لوک سبھا سکریٹریٹ
دس برکس ممالک کی پارلیمنٹ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سختی سے مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف صفر رواداری کی پالیسی پر تعاون کرنے پر اتفاق کیا
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے براسیلیا میں 11ویں برکس پارلیمانی فورم کا دورہ ختم کیا
ہندوستان نے 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی صدارت سنبھالی
Posted On:
06 JUN 2025 6:49PM by PIB Delhi
نئی دہلی/ براسیلیا 06 جون 2025: 11واں برکس پارلیمانی فورم براسیلیا، برازیل میں 4 سے 5 جون 2025 کو منعقد ہوا، جس میں ہندوستان سمیت تمام 10 رکن ممالک کی پارلیمانوں نے شرکت کی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے کی اور ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی ٹیم بھی موجود تھی۔
اس سال کے فورم میں دس برکس ممالک کی نمائندگی شامل تھی: ہندوستان، برازیل، روس، چین، جنوبی افریقہ، ایران، متحدہ عرب امارات، مصر، ایتھوپیا اور انڈونیشیا۔ ان ممالک کی پارلیمانوں کے وفود نے کانفرنس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مشترکہ اعلامیہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا 6 جون 2025 کو براسیلیا، برازیل میں 11ویں برکس پارلیمانی فورم کی اختتامی تقریب میں
گہری بات چیت اور غور و خوض کے متعدد دوروں کے بعد، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذمے دارانہ استعمال، عالمی تجارت اور معیشت، بین الپارلیمانی تعاون، عالمی امن اور سلامتی جیسے اہم عالمی مسائل پر ایک وسیع اتفاق رائے پایا گیا۔
مختلف مسائل پر ہندوستان کے موقف کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا اور اسے متفقہ طور پر حتمی مشترکہ اعلامیہ میں شامل کیا گیا۔ خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی ٹھوس پالیسی کا بھر پور اعتراف کیا گیا۔ ہندوستان نے واضح طور پر تمام دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی اور دہشت گردی کے تئیں صفر روا داری کی پالیسی اپنانے کی پر زور وکالت کی۔
مشترکہ اعلامیہ میں ہندوستان کے شہر پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اراکین پارلیمنٹ نے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی طور پر کارروائی کرنے پر اتفاق کیا۔ جناب برلا نے دہشت گرد تنظیموں کی مالی مدد کو روکنے، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانے، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے اور تحقیقات اور عدالتی عمل میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ہندوستان کے نقطہ نظر اور قیادت کو خاص طور پر تسلیم کیا گیا اور برکس پارلیمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ عالمی امن اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تمام رکن ممالک کی فعال شرکت ضروری ہے۔ جناب اوم برلا نے اپنے خطاب میں خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون، ایک منصفانہ اور متوازن بین الاقوامی نظم، تکنیکی اختراع میں شرکت، اور جمہوری تبادلے کے سلسلے میں مختلف کلیدی موضوعات پر ہندوستان کے مضبوط اور واضح موقف کو مؤثر طریقے سے پیش کیا۔

ہندوستان نے اگلے برکس پارلیمانی فورم کی صدارت سنبھالی
کانفرنس کے اختتام پر، ہندوستان کو اگلے سال 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی میزبانی سونپی گئی اور لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا کو باضابطہ طور پر اس کی صدارت سونپی گئی۔
ہندوستان اب برکس پارلیمنٹ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ نقطہ نظر کو آگے بڑھانے میں ایک فعال کردار ادا کرے گا۔

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا 6 جون 2025 کو براسیلیا، برازیل میں 11ویں برکس پارلیمانی فورم کی اختتامی تقریب میں
ہندوستانی پارلیمانی وفد کی قیادت جناب اوم برلا، اسپیکر، لوک سبھا کر رہے تھے اور اس موقو پر راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، جناب سریندر سنگھ نگر، ممبر پارلیمنٹ، راجیہ سبھا، جناب وجے بگھیل، ممبر پارلیمنٹ، لوک سبھا، جناب وویک ٹھاکر، ممبر پارلیمنٹ، لوک سبھا، ڈاکٹر شبری بیریڈی، رکن پارلیمنٹ، لوک سبھا، جناب اتپل کمار سنگھ، سکریٹری جنرل، لوک سبھا، جناب پی سی مودی، سکریٹری جنرل، راجیہ سبھا، اور لوک سبھا سکریٹریٹ کے سینیئر افسران موجود تھے۔

لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا 6 جون 2025 کو براسیلیا، برازیل میں 11ویں برکس پارلیمانی فورم کی اختتامی تقریب میں
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 1539
(Release ID: 2134700)