وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بہار کے سیوان میں 5200 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیااور سنگ بنیاد رکھا


بہار خوشحال ہوگا اور ملک کی خوشحالی میں بھی بڑا کردار ادا کرے گا: وزیر اعظم

پچھلی دہائی میں ریکارڈ 25 کروڑ بھارتیوں نے غربت کو شکست دی: وزیر اعظم

بہار ’میڈ ان انڈیا‘ کا ایک بڑا مرکز بن جائے گا، آج مڑھورا لوکوموٹو فیکٹری کا پہلا انجن افریقہ کو برآمد کیا جا رہا ہے: وزیر اعظم

Posted On: 20 JUN 2025 3:04PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج بہار کے سیوان میں 5200 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ تمام حاضرین کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے بابا مہندر ناتھ اور بابا ہنس ناتھ کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوہگڑا دھام کی مقدس موجودگی کو سراہا ۔ انہوں نے ماں تھوے بھوانی اور ماں امبیکا بھوانی کو نمن کیا ۔ وزیر اعظم نے ملک کے پہلے صدر دیش رتن ڈاکٹر راجندر پرساد اور لوک نائک جے پرکاش نارائن کی یاد کو خراج تحسین پیش کیا۔

سیون کو بھارت کی جدوجہد آزادی کی ایک متاثر کن سرزمین قرار دیتے ہوئے جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ اس سرزمین نے ملک کی جمہوریت کو بااختیار بنایا ہے اور آئین کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سیوان نے ملک کو ڈاکٹر راجندر پرساد کی شکل میں ایک عظیم بیٹا دیا، جنہوں نے آئین کا مسودہ تیار کرنے اور ملک کی سمت کی رہنمائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے عظیم سماجی مصلح برج کشور پرساد کی شکل میں سیوان کے تعاون کو بھی سراہا، جنہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی ۔

جناب مودی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ایسی عظیم شخصیات کے مشن کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی طرف سے مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام ان مسلسل کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ ترقیاتی اقدامات بہار کی، روشن مستقبل کی سمت رہنمائی کریں گے اور ایک خوشحال ریاست کی تعمیر میں معاون ثابت ہوں گے وزیر اعظم نے کہا کہ اسی پلیٹ فارم سے ہزاروں کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیااور سنگ بنیاد رکھا گیا۔ جناب مودی نے کہا کہ یہ پروجیکٹ سیوان، ساسارام، بکسر، موتیہاری، بیتیا اور آرا جیسے خطوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ان اقدامات سے غریبوں، محروموں، دلتوں، مہادلتوں، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ برادریوں کی زندگیاں آسان ہوں گی اور ان منصوبوں کے لیے بہار کے لوگوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔

