امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر برائے امدادِ باہمی جناب امت شاہ نے آج احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-171 کے جائے حادثہ کا دورہ کیا
پورا ملک اس افسوسناک سانحے پر صدمے میں ہے جن خاندانوں نے اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا، پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے
حکومتِ ہند، حکومتِ گجرات، اور وزیر اعظم کی جانب سے، میں ان تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھودیا ہے
حکومتِ ہند اور حکومتِ گجرات مشترکہ طور پر امدادی اور بچاؤ کے کاموں میں پوری طرح مصروف ہیں
جناب شاہ نے اسپتال میں زخمی اور زندہ بچ جانے والے ایک مسافر سے ملاقات کی
جاں بحق افراد کی سرکاری تعداد صرف ڈی این اے جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی جاری کی جائے گی
جائے حادثہ پر پہنچنے والے لواحقین کے ڈی این اے نمونے لینے کا عمل بھی آئندہ دو سے تین گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا
ہوابازی کے محکمے نے فوری طور پر حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے
Posted On:
12 JUN 2025 11:58PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر برائے امدادِ باہمی جناب امت شاہ نے آج احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کےجائے حادثے کا دورہ کیا۔وزیر داخلہ نے اس موقع پر مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جناب رام موہن نائیڈو، گجرات کے وزیراعلیٰ جناب بھوپندر پٹیل، اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اہم میٹنگ بھی منعقد کی، جس میں امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔



میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایئر انڈیا کی پرواز نمبراے آئی -171 کے افسوسناک حادثے پر پورا ملک صدمے میں ہے، اور اس سانحے میں جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کو کھویا ہے، ملک کا ہر شہری ان کے ساتھ کھڑا ہے۔جناب امت شاہ نے کہا کہ حکومتِ ہند، حکومتِ گجرات اور وزیر اعظم کی جانب سے وہ ان تمام افراد کے لیے گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اس حادثے میں اپنی جانیں گنوائیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکومتِ گجرات نے فوری طور پر تمام ہنگامی اداروں کو الرٹ کر دیا، جن میں محکمہ صحت، فائر بریگیڈ، پولیس محکمہ، اور حکومتِ ہند کے سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایفس) شامل ہیں، اور تمام متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکومتِ ہند اور حکومتِ گجرات ان کارروائیوں میں مکمل طور پر ایک ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔جناب امت شاہ نے بتایا کہ طیارے میں مجموعی طور پر 230 مسافر اور 12 عملے کے ارکان سوار تھے، جن می ملک کے اور بیرون ملک کے مسافر شامل تھے۔ وزیر داخلہ نے اسپتال میں حادثے میں زخمی اور زندہ بچ جانے والے فرد سے ملاقات بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کی سرکاری تعداد صرف ڈی این اے جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی جاری کی جائے گی۔ جائے حادثہ پر پہنچنے والے لواحقین کے ڈی این اے نمونے لینے کا عمل آئندہ دو سے تین گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔جناب شاہ نے یہ بھی کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ان مسافروں کے اہل خانہ کو جو بیرون ملک مقیم ہیں، مطلع کر دیا گیا ہے، اور ان کے ڈی این اے نمونے بھارت پہنچنے پر حاصل کیے جائیں گے۔



مرکزی وزیر داخلہ نے بتایا کہ گجرات کی فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) اور نیشنل فارنسک سائنسز یونیورسٹی(این ایف ایس یو) مشترکہ طور پر ڈی این اے ٹیسٹنگ کا عمل انتہائی کم وقت میں مکمل کریں گے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دی جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہری ہوابازی کے محکمے نے فوری طور پر حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔وزیر داخلہ نے امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں میں شامل تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا۔
-----------------------------------------------------
ش ح۔ ش ت۔ت ا
U-NO -1716
(Release ID: 2136090)