لاگت 1,190 کروڑ روپے سے زیادہ ہے، مغربی بنگال کے پوربا بردھمان، ہگلی اور نادیہ کے اضلاع سے گزر رہی ہے۔ اس پائپ لائن نے اپنے نفاذ کے مرحلے کے دوران براہ راست اور بالواسطہ روزگار فراہم کیا اور اب اس خطے کے لاکھوں گھروں کو قدرتی گیس کی فراہمی میں سہولت فراہم کرے گی۔
سب کے لیے صاف ہوا اور صحت کی حفاظت کے اپنے عہد کے مطابق، وزیر اعظم نے 1,457 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے درگا پور اسٹیل تھرمل پاور اسٹیشن اور دامودر ویلی کارپوریشن کے رگھوناتھ پور تھرمل پاور اسٹیشن کے آلودگی پر قابو پانے کے نظام-فلو گیس ڈیسلفورائزیشن (ایف جی ڈی) کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ یہ صاف ستھری توانائی کی پیداوار اور خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرکے خطے کو فائدہ پہنچائے گا۔
خطے میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے پرولیا میں 390 کروڑ روپے سے زیادہ کی پرولیا – کوٹشیلا ریل لائن (36 کلومیٹر) کو ڈبل کرنے کا کام بھی قوم کے نام وقف کیا۔ یہ جمشید پور، بوکارو اور دھنباد سے رانچی اور کولکاتہ کے ساتھ صنعتوں کے درمیان ریل رابطے کو بہتر بنائے گا اور مال گاڑیوں کی موثر نقل و حرکت، سفر کے وقت کو کم کرے گا اور صنعتوں اور کاروباروں کے لیے لاجسٹک کو بہتر بنائے گا۔
وزیر اعظم نے پچھم بردھمان کے توپسی اور پانڈبیشور میں 380 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے سیتو بھارتم پروگرام کے تحت تعمیر کیے گئے دو روڈ اوور برجز (آر او بی) کا افتتاح کیا۔ اس سے رابطہ بہتر ہوگا اور ریلوے لیول کراسنگ پر حادثات کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
*******
ش ح ۔ ش ب۔ م الف
U. No. 2884
(Release ID: 2145872)
Read this release in:
Odia
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Malayalam