یہ بتاتے ہوئے کہ وہ ابھی غیر ملکی دورے سے واپس آئے ہیں، جناب مودی نے بتایا کہ دورے کے دوران انہوں نے دنیا کے کچھ سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی رہنما بھارت کی تیز رفتار ترقی سے بہت متاثر ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ رہنما بھارت کو دنیا کے تیسرے سب سے بڑے اقتصادی پاور ہاؤس کے طور پر ابھرتے ہوئے دیکھتے ہیں اور اس بات کی تصدیق کی کہ بہار اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ بہار کے لوگوں کی طاقت اور صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ’’ایک خوشحال بہار ملک کی مجموعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا‘‘ ۔ وزیر اعظم نے ریاست میں لاقانونیت کے دور کو ختم کرنے کے لیے لوگوں کی ستائش کی۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ بہار میں آج کے نوجوان دو دہائیاں پہلے کی ریاست کی حالت کو صرف قصوں کہانیوں کے ذریعے جانتے ہیں۔ اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ وہ بدانتظامی کے اس دور میں ہونے والی خرابی کی حد کو پوری طرح سے نہیں سمجھ سکتے ہیں، جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ بہار، جس نے صدیوں تک بھارت کی ترقی کی قیادت کی، ایک زمانے میں پچھلی حکومتوں کی گرفت کی وجہ سے جبری ہجرت کی علامت بن گیا تھا۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بہار کے ہر باشندے کے لیے عزت نفس سب سے اہم ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ میرے بہاری بھائی اور بہنیں قابل ذکر لچیلے پن کا مظاہرہ کرتے ہیں اورانتہائی مشکل حالات میں بھی کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ کبھی بھی اپنی عزت نفس سے سمجھوتہ نہیں کرتے۔ تاہم، وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے بہار کے وقار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے بے تحاشہ بدعنوانی کرنے والی ان حکومتوں کی نکتہ چینی کی، جنھوں نے غربت کو بہار کی بدقسمتی بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد چیلنجوں کے باوجود جناب نتیش کمار کی قیادت میں موجودہ حکومت بہار کو دوبارہ ترقی کی راہ پر لے آئی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ پچھلے 10-11 سال میں بہار میں تقریبا 55,000 کلومیٹر دیہی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1.5 کروڑ سے زیادہ گھروں کو بجلی کے کنکشن فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 1.5 کروڑ گھروں کو پانی کے کنکشن ملے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ریاست بھر میں 45,000 سے زیادہ کامن سروس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔انھوں نے اس بات کو اجاگر کیاکہ اب بہار کے چھوٹے شہروں میں نئے اسٹارٹ اپس ابھر رہے ہیں۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بہار کی ترقی کی رفتار میں مسلسل تیزی آرہی ہے، جناب مودی نے خبردار کیا کہ پچھلی لاقانونیت کے ذمہ دار عناصر اب حکومت اور بہار کے اقتصادی وسائل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا موقع تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ان لوگوں کودور رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، جو خوشحال بہار کےسفر کو پٹری سے اتارنے کے لیےتیار ہیں،بہار کے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ بہت محتاط رہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اگرچہ ملک نے طویل عرصے سے غربت کے خاتمے کے نعرے سنے ہیں، لیکن ان کی حکومت نے یہ بتادیا ہے کہ غربت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ جناب مودی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ’’پچھلی دہائی میں ریکارڈ 25 کروڑ بھارتیوں نے غربت پر قابو پالیا ہے‘‘ نیز انھوں نے اس کا ذکر کیا کہ عالمی بینک جیسے عالمی شہرت یافتہ اداروں نے بھارتیوں کی کامیابی کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار اور خاص طور پر جناب نتیش کمار کی حکومت نے اس قومی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس سے قبل، وزیر اعظم نے کہا، بہار کی نصف سے زیادہ آبادی انتہائی غربت کے زمرے میں آتی ہے۔ تاہم، پچھلے دس برسوں میں بہار میں تقریبا چار کروڑ لوگ غریبی سے باہر آئے ہیں۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آزادی کے کئی دہائیوں بعد بھی لاکھوں لوگ محنت کی کمی کی وجہ سے غریب نہیں رہے، بلکہ اس وجہ سے کہ ان کے پاس آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں تھا، جناب مودی نے اس کا سبب پچھلی حکومت کے تحت دیرینہ لائسنس راج قرار دیا، جس نے ملک کو غریب رکھا۔ انہوں نےکہا کہ اس دوران، ہر خدمت اور موقع سخت کوٹہ پرمٹ سسٹم کا پابند تھا، جس کے لیے چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے بھی منظوری لینی پڑتی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے دور میں غریبوں کو مکانات نہیں ملتے تھےاور راشن بچولیے لے جاتے تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حفظان صحت غریبوں کی پہنچ سے باہر تھی اور تعلیم اور روزگارکے لیےمسلسل جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔ وزیر اعظم نے تبصرہ کیا کہ شہریوں کو صرف بجلی یا پانی کے کنکشن  کے لیے سرکاری دفتروں کے چکر لگانے پڑتے تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک گیس کنکشن حاصل کرنے کے لیے رکن پارلیمنٹ کی سفارش کی ضرورت ہوتی تھی اور رشوت یا اثر و رسوخ کے بغیر ملازمتیں نہیں ملتی تھیں ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ اس نظام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے لوگ بنیادی طور پر دلت، مہادلیت، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ برادریوں کے لوگ تھے، جناب مودی نے کہا کہ اگرچہ ان طبقات کو یہ خواب دکھائے گئے تھے کہ ان کی غریبی ختم ہوجائے گی، لیکن اس عمل میں کچھ کنبے کروڑ پتی اور ارب پتی بن گئے۔

جناب مودی نے کہا ،’’گزشتہ 11 سال میں ہماری حکومت غریبوں کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے پرعزم رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں اب واضح اور اثر انگیز نتائج سامنے آرہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ سے زیادہ غریب کنبوں کو سرکاری اقدامات کے تحت پکے مکانات حاصل ہوئے ہیں اور آئندہ سالوں میں مزید 3 کروڑ مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ اس پیش رفت سے بہار کے غریبوں، دلتوں، مہادلتوں، پسماندہ طبقات اور انتہائی پسماندہ کنبوں کو نمایاں فائدہ پہنچا ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت صرف اسی ریاست میں 57 لاکھ سے زیادہ پکے مکانات بنائے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیوان ضلع میں غریبوں کے لیے پہلے ہی 1.10 لاکھ سے زیادہ مکانات تعمیر کیے جاچکے ہیں اور اس بات کی تصدیق کی کہ یہ کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں آج 50,000 سے زیادہ کنبوں کے لیے مکان کی قسطیں تقسیم کی گئیں ۔ جناب مودی نے اس بات پر خاص اطمینان کا اظہار کیا کہ ان میں سے زیادہ تر مکانات ماؤں اور بہنوں کے نام پر درج ہیں۔ انہوں نے فخر کے ساتھ کہا کہ جن خواتین کے پاس کبھی اپنے نام پر جائیداد نہیں تھی، وہ اب فخر سے گھر کی مالک بن رہی ہیں۔

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ حکومت نہ صرف مکان فراہم کر رہی ہے بلکہ غریبوں کو مفت راشن، بجلی اور پانی کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ملک بھر میں 12 کروڑ سے زیادہ نئے گھروں کو نل کے پانی سے جوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سیوان ضلع میں 4.5 لاکھ سے زیادہ کنبوں کو پہلی بار نل کا پانی ملا ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ حکومت ہر دیہی گھر میں نل کے کنکشن اور شہری علاقوں میں پینے کے مناسب پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس کا ذکر کیا کہ حالیہ برسوں میں بہار کے مختلف شہروں میں متعدد پائپ لائن اور سیوریج ٹریٹمنٹ پروجیکٹوں پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب درجنوں مزید قصبوں کے لیے نئی پائپ لائن اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا۔’’ان تمام پروجیکٹوں سے غریب اور متوسط طبقے کے کنبوں کے معیار زندگی میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔‘‘

پچھلی حکومت کے ٹریک ریکارڈ کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ ان حکومتوں کے اقدامات مسلسل بہار مخالف اور سرمایہ کاری مخالف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارٹیاں جب بھی ترقی کی بات کرتی ہیں تو لوگوں کو بند دکانیں، رکے ہوئے کاروباراور نقصان کی شکارصنعتیں یاد آجاتی ہیں۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ایسی پارٹیاں بہار کے نوجوانوں کا اعتماد کبھی نہیں جیت سکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پارٹیوں نے تاریخی طور پر خستہ حال بنیادی ڈھانچے، مافیا کی حکمرانی، لاقانونیت اور بدعنوانی کو فروغ دیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بہار کے باصلاحیت نوجوان زمینی سطح پر کیے جانے والے کاموں کا قریب سے مشاہدہ کررہے ہیں اور ان کاجائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بہار میں این ڈی اے کے ترقیاتی ماڈل کی ایک بہترین مثال کے طور پر مڑھورا لوکوموٹو فیکٹری کا حوالہ دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مڑھورا فیکٹری میں تیار ہونے والا پہلا انجن افریقہ کو برآمد کیا جا رہا ہے، جو ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیکٹری سرن ضلع میں واقع ہے، جسے کبھی پچھلی حکومت نے پسماندہ قرار دے دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہی ضلع عالمی مینوفیکچرنگ اور برآمدی نقشے پر اپنی جگہ بنا چکا ہے۔ بہار کے ترقی کے انجن کو روکنے کے لیے پچھلی حکومتوں کی نکتہ چینی کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات کو جاگر کیاکہ بہار میں بنایا گیا انجن اب افریقہ میں ٹرینوں کو کھینچے گا اور یہ بڑے فخر کی بات ہوگی۔ وزیر اعظم نے اس پختہ اعتماد کا اظہار کیا کہ بہار ’میڈ ان انڈیا‘ مینوفیکچرنگ کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکھانہ، پھل اور سبزیاں جیسی مقامی پیداوار نہ صرف بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچے گی بلکہ بہار کی فیکٹریوں میں تیار ہونے والی اشیاء کی مانگ عالمی سطح پر بھی ہوگی۔ جناب مودی نے کہا ،’’بہار کے نوجوانوں کی تیار کردہ مصنوعات آتم نربھر بھارت کے وژن کو مضبوط کریں گی۔‘‘

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بہار میں تیار کیا جا نے والا جدید بنیادی ڈھانچہ ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ پورے بہار میں سڑکوں، ریلوے، ہوائی سفر اور آبی گزرگاہوں میں بے مثال سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو مسلسل نئی ٹرینیں مل رہی ہیں جن میں جدید ترین وندے بھارت ٹرینیں بھی شامل ہیں۔ جناب مودی نے ایک اہم سنگ میل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ساون کے آغاز سے پہلے بابا ہریہر ناتھ کی سرزمین کو اب نئی وندے بھارت ایکسپریس کے ذریعے بابا گورکھ ناتھ کی سرزمین سے جوڑا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی پٹنہ-گورکھ پور وندے بھارت ٹرین پوروانچل میں بھگوان شیو کے عقیدت مندوں کے لیے سفر کا ایک جدید آپشن پیش کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ٹرین بھگوان بدھ کی تپسیا کی سرزمین اور ان کے مہا پری نروان مقام کشی نگر کے درمیان ایک اہم رابطہ بھی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی کوششوں سے نہ صرف بہار میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کے شعبے کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان پیش رفتوں سے بہار عالمی سیاحت کے نقشے پر اور یادہ نمایاں ہوجائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس کے نتیجے میں بہار کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔

اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ آئین کی روح سب کے لیے مساوی مواقع کو یقینی بنانا اور امتیازی سلوک کو ختم کرنا ہے، جناب مودی نے’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے منتر کے ذریعے اس اصول کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس کا موازنہ پچھلی حکومت کے نقطہ نظر سے کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست ’’کنبہ پہلے‘‘ ترقی پر مرکوز ہے، جو صرف ان کے اپنے مفادات کی تکمیل کرتی ہے۔ انہوں نے اپنے کنبوں کی خاطر بہار اور ملک بھر کے لاکھوں کنبوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے پر ان کی نکتہ چینی کی۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اس طرح کی خاندانی سیاست کے خلاف مضبوطی سے کھڑے رہے۔انھوں نے ان پارٹیوں پر بار بار ان کی میراث کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے ایک اور پارٹی سے متعلق حالیہ واقعے کا حوالہ دیا، جہاں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر کی مبینہ طور پر بے عزتی کی گئی تھی اور یہ کہا کہ معافی کا مطالبہ کرنے والے پوسٹر پورے بہار میں نظر آئے۔ تاہم، انہوں نے اس پر شک ظاہر کیا کہ کوئی معافی کی پیشکش کی جائے گی اور کہا کہ یہ پارٹیاں در حقیقت دلتوں اور مہادلتوں کا احترام نہیں کرتیں۔ جناب مودی نے کہا کہ اگرچہ پچھلی حکومتیں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر کو اپنے پیروں پر رکھتی ہیں، لیکن وہ(جناب مودی) ڈاکٹر امبیڈکر کو اپنے دل میں رکھتے ہیں۔ انہوں نے ان حکومتوں پر الزام لگایا کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کرکے خود کو ان سے بڑے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بہار کے لوگ بابا صاحب کی اس توہین کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بہار کی تیز رفتار ترقی کے لیے ضروری لانچنگ پیڈ جناب نتیش کمار کی کوششوں کے ذریعے پہلے ہی تیار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب یہ ان کے اتحاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر کام کریں اور بہار کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جائیں۔ جناب مودی نے بہار کے نوجوانوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مل کر ریاست کی قدیم شان کو بحال کریں گے اور بہار کو ترقی یافتہ بھارت کے ایک طاقتور انجن بنادیں گے ۔ آخر میں،انہوں نے جاری ترقیاتی اقدامات کے تئیں  اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس تقریب میں بہار کے گورنر جناب عارف محمد خان، بہار کے وزیر اعلی جناب نتیش کمار، مرکزی وزراء جناب راجیو رنجن سنگھ، جناب جیتن رام مانجھی، جناب گری راج سنگھ، جناب چراغ پاسوان، جناب نتیانند رائے، جناب رام ناتھ ٹھاکر، ڈاکٹر راج بھوشن چودھری ، جناب ستیش چندر دوبے سمیت دیگر معززین موجود تھے۔

پس منظر

بہار میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو مزید تقویت دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے سیوان میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔

خطے میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے 400 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے نئے ویشالی-دیوریا ریلوے لائن پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور اس روٹ پر ایک نئی ٹرین سروس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ مزید برآں، شمالی بہار میں کنیکٹوٹی کو ایک مزید تقویت دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے پاٹلی پتر اور گورکھپور کے درمیان مظفر پور اور بیتیا کے راستے وندے بھارت ایکسپریس کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

‘‘میک ان انڈیا-میک فار دی ورلڈ’’ کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزیر اعظم نے جمہوریہ گنی کو برآمد کرنے کے لیے مڑھورا پلانٹ میں بنائے گئے جدید ترین انجن کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ اس فیکٹری میں تیار کیا جانے والا پہلا برآمدی انجن ہے۔ وہ ہائی ہارس پاور انجن، ایڈوانسڈ اے سی پروپلشن سسٹم، مائکرو پروسیسر پر مبنی کنٹرول سسٹم، ایرگونومک کیب ڈیزائن اور ری جنریٹو بریکنگ جیسی ٹیکنالوجیز سے لیس ہیں۔

دریائے گنگا کے تحفظ اور احیا کے لیے اپنے عزم کے مطابق، وزیر اعظم نے نمامی گنگا پروجیکٹ کے تحت خطے کے لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 1800 کروڑ روپے سے زیادہ کے چھ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس (ایس ٹی پیز) کا افتتاح کیا۔

وزیر اعظم نے بہار کے مختلف قصبوں میں 3000 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور ایس ٹی پیز کا سنگ بنیاد رکھا جس کا مقصد ان قصبوں کے شہریوں کو پینے کاصاف اور محفوظ پانی فراہم کرنا ہے۔

خطے میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے بہار میں 500 میگاواٹ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (بی ای ایس ایس) کی صلاحیت کا سنگ بنیاد رکھا۔ مظفر پور، موتیہاری، بیتیا، سیوان سمیت ریاست کے 15 گرڈ سب اسٹیشنوں پر اسٹینڈ ایلون بی ای ایس ایس نصب کیا جا رہا ہے۔ ہر سب اسٹیشن میں نصب کی جانے والی بیٹری کی صلاحیت 20 سے 80 میگاواٹ کے درمیان ہے۔ اس سے پہلے سے ذخیرہ شدہ بجلی کو گرڈ میں واپس ڈال کر کمپنیاں زیادہ شرحوں پربجلی خریدنے سے بچ جائیں گی جس سے صارفین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم نے بہار میں پی ایم اے وائی یو کے 53,600 سے زیادہ مستفیدین کو پہلی قسط بھی جاری کی۔ وہ پی ایم اے وائی یو کے 6,600 سے زیادہ تیار مکانات کی گرہ پرویش تقریب کے موقع پر چند مستفیدین کو چابیاں بھی حوالے کریں گے۔

*********

ش ح۔ک ح ۔م الف

U. No-1936


(Release ID: 2138063)